خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

بکری تحفہ میں ملنا
نعیم الحسن، منڈی بہائوالدین

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے کسی رشتے دار نے ہمارے لئے تحفتاً ایک بہت صحت مند بکری بھیجی ہے، میری بیوی اس کو دیکھ کے بہت ناراض ہو رہی ہے کہ ہم کہاں رکھیں گے اور اس سے تو بہتر ہے کہ بیچ دیا جائے۔ مگر مجھے وہ بہت پسند آتی ہے اور میں سختی سے کہتا ہوں کہ نہیں میں خود اس کی دیکھ بھال کر لوں گا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی رحمت سے آپ کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا ۔ نیک نامی میں اضافہ ہو گا جو کاروبار یا نوکری یا پھر گھریلو سطح پہ بھی ہو سکتا ہے۔ آپ صلہ رحمی سے کام لیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

دوستوں کے ساتھ دعوت کھانا
احسان الحق، حیدر آباد

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کہیں کسی خوبصورت سی جگہ پہ موجود ہوں اور ہم سب کھانا کھانے کے لئے اس جگہ آئے ہیں ۔ پھر ایک آدمی آتا ہے اور میرے سامنے ایک خوان رکھ دیتا ہے جس میں تیتر تلے ہوئے رکھے ہوتے ہیں ۔ میں اپنے دوستوں کو بھی اس میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں اور ہم سب اس کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور انتہائی مزے لے کر کھاتے ہیں اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

آموں کا باغ
نصیر الدین، سکھر
خواب ؛ میں نے خواب دیکھا کہ میں آموں کے باغ میں ہوں اور درخت سے آم توڑ کر کھا رہا ہوں اور اپنے گھر والوں کو بھی توڑ توڑ کر دیتا ہوں، وہ سب بھی بہت مزے لے لے کر کھاتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں کوئی خوشخبری آنے والی ہے ۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابند ی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

سفر میں دعوت میں شرکت
عبدالقدیر ، پشاور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں بس میں کہیں جا رہا ہوں ، راستے میں اچانک بس خراب ہونے پر دوسری سواریوں کے ساتھ میں بھی وقت گزارنے کو ٹہلتا ہوا کھیتوں کی طرف نکل جاتا ہوں ۔ وہاں کچھ آدمی بیٹھے کھانا کھا رہے ہوتے ہیں ۔ سلام دعا کے بعد وہ مجھے اپنے ساتھ کھانے میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں جو کہ میں قبول کر لیتا ہوں کھانا ہوتا تو سادہ ہے مگر بے حد لذیذ جس کا ذائقہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ دل میں مسلسل خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ھم کو یہ نعمت دی۔ وہ خوشی، سکون اور مزہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبییر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ، کاروبار میں وسعت ہو گی اور برکت بھی۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

نیا گھر خریدنا
رضیہ خان، سرگودھا

خواب : میں نے دیکھا کہ ہم نیا گھر لیتے ہیں اور خوشی خوشی سب رشتے داروں کو دکھانے کے لئے لے کر جاتے ہیں ۔ سب کو ہی بہت پسند آتا ہے مگر میری نند کے چہرے پہ وہ خوشی نہیں ہوتی جو وہ اظہار کرنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے۔ اتنی دیر میں میرے میاں اپنے بھائی کو سارا گھر دکھا کے لاتے ہیں تو میری نظر ان کے پاوں پہ پڑتی ہے جہاں انسانی گندگی لگی ہوتی ہے اور شدید بو آ رہی ہوتی ہے۔ میں پیچھے دیکھتی ہوں تو سارے سفید فرش پہ جا بجا گندگی کے نشان پڑے ہوتے ہیں۔ بس اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: یہ خواب اللہ نہ کرے پریشانی و حرام مال کو ظاہر کرتا ہے ۔کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاہرہ کریں ۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں۔ ہو سکے تو حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کریں ۔

کڑوے اخروٹ
محمد شہباز، گوجرانوالہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں موسم کے لحاظ سے خشک میوہ جات خریدنے اپنے دوست کے ساتھ بازار آتا ہوں اور ہم دونوں مختلف چیزیں خریدتے ہیں۔ میں زیادہ تر اخروٹ لیتا ہوں ۔ گھر آ کے جب ہم ان کو کھانے لگتے ہیں تو وہ سب انتہائی کڑوے ہوتے ہیں جن کو کھانا ناممکن ہوتا ہے۔ میں ایک کے بعد ایک توڑتا چلا جاتا ہوں مگر کوئی ایک بھی ٹھیک نہیں نکلتا سب کے سب انتہائی کڑوے ہوتے ہیں۔

تعبیر: یہ خواب مالی معاملات میں پریشانی کو ظاہر کرتا ہے۔ غیر ضروری اخراجات یا اصراف اس کا سبب ہو سکتا ہے۔کاروبار میں بھی رقم بلاک ہونے کا احتمال ہے۔ اس سے اللہ نہ کرے کہ قرض تک کی نوبت آ سکتی ہے۔ آپ حلال روزی کا اہتمام کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ صدقہ و خیرات بھی حسب توفیق کرتے رہا کریں ۔

دانتوں کی بیماری
شاہد حمید، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کالج جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں، اچانک میری نظر اپنے دانتوں پر پڑتی ہے جو کہ بہت گندے اور خراب نظر آ رہے ہوتے ہیں ۔ میں یہ دیکھ کر کافی پریشان ہوتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ مجھے فوراً کسی ڈاکٹر کے پاس جا کر دانت چیک کرانے چاہئیں، اس کے بعد مجھے یاد نہیں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری آ جائے جس کی وجہ سے آپ پریشان ہو سکتے ہیں ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ محفل مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

سانپ حملہ کرتا ہے
آصفہ جلیل، شیخوپورہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے صحن میں صفائی کر رہی ہوں ۔ وہاں جو کونے میں درخت ہے اس کے نیچے دھوتے ہوئے اچانک کوئی چیز میرے اوپر گرتی ہے جس سے میں ایک دم بہت خوفزدہ ہو جاتی ہوں۔ دیکھتی ہوں تو وہ ایک پتلا سا کالا سانپ ہوتا ہے جو میری طرف لپکتا ہے۔ میں تیزی سے جھاڑو اس کی طرف پھینکتی ہوں مگر وہ اس کو لگتا نہیں اور وہ تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میری ٹانگ پہ اچھل کے کاٹ لیتا ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا جس سے آپ کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد کیا کریں ۔کوشش کریں کہ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ صبح بعد از فجر اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصرمن اللہ و فتح قریب پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھے ۔

پہاڑی مقام کی سیر
علم دین، ناروال

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی پہاڑی مقام کی سیر کرنے آیا ہوا ہوں ۔ وہاں بہت خوبصورت پہاڑ ہیں اور قدرتی نظاروں کی بہتات ہوتی ہے۔ ایک دن میرا ایک دوست ہم سب کو ٹریکنگ کرنے لے جاتا ہے ۔

تین سے چار گھنٹوں کی چڑھائی کے بعد ہم کو ایک چھوٹا سا قدرتی جنگل دکھائی دیتا ہے جس کے بیچوں بیچ ایک ندی بہہ رہی ہوتی ہے وہاں کچھ ہرن پانی پی رہے ہوتے ہیں۔ میں ان کی تصویر اتارتا ہوں اور اپنی جیب سے چھلی نکال کر ہرن کے چھوٹے بچے کی طرف بڑھاتا ہوں جو وہ میرے ہاتھ سے ہی کھا لیتا ہے۔

یعنی انسانوں سے مانوس دکھائی دیتے ہیں۔ پھر جب ہم چلنا شروع کر دیتے ہیں تو وہ بچہ ہمارے پیچھے پیچھے آنا شروع ہو جاتا ہے۔ میرے دوست کہتے ہیں کہ چونکہ میں نے اس کو چھلی دی تھی اس لئے وہ اور لینے کے لئے میرے پیچھے آ رہا ہے۔ میرے پاس اور تو کچھ دینے کے لئے نہیں ہوتا بس میں اس کو پیار کرتا ہوں اور آگے چل پڑتا ہوں ۔ مگر وہ مسلسل میرے پیچھے آتا رہتا ہے۔ میں اپنے دوستوں کو کہتا ہوں کہ یہ اب میرا ہو گیا ہے تو میں اس کو ساتھ اپنے گھر لے جائوں گا جس پہ وہ سب میرا خوب مذاق اڑاتے ہیں ۔

تعبیر : بہت اچھا خواب ہے جو کہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی و فضل سے جلد ہی کوئی خوشخبری ملے گی اور حلال طریقے سے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ مالی طور پہ مستحکم ہوں گے۔ چاہے کاروباری وسائل ہوں یا نوکری میں آسانی ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو حسب استطاعت صدقہ و خیرات کیا کریں۔

پرندے کی طرح اڑنا
واصف علی، خانیوال

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی چھت پہ کھڑا ساتھ رہنے والے دوست سے باتیں کر رہا ہوں اور ہم دونوں آسمان کا پیارا سا رنگ دیکھ کر کافی خوش ہو رہے ہوتے ہیں۔ میرا دوست مجھے کہتا ہے کہ ہم پیرا گلائیڈنگ کرتے ہیں اور جہاں اس کی کلاسسز ہوتی ہیں ادھر جا کہ معلومات حاصل کرتے ہیں۔ میں اس بات پر اپنے دوست کو کہتا ہوں کہ میں تو کافی دفعہ آسمان کی سیر کر چکا ہوں۔ یہ کہہ کر میں بازو پھیلاتا ہوں اور اوپر کی طرف ایک پرندے کی طرح اڑنا شروع کر دیتا ہوں۔ میرا دوست اس پہ کافی حیران ہوتا ہے، مگر مجھے بہت مزہ آ رہا ہوتا ہے۔ میں کافی دیر ایسے ہی ہوا میں تیرتا رہتا ہوں، پھر اذان کی آواز سن کے اتر آتا ہوں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی۔ علم و حکمت ملے گی۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھ کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

صبح کی سیر
محمد کامران ، تلہ گنگ

خواب : یہ خواب میرے ابو نے دیکھا کہ وہ اپنے گاوں چچا کے گھر رہنے کے لئے گئے ہوئے ہیں۔ وہاں صبح کو کھیتوں کی سیر کے لئے جاتے ہیں تو ان کی نظر راستے میں بیٹھے دو سانپوں پہ پڑتی ہے جو کہ راستہ روک کے کچھ اس طرح پڑے ہوتے ہیں کہ کچی سڑک سے گزرنا ممکن نہیں ہوتا ۔ میرے ابو ڈنڈے سے ان کو ہلانے کی کوشش کرتے ہیں تا کہ گزرنے والوں کو پریشانی نہ ہو اور یہ سانپ کھیتوں کی طرف نکل جائیں ۔ مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہوتے بلکہ ڈنڈا لگنے سے ان میں غصہ کے جذبات پیدا ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد ابو کو نہیں یاد کہ وہ ہٹا پائے یا خود ادھر سے چلے گئے۔ برائے مہربانی اس کی کچھ تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا کسی کے دھوکے یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے مگر اللہ کی مہربانی سے آپ اس پریشانی سے چھٹکارہ پا لیں گے۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں۔

سانپوں سے ڈرنا
ناصرہ خان، مانسہرہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں اکیلی ہوں، سب گھر والے کسی شادی پہ گئے ہوئے ہیں۔ میں اپنی ہمسائی کو بلا لیتی ہوں تا کہ تنہائی کا احساس نہ ہو۔ اچانک میری نظر فرش پہ پڑتی ہے، ادھر ایک کالا سا سانپ رینگ رہا ہوتا ہے ۔ میں یہ دیکھ کے بہت ڈر جاتی ہوں اور چیخیں مارنا شروع کر دیتی ہوں۔ اس پہ میری ھمسائی فوراً اپنا جوتا اتار کر سانپ کی طرف پھینکتی ہے جس سے وہ کچن کی طرف چلا جاتا ہے۔ میں مارے خوف کے اس کو کہتی ہوں کہ چلو تمھارے گھر چلتے ہیں۔ ادھر کہیں یہ دوبارہ نہ آ جائے۔ مگر دروازے کے پاس زمین پہ مجھے مزید دو چھوٹے سائز کے سانپ نظر آتے ہیں جن کو دیکھ کر میری حالت مزید خراب ہو جاتی ہے ۔

تعبیر: خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی بیماری یا ناگہانی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کسی کے ساتھ خراب تعلقات یا دشمنی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے کہ کسی طاقت ور دشمن سے پالا پڑ سکتا ہے۔ گھر کے کسی فرد کی بیماری کی وجہ سے گھر میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا پھر نوکری یا کاروباری معاملات میں کسی پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مالی معاملات بھی اس سے متاثر ہوں گے ۔ گھر کے سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔کسی منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش کسی مستحق کو دے دیں ۔

بزرگ سے ملاقات
نادیہ وسیم ، کراچی

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی مقابلے میں حصہ لینے کے لئے قرات کی تیاری کر رہی ہوں ۔گھر میں شور سے بچنے اور یکسوئی کی خاطر میں اوپر چھت پر چلی جاتی ہوں۔ وہاں میں تلاوت شروع کر دیتی ہوں۔ اچانک میری نظر ساتھ والی چھت پہ پڑتی ہے وہاں نورانی چہرے والے ایک بزرگ بیٹھے ہوتے ہیں اور مجھے اپنی طرف اشارہ کر کے بلاتے ہیں ۔ میں ان کے پاس جاتی ہوں تو وہ مجھے انہی آیات کا پرنٹ دے کہ کہتے ہیں کہ ایک دو غلطیاں تم کر رہی ہو، اب نہ کرنا ۔ اور وہ پیپر مجھے دے دیتے ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بزرگی عطا ہو گی ۔ علم و حکمت ملے گی ۔ دینی و روحانی معاملات میں ترقی ہو گی ۔گھریلو و کاروباری معاملات میں دشمن پہ فتح نصیب ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور تلاوت قرآن پاک کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

گھر کی صفائی
نسرین بی بی ، مریدکے

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں صفائی کر رہی ہوں جیسے کسی مہمان کی آمد پہ کی جاتی ہے۔ میں اچانک نیچے بچھے میٹ سے الجھ کے نیچے گر جاتی ہوں جس سے میرے ٹخنے پہ شدید چوٹ لگتی ہے جیسے ھڈی کے ٹوٹنے کا درد ہو ، تکلیف کی شدت سے میں نیم بے ہوش ہونے والی ہوتی ہوں ۔ مگر میری والدہ پریشان ہو کر پھٹے ہوئے میٹ کو ہی دیکھتی چلی جاتی ہیں کہ یہ کیسے پھٹ گیا ۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خدانخواستہ کسی کی موت کی خبر بھی ہو سکتا ہے۔گھریلو اور کاروباری یا تعلیمی معاملات میں بھی پریشانی و رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ حسب استطاعت صدقہ و خیرات بھی کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |