آسان ہوم کنڈیشنز میں بیٹسمینوں کی فارم چمک اُٹھی

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاری کیلیے منعقدہ پہلے انٹرا اسکواڈ میچ میں رنز کے انبار لگ گئے، فخرزمان کی سنچری۔


Express News/Sports Reporter March 23, 2021
دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاری کیلیے منعقدہ پہلے انٹرا اسکواڈ میچ میں رنز کے انبار لگ گئے، فخرزمان کی سنچری۔ (فوٹو: پی سی بی )

ISLAMABAD: آسان ہوم کنڈیشنز میں بیٹسمینوں کی فارم چمک اٹھی جب کہ دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاری کیلیے منعقدہ پہلے انٹرا اسکواڈ میچ میں رنز کے انبار لگ گئے۔

دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاریوں کیلیے تربیتی کیمپ 19مارچ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے،اس دوران کھلاڑی بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ فٹنس میں بہتری لانے کیلیے بھی سرگرم ہیں،انھیں گرم موسم کا بھی مقابلہ کرنا پڑا،اتوار کو کرکٹرز نے آرام کیا تھا، گذشتہ روز ایک روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کیلیے کھلاڑیوں کو 2ٹیموں میں تقسیم کیا گیا۔

شاداب خان کی زیر قیادت الیون میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد حفیظ، سرفراز احمد، دانش عزیز، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، وسیم جونیئر، ارشد اقبال، شاہنواز دھانی، عماد بٹ اور فیصل اکرم شامل تھے۔بابر اعظم کی کپتانی میں امام الحق حیدر علی، بابر اعظم،محمد رضوان،سعود شکیل،فہیم اشرف،آصف علی،عثمان قادر،محمد عمران، حارث رؤف،محمد حسنین،خوشدل شاہ،زاہد محمود اور نسیم شاہ میدان میں اترے۔

تربیتی کیمپ کے گذشتہ دنوں کی بانسبت پیر کو موسم خاصا خوشگوار رہا، افق پر بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی،ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی، بیٹسمینوں نے آسان کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رنز کے انبار لگائے، شاداب الیون نے 320رنز کا ہدف 6وکٹ پر حاصل کیا۔

فخر زمان نے فاتح ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا، اوپنر نے ابتدا میں تو تحمل مزاجی کا مظاہرہ کیا، پھر سیٹ ہونے کے بعد کئی دلکش اسٹروکس کھیلے،انھوں نے بولرز کے صبر کا امتحان لیتے ہوئے 82 گیندوں پر 4 چھکوں اور10چوکوں کی مدد سے 109رنز بنائے،پھر دیگر بیٹسمینوں کو پریکٹس کا موقع دینے کیلیے ریٹائرڈ ہوگئے۔

فخرزمان کی طرح سرفراز احمد نے بھی پی ایس ایل کی عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 58کی اننگز کھیلی،قومی اسکواڈ سے ڈراپ عماد وسیم کی جگہ لینے والے محمد نواز43 پر ناقابل شکست رہے، دانش عزیز 39 اور محمد حفیظ 23 رنز بنانے میں کامیاب رہے، فیصل اکرم نے 2 جبکہ حارث رؤف اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، اگرچہ شاداب خان الیون نے ہدف 6وکٹ پر حاصل کرلیا مگر مزید پریکٹس کیلیے 50اوورز مکمل کرائے گئے۔

اس سے پہلے بابر اعظم الیون کی جانب سے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، ٹیم نے 7وکٹ پر 289کا مجموعہ حاصل کیا، امام الحق 91 اور بابر اعظم 83 رنز بناکر ریٹائر ہوئے،سعود شکیل نے40جبکہ حارث رؤف اور محمد رضوان نے23،23رنزکی اننگز کھیلی،شاہ نواز دھانی 3 اور شاہین آفریدی2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

یاد رہے کہ اگرچہ بابر اعظم الیون نے 289رنز بنائے تھے مگر شاداب خان الیون کو بڑا چیلنج دینے کیلیے 320 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا مگر وہ بھی ناکافی ثابت ہوا،کیمپ میں منگل کو آرام کا دن ہے، دوسرا اور آخری انٹرا اسکواڈ میچ بدھ کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم 26مارچ کو خصوصی طیارے کے ذریعے جوہانسبرگ روانہ ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |