تاریخی نیاز اسٹیڈیم شادی ہال کے بعد کار پارکنگ میں تبدیل

پی سی بی کے سابق عہدیدار کی گاڑی گرائونڈ میں کھڑی کی جانے لگی، حکام کا اظہار لا علمی


Furqan Rajput January 11, 2014
پی سی بی کے سابق عہدیدار کی گاڑی گرائونڈ میں کھڑی کی جانے لگی، حکام کا اظہار لا علمی. فوٹو فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم اور کئی سابق قومی کرکٹرز کی سنہری یادوں سے وابستہ نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد ہیلی پیڈ، شادی ہال اور رہائش گاہ کے طور پر استعمال ہونے کے بعد اب انتظامیہ کی ملی بھگت سے کار پارکنگ میں تبدیل کردیا گیا ۔

نیاز اسٹیڈیم میں پاکستان کی ٹیم نے اب تک 7 ایک روزہ اور 7 ہی ٹیسٹ میچزکھیلے ہیں جن میں نہ صرف قومی ٹیم ناقابل شکست رہی بلکہ کئی سابق ٹیسٹ و انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے یہاں اعلیٰ کارکردگی پیش کر کے کرکٹ کی ریکارڈ بک میں اپنے نام درج کروائے۔ 1982میں جہاں جلال الدین نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچز کی تاریخ کی پہلی ہیٹ ٹرک اسی اسٹیڈیم میں بنائی وہیں سابق مایہ ناز بیٹسمین اور پی سی بی کے ڈی جی جاوید میانداد اور گولڈن آرم کا خطاب پانے والے مدثر نذر نے 1983 میں بھارت کے خلاف اپنے کرکٹ کیریئر کی طویل ترین اننگز اسی گراؤنڈ پر کھیلی جبکہ اس گراؤنڈ کوکرکٹ کی تاریخ کے ایک ہزارویں ٹیسٹ کی میزبانی کا بھی شرف حاصل ہے۔ ماضی میں اسٹیڈیم وی آئی پیزکی حیدرآباد آمد کے موقع پر ہیلی پیڈ بنایا گیا اور یہاں شادی کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں، اب اسٹیڈیم انتظامیہ نے اسے کار پارکنگ میں تبدیل کردیا ہے۔ رات کے وقت پی سی بی کے سابق آر ڈی ایم عبدالحسین شاہ عملے کی ملی بھگت سے اپنی گاڑی نمبر اے ٹی ایم 834 اسٹیڈیم کے اندر نیو پویلین کے نیچے کھڑی کرتے ہیں ۔



ذرائع نے بتایا کہ سابق آر ڈی ایم کی گاڑی کافی عرصے سے یہاں کھڑی کی جارہی ہے، اسٹیڈیم انتظامیہ اور حیدرآباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار اس سے باخبر ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں پی سی بی انڈر19 کے راؤنڈ میچ میں بھی سابق آر ڈی ایم کی گاڑی اسٹیڈیم کے اندرکھڑی تھی جسے ٹاس کے بعد نکالا گیا تاہم گاڑی کی موجودگی سے کھلاڑیوںکو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ اسٹیڈیم کرکٹ کے علاوہ کسی اور کامکے لیے استعمال کیا جارہا ہو اس سے قبل بھی انتظامیہ کی ملی بگھت سے نیاز اسٹیڈیم میں تعینات کیوریٹر اور اسسٹنٹ کیوریٹر نے پی سی بی سے ملنے والی تنخواہ میں ہزاروں روپے ہاؤس رینٹ کے باوجود اسٹیڈیم کو رہائش گاہ میں تبدیل کردیا تھا جس کی ایکسپریس کی جانب سے نشاہندہی کے باوجود نہ تو پی سی بی انتظامیہ اور اعلیٰ افسران نے عملے اور نہ ہی منیجر کے خلاف کوئی کارروائی کی تھی۔اس حوالے سے جب حیدرآباد ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر میر سلیمان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے نہ صرف حیرت اور لا علمی کا اظہارکیا بلکہ یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنے اختیارات میں رہتے ہوئے گاڑی کھڑی کرنے کے حوالے سے تحقیقات کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قوانین کے مطابق گاڑی اندرکھڑی نہیں کی جاسکتی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں