بینک صارفین کی بینکوں کی خدمات سے متعلق شکایات بڑھ گئیں

بینکنگ محتسب کو 9 ماہ کے دوران 27500 شکایات موصول، 24326 نمٹادیں


Kashif Hussain October 06, 2021
40 فیصد شکایات کا تعلق اے ٹی ایمز، الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفر اور ای کامرس سے تھا ۔ فوٹو : فائل

ڈیجیٹل ادائیگیوں، ای کامرس اور آن لائن بینکاری کی سہولت کے استعمال کے ساتھ بینک صارفین کی بینکوں کی خدمات سے متعلق شکایات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

بینکنگ محتسب کو گذشتہ سال جنوری تا دسمبر 2020کے دوران بینکوں سے متعلق صارفین کی 24750شکایات موصول ہوئی تھیں تاہم رواں سال پہلے 9 ماہ میں ہی شکایتوں کی تعداد 27500تک پہنچ چکی ہے۔ بینکوں کی خدمات سے متعلق صارفین کی 40فیصد کے لگ بھگ شکایات کا تعلق اے ٹی ایمز، الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفر اور ای کامرس سے متعلق ہیں۔

بینکنگ محتسب نے گذشتہ عرصہ کی چار ہزار شکایتوں کو شامل کرکے جولائی تا ستمبر 2021کی تیسری سہ ماہی میں صارفین کی 31700شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے 24326شکایات کو نمٹادیا۔رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بینکنگ محتسب نے صارفین کی بینکوں سے متعلق شکایات کی شنوائی کرتے ہوئے صارفین کو بینکوں سے 47کروڑ روپے کا ریلیف دلوایا جبکہ گزشتہ سال کے 12 مہینوں میں صارفین کو 58کروڑ روپے کا ریلیف دلوایا گیا تھا۔

ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں، ای کامرس اور آن لائن بینکنگ کی سہولت کے استعمال کا رجحان بڑھنے کے ساتھ ہی صارفین کی بینکوں سے متعلق شکایات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ پہلی ششماہی تک بینکنگ محتسب کو ملنے والی شکایات گذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 80فیصد تک زائد رہی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں