چوہدری نثار نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور 3 ناراض وزرا میں صلح کرادی

وزیراعلیٰ ارکان کے تحفظات دور، وزرا صوبائی حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں، وزیر داخلہ


Iftikhar Chohadary February 12, 2014
وزیراعلیٰ ارکان کے تحفظات دور، وزرا صوبائی حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں، وزیر داخلہ۔ فوٹو: فائل

وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اوران سے ناراض 3 صوبائی وزرا کی صلح کرادی ہے۔

وزیرداخلہ نے وزیراعلیٰ سے کہاہے کہ وہ وزرا کے تحفظات دورکریں اوروزرا سے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی واضح ہدایت ہے کہ کوئی وزیرمستعفی ہوگانہ ہی بلوچستان حکومت کوکمزورکرنے والاکوئی اقدام کرے گا،وہ وزیراعلیٰ کے ہاتھ مضبوط کریں اورمل جل کرصوبہ کی ترقی کے لیے اپنی توانائیاں وقف کردیں،ذرائع نے بتایاکہ وزیرداخلہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کوملاقات کی درخواست کی تھی جس پروزیراعلیٰ نے منگل کوان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ وفاقی حکومت بلوچستان کی حکومت کی انتظامی اورسیاسی حمایت جاری رکھے گی۔سیکیورٹی ادارے ،وفاقی انٹیلی جنس ادارے اوروفاقی حکومت صوبہ میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کے لیے ملکر کام کریں گے اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی حکومت کی مکمل حمایت کریں گے۔وزیرداخلہ نے مزید کہاکہ ن لیگ کے بعض وزرا اور مشیروں کے تحفظات دورکیے جائینگے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔دونوں رہنمائوں نے اس بات پراطمینان کااظہارکیاکہ پچھلے 3 ماہ میں بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ ماسوائے مستونگ میں زائرین پرحملہ جوافسوسناک ہے۔وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے قریبی سیاسی رابطہ برقراررکھنے اورایک دوسرے کے تحفظات دورکرنے پراتفاق کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں