اسلام میں خاندانی نظام کی اہمیت

’’اپنے اہل و عیال کو نماز کا حکم دیتے رہو اور خود بھی اس پر قائم رہو۔‘‘


قدسیہ مدثر March 12, 2021
’’اپنے اہل و عیال کو نماز کا حکم دیتے رہو اور خود بھی اس پر قائم رہو۔‘‘ فوٹو : فائل

MOSCOW: معاشرے میں رہن سہن کے لیے انسان تنہا زندگی نہیں گزار سکتا۔ اسی لیے انسانوں کے ساتھ رہنے کا نظام بنایا گیا ہے جو صدیوں سے رائج ہے۔

اس نظام کے تحت انسان کسی معاشرے میں رہنے کے لیے معاشرے میں تعلقات استوار کرتا ہے۔ اپنا گھر بناتا ہے اور پھر اس کا منتظم بن کر اس کے نظام کو احسن طریقے سے چلانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس نظام کو خاندان کہا جاتا ہے۔ اس میں کسی بھی انسان کے قریبی اور خونیں رشتے دار شامل ہوسکتے ہیں۔

اسلام ہماری زندگی کو صرف نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ، جہاد اور دعوت و تبلیغ تک ہی محدود نہیں رکھتا بل کہ یہ ہمیں اُس راستے پر گام زن ہونے کی ہدایت دیتا ہے جس پر انسانیت کے سب سے عظیم محسن نبی کریمؐ تھے، جن کی مبارک زندگی ساری انسانیت کے لیے نمونہ اور اسوہ ہے۔

نبی کریمؐ کی حیات طیبہ کا روشن اور مثالی پہلو یہی ہے کہ انہوں نے صرف نماز و روزہ کی تلقین نہیں کی بل کہ شخصی، خانگی، خاندانی اور انسانی حقوق کے متعلق سب سے بڑھ کر پیغام دیا، کام کیا اور اپنے صحابہؓ کو اس کی تلقین فرمائی۔ اسلام نے نیکی کا جو جامع تصور دیا ہے، اس میں بھی خدمت خلق، حقوق انسانیت، اقرباء پروری، رہن سہن اور معاشرت، ایک لازمی حصہ ہے۔

اﷲ تعالی فرماتے ہیں، مفہوم: ''نیکی صرف یہی نہیں کہ آپ لوگ اپنے منہ مشرق اور مغرب کی طرف پھیر لیں بل کہ اصل نیکی تو یہ ہے کہ کوئی شخص اﷲ پر اور قیامت کے دن پر اور فرشتوں پر اور (اﷲ کی) کتاب پر اور پیغمبروں پر ایمان لائے، اﷲ کی محبت میں (اپنا) مال قرابت داروں، یتیموں، محتاجوں، مسافروں، سوال کرنے والوں اور غلاموں کی آزادی پر خرچ کرے، یہ وہ لوگ ہیں جو نماز قائم کرتے ہیں، زکوۃ دیتے ہیں اور جب کوئی وعدہ کریں تو اسے پورا کرتے ہیں۔ سختی، مصیبت اور جہاد کے وقت صبر کرتے ہیں۔ یہی لوگ سچے ہیں اور یہی متقی ہیں۔'' (البقرۃ)

خاندان، درج ذیل افراد سے تشکیل پاتا ہے: شوہر، بیوی، اولاد، والدین اور دیگر رشتے دار۔اسلام نے ان تمام کے حقوق کی تفصیل بیان کی ہیں، ان کی ادائی کی تاکید کی ہے اور ان کی پامالی سے ڈرایا ہے۔ اسلام خاندان کا وسیع ترین تصور رکھتا ہے۔ ایک مسلم خاندان میں صرف میاں، بیوی اور بچے ہی شامل نہیں ہوتے بل کہ دادا، دادی، نانا، نانی، چچا، چچی، پھوپھیاں، ماموں، خالہ وغیرہ بھی شامل ہوتے ہیں۔

اسلام ایسے خاندان کا ایک تصور پیش کرتا ہے جو حقوق و فرائض اور خلوص و محبت، ایثار و قربانی کے اعلیٰ ترین قلبی احساسات اور جذبات کی مضبوط ڈوریوں سے بندھا ہوا ہو۔ اسلام خاندان سے بننے والے معاشرے کے جملہ معاملات کی اساس اخلاق کو بناتا ہے۔

قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ کا مفہوم ہے: ''اے لوگو! اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تم کو ایک جان دار سے پیدا کیا اور اس جان دار سے تمہارا جوڑا پیدا کیا اور ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں پھیلائیں۔'' (النساء) سورہ الحجرات میں اﷲ تعالی کے فرمان کا مفہوم : ''اور تم کو مختلف قومیں اور مختلف خاندان بنایا تاکہ ایک دوسرے کو شناخت کرسکو، اﷲ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ شریف وہ ہے جو سب سے زیادہ پرہیزگار ہو۔''

اسلام کے نزدیک معاشرے کا بنیادی ادارہ خاندان ہے جس کی بہتری، بھلائی اور ابتری اور بربادی پر معاشرے کی حالت کا انحصار ہوتا ہے۔ اسلام نے خاندان کی طرف خصوصی توجہ دی ہے تاکہ اس ادارے کو مضبوط بنایا جائے اور ایک مضبوط، صالح اور فلاحی معاشرے کا قیام وجود میں آئے جو انفرادی و اجتماعی حقوق و فرائض کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرے۔ اسلام خاندان کی بنیاد پاکیزہ اور مستحکم رکھنے کا حکم دیتا ہے۔

اسلام دین فطرت ہے۔ چناں چہ اسلامی خاندانی اصولوں، قوانین و ضوابط اور اقدار میں اس بات کو قطعی فراموش نہیں کیا گیا کہ بہ حیثیت انسان اس کی فطری خواہشات اور ضروریات کیا ہیں، کیوں کہ انسان کو اﷲ تعالیٰ نے تخلیق کیا ہے چناں چہ وہی جانتا ہے کہ اس کے لیے اس کی فطرت، جبلت اور ضرورت کے مطابق کیا چیز ہو سکتی ہے۔ انسان کے اندر پایا جانے والا صنفی میلان انسانی بقاء اور نسل انسانی کے فروغ کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اس صنفی میلان کے حوالے سے وہ بااختیار ہے کہ ایسے طریقے اختیار کرے جو خاندان کے استحکام کا باعث ہوں یا انتشار کا موجب ہوں۔

اسلام فرد کو اہمیت دیتا ہے لیکن اس کے ساتھ خاندان اور خاندانوں کے باہمی اشتراک سے پیدا ہونے والے قبیلے اور برادری سے تشکیل پانے والی اقوام یا امت کو بھی اہمیت دیتا ہے۔ معاشرے کے ہر دائرے کے حقوق کا تحفظ اور فرائض کا تعین کرتا ہے، یوں اسلامی معاشرے میں ہر اکائی کی اہمیت اپنی جگہ مسلّم ہوتی ہے۔

انسانی زندگی فرد سے شروع ہو کر لہر در لہر پھیلتی چلی جاتی ہے ایک دائرے سے دوسرا پیدا ہوتا ہے اور بالآخر اسلام کا دائرہ یا امت مسلمہ کا دائرہ سب دائروں پر محیط ہو جاتا ہے جس کی وضاحت اس طرح کی جاسکتی ہے: فرد، گھر، معاشرہ اور امت مسلمہ۔ خاندان یا کنبے کا مفہوم اگرچہ کافی وسیع معنوں میں استعمال ہوسکتا ہے یہاں تک کہ اس میں گھر کے خادمین وغیرہ بھی شامل ہوسکتے ہیں لیکن بنیادی طور پر کنبہ میاں بیوی اور اولاد پر مشتمل ہوتا ہے، یہی مفہوم ساری دنیا میں لیا جاتا ہے۔ اس لیے خانگی زندگی پر جب بحث کی جاتی ہے تو اس کے اراکین شوہر، بیوی اور اولاد ہی سمجھتے جاتے ہیں۔

اسلامی نقطۂ نظر سے خاندان کے مقاصد بہت بلند اور اہم ہیں، اس لیے رسول اکرم ﷺ نے اسے نصف دین قرار دیا ہے۔ ہر مسلمان کو نیکی کی ابتداء اپنے گھر سے کرنے کی ہدایت ہے اور اہل خانہ کو قرآن میں بھی ''اہل'' کے نام سے پکارا گیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ کا مفہوم ہے: ''اپنے اہل و عیال کو نماز کا حکم دیتے رہو اور خود بھی اس پر قائم رہو۔''

''اے ایمان والو! خود کو اور اپنے اہل خانہ کو آگ سے بچاؤ۔''

حضرت عبداﷲ ابن عمرؓ فرماتے ہیں، میں نے رسول ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا، مفہوم: ''تم میں سے ہر شخص نگہبان اور ذمے دار ہے اور ہر ایک سے اس کے زیرکفالت و زیرنگرانی افراد سے متعلق پوچھ گچھ ہوگی۔ امام بھی راعی ہے اور ذمے دار ہے۔ اور یہ کہ اس سے اس کی رعیت کے بارے میں بازپرس ہوگی۔ آدمی بھی اپنے گھر کا حاکم ہے اور اس سے بھی زیر دست افراد کے متعلق سوال ہوگا۔ عورت بھی اپنے شوہر کے گھر کی نگراں ہے۔ اس سے بھی اس کے زیرنگرانی امور کے بارے میں بازپرس ہوگی۔'' (بخاری و مسلم)

اسلام نے نکاح کو خاندان کی بنیاد بنایا ہے۔ اسلام نے بدکاری کو حرام اور نکاح کو پسندیدہ قرار دیا ہے کیوں کہ اسلام ایک خاندان کو مضبوط بنیادیں فراہم کرنا چاہتا ہے۔ اسلام کی رُو سے خاندان کی مضبوط بنیاد نکاح کے ذریعے پڑتی ہے۔ چناں چہ وہ اس بنیاد کو خالصتاً خلوص، محبت، پاکیزگی، دیانت داری اور مضبوط معاہدے سے مزین کرنے کا حکم دیتا ہے۔

سورہ روم میں ارشاد باری تعالیٰ کا مفہوم ہے: ''اور اس کی نشانیوں میں سے ایک یہ ہے کہ اس نے تمہارے لیے خود تم ہی میں سے جوڑے پیدا کیے تاکہ تم ان کے پاس سکون حاصل کرو اور اس نے تمہارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کر دی ہے۔''

اسلام کی رُو سے کسی قوم کی بقاء و سلامتی نکاح جیسے پاکیزہ بندھن کی مرہون منت ہے اور اﷲ نے نکاح میں برکت رکھ دی ہے۔ انسانی معاشرے کی تشکیل میں اسلام نے نکاح کو اہم جزو قرار دیا ہے۔ اس طرح کی بے شمار مثالیں ہیں، جن میں شریعت اسلامیہ نے لوگوں کے حقوق، ان کی شناخت اور ترجیحات کا تحفظ کیا ہے تاکہ نظام عالم قائم رہے، معاشرتی اقدار و روایات جاری رہیں اور ہر شخص کی ذاتیات بھی محفوظ رہیں، اسلام کسی بھی ایسے فکر و عمل کی اجازت نہیں دیتا جس سے کسی فرد یا اجتماع کا مفاد متاثر ہوتا ہو۔ اسلام کا مزاج عادلانہ روایات پر قائم ہے جو کسی بھی معاشرے کی بقاء کے لیے لازم و ملزوم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |