ڈومیسٹک کرکٹرزتاحال اپنے واجبات کے منتظر

گھرکا چولہا اسی کمائی سے چلتا ہے مشکلات کا شکارہوگئے،پلیئرز


Abbas Raza November 25, 2020
گھرکا چولہا اسی کمائی سے چلتا ہے مشکلات کا شکارہوگئے،پلیئرز۔ فوٹو: فائل

ڈومیسٹک کرکٹرز کو تاحال واجبات کی ادائیگی نہیں ہوسکی جب کہ اگست میں معاہدوں پر دستخط کرنے والے ابھی تک تنخواہوں کے منتظر ہیں۔

رواں سال پی سی نے 192 ڈومیسٹک کرکٹرزکے ساتھ معاہدے کیے تھے، پہلی بار متعارف کرائی جانے والی اے پلس کیٹیگری کا معاوضہ ڈیڑھ لاکھ روپے رکھا گیا، اے کیٹیگری 85 ہزار،بی 75، سی 65 اور ڈی میں شامل 40ہزار ماہانہ کے حقدار ہیں۔

چند کرکٹرز نے نام ظاہر نہ کرنے شرط پر بتایا کہ اگست میں کنٹریکٹ سائن کیے تھے لیکن تاحال ادائیگیوں کی سلسلے میں کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، کئی کھلاڑیوں کے گھر کا چولہا ہی اس کمائی سے چلتا ہے، اسی لیے پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں، ہم ڈومیسٹک میچز کیلیے بائیو ببل تک محدود ہیں، اس لیے گھر کا نظام چلانے کاکوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کا موقف ہے کہ چند کھلاڑیوں نے مکمل کے بجائے سیزنل کنٹریکٹ کا انتخاب کرنے کا فیصلہ کیا، ان کے سوچنے کی وجہ سے دستخط بھی تاخیر سے ہوئے، اس ضمن میں کارروائی تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے، امید ہے کہ رواں ہفتے کے آخر تک ڈومیسٹک کرکٹرز کے واجبات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ ڈپارٹمنٹس کے ساتھ وابستہ کرکٹرز سمیت کئی کھلاڑیوں نے سیزنل کنٹریکٹ کو ترجیح دی جس کی وجہ سے ان کو ادائیگیاں بھی پالیسی کے مطابق ہونا ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں