سعید اجمل ایشیا کپ میں شاندار پرفارمنس کیلیے تیار

اچھی فارم میں اورفٹ ہوں،ڈومیسٹک میچ میں عمدہ بولنگ سے شکوک دور کر دیے، اسپنر


Fawad Hussain February 14, 2014
اچھی فارم میں اورفٹ ہوں،ڈومیسٹک میچ میں عمدہ بولنگ سے شکوک دور کر دیے، اسپنر۔ فوٹو: فائل

سعید اجمل ایشیا کپ میں شاندار پرفارمنس کیلیے تیار ہیں، وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ میں جاری مسائل سے لاتعلق قومی پلیئرز نے رواں ماہ شیڈول ایشیا کپ پر نظریں جمالی ہیں، ٹیم کو بنگلہ دیش میں25 فروری سے براعظم کے ہم عصروں سے ٹائٹل کے دفاع کی جنگ لڑنا ہے۔ اسپنر سعید اجمل بھی پانچ قومی ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل کے خواہاں ہیں،بیشتر پاکستانی کھلاڑی ان دنوں ٹوئنٹی 20 کپ میں حصہ لے رہے ہیں، چند ہفتے قبل سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے کہا تھا کہ سعید کو کیریئر میں اضافے کیلیے کرکٹ سے وقفہ لینا چاہیے، ان کے مطابق سری لنکا کیخلاف وہ تھکے ہوئے دکھائی دیے۔ جنوبی افریقی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے صرف6میچز میں 15 وکٹیں لینے والے 36 سالہ اسپنر نے ان شکوک وشبہات کو مسترد کر دیا۔

نمائندہ 'ایکسپریس ٹریبیون' کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میں سو فیصد فٹ اور اچھی فارم میں ہوں۔ ملک میں جاری ٹی20 کپ میں فیصل آباد وولفز کی جانب سے لاہورکیخلاف3 وکٹیں لینے پر انھیں مین آف دی میچ قراردیا گیا تھا۔ سعید اجمل کہتے ہیں کہ میں سمجھتا ہوں اس کارکردگی نے تمام شکوک ختم کردیے ہیں۔ اسپنر سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کچھ غیر موثر دکھائی دیے اور تین میچز میں صرف 10 وکٹیں حاصل کرسکے تھے۔ سعید اجمل نے کہا کہ ایسا ہر کرکٹر کے ساتھ ہوتا ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اب میں فارم میں واپس آچکا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ میں ایشیا کپ کا بے چینی سے منتظر ہوں، یہ سخت حریفوں کے باعث ایک دلچسپ ٹورنامنٹ ثابت ہوگا، میں بھارت کیخلاف اچھی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں، اس کے پاس ایک اچھی بیٹنگ لائن موجود ہے، ایونٹ میں میرا اصل مقصد عمدہ بولنگ سے اپنی ایک روزہ رینکنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں