محرم الحرام کورونا وبا کے باوجود نذر و نیاز کا سلسلہ مزید بڑھ گیا

حلیم کی تیاری کے لیے دکان سے دیگیں اور سامان روانہ کیا جارہا ہے۔


عامر خان August 19, 2021
حلیم کی تیاری کے لیے دکان سے دیگیں اور سامان روانہ کیا جارہا ہے ۔ فوٹو : فائل

کورونا کی چوتھی لہر کے باوجود کراچی میں محرم الحرام میں نذر ونیاز کا سلسلہ مزید بڑھ گیا ہے۔

شہریوں کی بڑی تعداد حلیم پکوان سینٹرز سے تیار کرانے کے علاوہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ازخود بھی تیار کرتے ہیں یہ نیاز 10 محرم کو آج جمعرات کو تقسیم ہوگی اس عمل سے شہریوں کو عارضی روزگار بھی حاصل ہوتا ہے، شہر میں نذرو نیاز کے حوالے سے حلیم کی تیاری کے لیے کئی پکوان سینٹرز کے مالکان نے پیشگی بکنگ بند کردی۔

شہری بھی ازخود 9 محرم کی شب نیاز حسینؓ کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر حلیم تیار کرکے غربا اور مساکین میں تقسیم کریں گے، حلیم کی بڑے پیمانے پر تیاری کے باعث شہر میں دیگوں کی قلت ہوگئی دیگوں کا یومیہ کرایہ 1000 سے1500 روپے تک پہنچ گیا ہے، 9 محرم کی شب لاتعداد حلیم کی دیگیں مختلف علاقوں اور پکوان سینٹرز پر تیار کی جائیں گی۔

نیازحسینؓ کے حوالے سے شربت کی تقسیم


10محرم کو شہر کے مختلف علاقوں میں نیاز حسین کے حوالے سے مختلف اقسام کے شربت تقسیم کیے جاتے ہیں، یہ شربت محلوں گلیوں کے علاوہ شاہراہوں سڑکوں اور عوامی مقامات پر تقسیم کیے جاتے ہیں، شہر بھر میں شربت کی تقسیم 7 محرم سے شروع ہوجاتی ہے ۔

حلیم کی تیاری کے لیے گوشت اور اجناس کی دکانوں پر رش


نیاز حسین میں حلیم کی تیاری کے لیے شہریوں بڑی تعداد گوشت، اجناس اور دیگر سامان خریداری کی لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں واقع گوشت اور اجناس کی دکانوں پر رش رہا، اس حوالے حلیم تیار کرنے والے باروچی محمد ساجد کا کہنا ہے کہ اجناس اور گوشت کی قیمتوں میں 15 سے 25 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

نذرونیاز کا سلسلہ 28صفرتک جاری رہتاہے

محرم الحرام میں نذرو نیاز کے حوالے مقامی ڈیکوریشن کے مالک محمد ندیم نے بتایا کہ محرم الحرام میں نذرو نیاز کا سلسلہ یکم محرم سے شروع ہوجاتا ہے جو 28 صفر تک جاری رہتا ہے، حلیم کی تیاری کے آرڈرز میں اضافہ ہوا، دیگوں کی قلت ہوگئی ہے، ڈیکوریشن مالکان کو دیگوں کا آرڈرز پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

حلیم کی دیگوں کی کھپت کو پور اکرنے کے لیے لاتعداد دیگیں گوجرانوالہ سے منگوائی گئی ہیں، آرڈرز زیادہ ہونے کے باعث شہریوں کیلیے دیگوں کا حصول مشکل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے دیگوں کا یومیہ ایک ہزار سے 1500 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ حلیم کو گھوٹنے کیلیے استعمال ہونیوالے لکڑی کے گھوٹے کی قیمت سے بڑھ کر 300 تک پہنچ گئی ہے،اس کا یومیہ کرایہ 150 روپے ہوگیا ہے، حلیم کی تیاری میں استعمال ہونے والے کف گیر ( لوہے کا بڑا چمچہ) کی قیمت بھی 1500 روپے تک ہوگئی ہے، یومیہ کرایہ 120 روپے ہو گیا ہے۔

حلیم کی تیاری کے دوران استعمال ہونے والے لوہے کے ٹب کی قیمت بھی 5 ہزار اور یومیہ کرایہ 200 روپے ہوگیا،حلیم کی تیاری میں استعمال ہونے والے لوہے کے چولہے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا، یہ چولہا 800 روپے کا ہوگیا ہے، اس کا یومیہ کرایہ 120 روپے ہوگیا ہے، 9 محرم کی شب نیاز حسینؓ کے سلسلے میں لاتعداد حلیم کی دیگیں تیار کی جائیں گی، حلیم کی نیاز کا سلسلہ یکم محرم سے 28 صفر تک جاری رہتا ہے۔

حلیم کی دیگ 8 سے 10 ہزارروپے میں تیارہونے لگی

حلیم تیار کرنے والے ساجد نے بتایا کہ کھپت میں اضافے کے باعث محرم میں حلیم کی دیگ کی 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تک تیار ہورہی ہے تک پہنچ گئی ہے انھوں نے بتایا کہ حلیم کی تیاری کے بڑے پکوان سینٹرز اسلم روڈ ، لیاقت آباد ، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال ، کھارادر ، ملیر ،کورنگی اور دیگر علاقوں میں ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ حلیم کی تیاری اب دستی کے بجائے مشینی گھوٹے کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے، اس کا یومیہ کرایہ 500 روپے ہے 10 محرم کو مجالس اور نیاز حسین میں ڈیکوریشن کا مختلف سامان بھی استعمال ہوتا ہے اس کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے سامان کی قلت ہے۔

10محرم کو بریانی، پلاؤ، کھیراوردیگر اشیا تقسیم کی جائیں گی

نیاز حیسن کے حوالے سے 10 محرم الحرام کو بریانی، چنا پلائو، آلو چاول،کھیر، دال روٹی، قورمہ اور دیگر کھانے پینے کی اشیا تقسیم کی جائیں گی، 9 محرم کو بھی شہر میں بڑے پیمانے پر نیاز تقسیم ہوئی، 10محرم میں نیاز کی تیاریوں کے لیے پکوان سینٹرز پر بکنگ کا عمل بند ہوچکا ہے اس کے علاوہ نیاز کے حوالے سے بڑی تعداد میں شیر مال، تافتان اور دیگر اقسام کی روٹی بھی تقسیم کی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں