اسلام آباد ایئرپورٹ پر رن وے کیساتھ ٹیکسی ٹریک بنانے کی منظوری

دھندمیں بھی فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کیلیے نظام نصب کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت


فیاض ولانہ February 20, 2014
دھندمیں بھی فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کیلیے نظام نصب کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت فوٹو : فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے معاونِ خصوصی برائے ایوی ایشن ڈویژن شجاعت عظیم کی درخواست پر اسلام آباد ایئر پورٹ کے رن وے کے ساتھ ٹیکسی ٹریک بنانے، لاہور ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے اور دھند کے آئندہ سیزن سے قبل لاہور ایئر پورٹ پر دھند کے دوران بھی کامیابی سے فلائٹس آپریٹ کرنے کا خصوصی نظام نصب کرنے کی اصولی منظوری دیدی ہے۔

شجاعت عظیم نے بدھ کو وزیر اعظم ہائوس میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انھیں ایوی ایشن ڈویژن بالخصوص پی آئی اے کی بہتری کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے قومی ایئر لائن کی تعمیر نو کیلیے شجاعت عظیم کی جانب سے شروع کئے گئے ہنگامی اقدامات اور ان کے مثبت نتائج برآمد ہونے پر ان کی تعریف کی۔

شجاعت عظیم نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پی آئی اے کو نئے جہازوں کی فوری ضرورت ہے جس کیلیے قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں ٹینڈرزکی طلبی کے اشتہارات دے دیے گئے ہیں، 10 نئے جہازوں کی خریداری کیلیے 5 مارچ کو ٹینڈرز کھولے جائیں گے، وزیر اعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر فوری طور پر رن وے کیساتھ ایک ٹیکسی ٹریک بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہاں لینڈ کرنیوالے جہاز موجودہ رن وے کو ہی ٹیکسی ٹریک کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جس سے وقت ضائع ہونے کے باعث کم تعداد میں فلائٹس لینڈ کرتی ہیں۔ وزیر اعظم نے رن وے کیساتھ ٹیکسی ٹریک کی فوری تعمیر کی منظوری دی جبکہ لاہور ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے پر بھی کام کے آغاز کی بھی منظوری دی، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ لاہور ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے میں اس ایئر پورٹ کے ماسٹر پلان کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں