فضل اللہ سجنا گروپوں سے بیک چینل رابطوں کے باعث آئندہ چند روز میں جنگ بندی کا امکان

بیک چینل رابطے پوری طرح سے کامیاب ہوگئے توسجنا اورفضل اللہ گروپوں کے ساتھ آئندہ کچھ دنوں میں سیز فائرہوسکتا ہے


شائق حسین February 23, 2014
مولوی فضل اللہ تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ہیں، فوٹو:اے ایف پی/فائل

حکومت اورطالبان کے کچھ گروپوں کے درمیان موثربیک چینل رابطوں کے باعث آئندہ چنددنوں میں جنگ بندی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق محسود جنگجو اور فضل اللہ گروپ سے رابطے کیے گئے ہیں،محسود جنگجوؤں کی قیادت خان سید سجنا کر رہے ہیں جو جنوبی اور شمالی وزیرستان میں موجود طالبان میں خاصا اثرو رسوخ رکھتے ہیں،البتہ مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے طالبان جن کی قیادت عمر خالد خراسانی کر رہے ہیں اور وزیرستان میں موجود قاری شکیل کی جانب سے امن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جن میں 23 ایف سی اہلکاروں کی شہادت بھی شامل ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس گروپ کے علاوہ وزیرستان میں موجود غیرملکی جنگجو جن میں ازبک شدت پسند نمایاں ہیں بھی قیام امن کے عمل کے خلاف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ فضائی حملوں میں ان کو پوری شدت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اگر بیک چینل رابطے پوری طرح سے کامیاب ہوگئے توسجنا اورفضل اللہ گروپوں کے ساتھ آئندہ کچھ دنوں میں سیز فائرہوسکتا ہے البتہ تحریک طالبان مہمند،ازبک و دیگر غیرملکی شدت پسندوں کے خلاف فضائی حملے جاری رہ سکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے اشتراک سے شمالی وزیرستان میں ہونے والے فضائی حملے اپنے اہداف کو ختم کرنے کے حوالے سے بہت موثر ثابت ہوئے ہیں، ان حملوں میں فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے استعمال کیے گئے ہیں، جنگی طیاروں کو اپنے اہداف انتہائی درستی سے نشانہ بنانے والے بموں سے لیس کیا گیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |