مدعیان اور گواہ مقدمات میں ملزمان کی شناخت سے منحرف ہونے لگے

گھر پر ڈکیتی کے ملزمان کیخلاف مدعی کے منحرف ہونے سے ملزمان رہا ہوگئے،ڈکیتوں کیخلاف مدعی بینک منیجر بیان سے منحرف ہوگیا


Arshad Baig January 22, 2014
مدعیان کے عدم شناخت اور گواہوں کے منحرف ہونے سے درجنوں ملزم عدم ثبوت پر رہا، سرکاری وکیل منحرفین کیخلاف کارروائی سے گریزاں فوٹو: اے پی پی/فائل

ڈکیتی اور لوٹ مار میں ملوث ملزمان کو گواہوں اور مدعیان مقدمہ کی جانب سے عدالت میں شناخت نہ کرنے اور گواہی سے منحرف ہونے کے رحجان میں اضافہ ہوگیا ہے۔

جس کے باعث ملزمان عدم ثبوت بری ہورہے ہیں وکیل سرکار منحرف گواہوں اور مدعی مقدمات کے خلاف کارروائی کی استدعا نہیں کررہے، تفصیلات کے مطابق اس وقت ماتحت عدالتوں میں ڈکیتیوں اور لوٹ مار کے الزامات پر مشتمل 10ہزار مقدمات زیر سماعت ہیں، مقدمات میں گواہوں اور مدعیان کی جانب سے ملزمان کو شناخت نہ کرنے اور بیانات سے منحرف ہونے پر درجنوں ملزمان عدالتوں سے بری ہوچکے ہیں اور ملزمان کی عدم شناخت اور گواہوں کے منحرف ہونے کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے، تھانہ سہراب گوٹھ نے ڈکیتی کے الزام میں ملزم محمد خان کو2012میں گرفتار کیا تھا ملزم نے مفرور ساتھیوں شاہ زیب اور نور خان کے ہمراہ مدعی محمد مبین کے گھر میں داخل ہوکر اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی اور فرار ہوتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا، ملزم کے قبضے سے مدعی کا شناختی کارڈ ، نقدی اور پستول بھی برآمد ہوئی، ملزمان کے خلاف تھانہ سہراب گوٹھ میں مدعی محمد مبین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ، گرفتاری کے چشم دید گواہ رانا عبدالرحمن محسن اور محمد اسلم تھے پولیس نے ملزم کے خلاف چالان سیشن جج ملیر محمد یامین کی عدالت میں جمع کرایا ملزم نے ضمانت کی درخواست دائر کی فاضل عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کردی۔



ملزم نے عدالت عالیہ میں اپنے درخواست ضمانت دائر کی جو مسترد کردی گئی فاضل عدالت نے گواہوں اور مدعی مقدمہ کو طلب کیا لیکن دوران سماعت مدعی اور بعدازاں چشم دید گواہوں نے ملزم کی شناخت سے انکار کردیا، وکیل سرکار نے مدعی اور گواہوں کے منحرف ہونے سے متعلق ضابطہ فوجداری کے تحت درخواست دائر کی اور نہ ہی انھیں بیانات سے منحرف قرار دیا، گواہوں اور مدعی کے منحرف ہونے پر فاضل عدالت نے ملزم کو عدم ثبوت پر رہا کردیا، ایک اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بینک ڈکیتی میں گرفتار 4 ڈکیتوں کو بینک منیجر جوکہ خود مدعی مقدمہ ہیں نے شناخت کرنے سے انکار کردیا اور اپنے بیان میں کہا کہ 3 برس گرزنے کے بعد وہ ملزمان کو شناخت نہیں کرسکتا تاہم وکیل سرکار نے مدعی کے منحرف ہونے پر درخواست دائر نہیں کی، ضلع شرقی، غربی اور جنوبی کی عدالتوں میں درجنوں ملزمان گواہوں کی جانب سے عدم شناخت پر بری ہوچکے ہیں لیکن سرکاری وکلا نے مدعی اور گواہوں کیخلاف منحرف ہونے کی کارروائی کی استدعا نہیں کی ہے،گواہوں اور مدعی کی جانب سے مقدمات میں ملزمان کی عدم شناخت کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں