ہتک عزت کیس عدالت کا میشا شفیع کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم

عدالت نے میشا شفیع کیس کی سماعت15 جون تک ملتوی کر دی


محمد ہارون June 08, 2022
ہتک عزت کا دعویٰ 2018 سے زیر التوا ہے(فائل فوٹو)

لاہور: لاہور کی سیشن عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کےدعوے کو ثابت کرنے کے لئے آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ نےگلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔

سیشن عدالت نے حکم جاری کیا کہ گلوکارہ آئندہ سماعت ہر صورت عدالت میں پیش ہوں اور گواہ بھی پیش کریں عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کے بیانات پر جرح کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہتک عزت کا دعویٰ 2018 سے زیر التوا ہے علی ظفر کے وکلا اپنے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کراچکے ہیں، میشا شفیع کے گواہ آئندہ سماعت پر بیانات ریکارڈ کرائیں اور جن گواہوں پر جرح ہونی وہ بھی مکمل کریں۔

اس پر میشا شفیع کے وکیل نے موقف اختیار کہ انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہےتاہم فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع کے وکلا نے سپریم کورٹ کا کوئی حکم پیش نہیں کیا۔

انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کی سیشن عدالت نے میشا شفیع کیس کی سماعت15 جون تک ملتوی کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں