زمبابوے سے سیریز قومی اسکواڈ کی آج نقاب کشائی متوقع

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے22یا 23 کرکٹرزکی فہرست جاری ہوگی


Sports Reporter/Abbas Raza October 19, 2020
عبداللہ شفیق، دانش عزیز،صہیب مقصود اور فہیم اشرف کے نام بھی زیرغور فوٹو : فائل

زمبابوے سے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کی نقاب کشائی پیرکو ہونے کا امکان ہے، سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے مجموعی طور پر22یا 23 کرکٹرز کی فہرست جاری کریں گے، دوسری جانب مہمان ٹیم منگل کو پاکستان پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے سے سیریز کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے، موجودہ ہیڈ کوچ اور سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق ون اور ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے 22یا 23 کرکٹرز کے انتخاب کا عندیہ پہلے ہی دے چکے ہیں،ذرائع کے مطابق شعیب ملک، سرفراز احمد اور فخرزمان کو آرام دیا جا سکتا ہے،ہیمسٹرنگ انجری سے بحالی کے لیے کوشاں نسیم شاہ کو میدان میں اتارنے سے گریز کیا جائے گا،محمد موسیٰ کو موقع مل سکتا ہے، عبداللہ شفیق اور دانش عزیز کے ساتھ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ اور فلک بوس چھکوں سے متاثر کرنے والے صہیب مقصود کا نام بھی زیر غور آگیا ہے۔

گذشتہ اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود ایکشن میں نظر نہ آنے والے خوشدل شاہ اس بار بھی شامل ہوں گے، ان کو شعیب ملک کی جگہ پلیئنگ الیون کا حصہ بنانے کا امکان روشن ہوگیا ہے، میچ فٹنس ثابت کرنے والے فہیم اشرف اور وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف کی صلاحیتوں سے بطور اسپیشلسٹ بیٹسمین فائدہ اٹھانے کے بارے میں بھی سنجیدگی سے غور ہو رہا ہے،روحیل نذیر کو ریزرو وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق زمبابوے سے سیریز کے لیے منتخب کرکٹرز کی بائیو سیکیورٹی کے لیے پلان بھی تیار کیا جا رہا ہے،ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کے آپس میں پریکٹس میچز بھی ہوں گے۔دوسری جانب مہمان ٹیم منگل کو اسلام آباد آمد پر قرنطینہ کی مدت پوری کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں