سندھ سیاحتی مقامات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقی دینے کا فیصلہ

ابتدائی طور پر کینجھر اور ہالیجی جھیل پر نجی شعبے کے تعاون سے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، محمد علی کھوسو


عبدالرزاق ابڑو September 19, 2021
ابتدائی طور پر کینجھر اور ہالیجی جھیل پر نجی شعبے کے تعاون سے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، محمد علی کھوسو (فوٹو : فائل)

سندھ میں سیاحتی مقامات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبہ سندھ میں ماحولیاتی سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں، ایسے متعدد مقامات موجود ہیں جو ماحولیاتی سیاحت کے لیے موزوں ہیں، مذکورہ مقامات مقامی اور بیرونی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن سکتے ہیں، حکومت سندھ نے ایسے مقامات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ترقی دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ ٹوئرازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد علی کھوسو نے ایکسپریس کو بتایا کہ صوبے میں ماحولیاتی سیاحت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے شروع کیے جائیں، اس ضمن میں ابتدائی طور پر کینجھر اور ہالیجی جھیل پر نجی شعبے کے تعاون سے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فزیبلیٹی تیار کرنے کے لیے کنسلٹنٹ کے انتخاب کا عمل شروع کیا گیا ہے، امید ہے کہ آئندہ 4 سے5ماہ میں فزیبلٹی تیار کردی جائے گی جس کے بعد کینجھر اور ہالیجی جھیل پرپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دونوں جھیلیں انتہائی خوبصورت ہیں جہاں مختلف ممالک سے پرندے آتے ہیں، کینجھر پر ہر ماہ کراچی حیدرآباد اور دیگر شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ گھومنے آتے ہیں، کینجھر اور ہالیجی پر زیادہ سہولیات مہیا کرنے سے ماحولیاتی سیاحت کو مزید ترقی ملے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |