گوجرانوالہ جلسہ کارکنوں پر لاٹھی چارج اور بینر اتار دیے گئے

زبیر چیمہ کے ڈیرے پر دھاوا، کرسیاں، گھوڑیاں اٹھا لیں، ن لیگی گھروں پر چھاپے


لاہور: مریم نواز ’’ ووٹ کو عزت دو پاسبان ‘‘ کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہی ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان ڈیموکریٹک موومینٹ کا گوجرانوالہ میں 16اکتوبرکا جلسہ ناکام بنانے کے لیے صوبائی و مقامی انتظامیہ متحرک ہوگئی جب کہ منڈی بہاؤالدین میں پولیس نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے اکٹھ پرلاٹھی چارج کرکے منتشرکردیا۔

گوجرانوالہ میں جلسہ کے بینر اتارنے پر ایم پی اے نواز چوہان کی پٹیشن پر سینئرسول جج ناصرہ پروین کی عدالت نے ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کو آج طلب کرلیا۔ گوجرانوالہ میں جلسے میں شرکت روکنے کیلئے انتظامیہ نے کارکنوں اورگاڑیوں کی پکڑ دھکڑکی تیاریاں مکمل کرلیں، مختلف مقامات پر کنٹینر پہنچا دیے گئے، شہر میں لگے بینرز اتارلیے گئے۔

مسلم لیگ ن پی پی53کے راہنما زبیر چیمہ کے ڈیرہ پر گوجرانوالہ جلسہ میں شرکت کی تیاری کیلئے ورکرز کنونشن شام تک منعقد نہ ہوسکا، پولیس نے قائدین کے استقبال کیلئے منگوائی گئی رقص کرنے والی گھوڑیاں اور کرسیاں قبضہ میں لے کر تھانہ کینٹ میں بندکردیں۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاسبان رضاکاروں سے ملاقات کی ۔

اس موقع پران کا کہناتھاخوفزدہ حکومت نے پکڑ دھکڑ شروع کر دی تاہم 16اکتوبر کو ہر صورت جلسہ ہو گا، ووٹ کو عزت دو کی تحریک روکے نہیں رکے گی، کارکن گرفتاریوں سے بچیں، کسی غیر متعلقہ شخص اورفون کال کا جواب نہ دیں، اپنے گھروں میں نہ سوئیں، جلسے میں شرکت کیلئے دیگر لوگوں کو لائیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی صوبائی قیادت کا اجلاس گوجرانوالہ میں ہوا ،جس میںالزام لگایاگیا کہ انتظامیہ سرکاری مشینری استعمال کر کے خوف وہراس پیدا جبکہ اظہار رائے کا آئینی و قانونی حق سلب کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔

گوجرانوالہ جلسہ،اپوزیشن نے حکمت عملی طے کرلی

اپوزیشن جماعتوں نے گوجرانوالہ جلسے میں شرکت کیلیے اپنی اپنی حکمت عملی بنالی۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف نئی حکمت عملی کے تحت لاہور سے ریلی کی شکل میں پہنچنے کی بجائے گوجرانوالہ جلسہ گاہ پر پہنچیں گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کھاریاں سے پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے ہمراہ ریلی کی شکل میں 16اکتوبر کو گوجرانوالہ جلسے کے لیے روانہ ہوںگئے ۔ان کے ہمراہ گوجرانوالہ، راولپنڈی، گجرات، جہلم، کھاریاں، سیالکوٹ اور دیگرڈویژن کے دیگر اضلاع سے کارکن ہونگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔