نوازشریف کی تقریر پر ایکشن لینا چاہتے تھے لیکن وزیراعظم نے روک دیا شہبازگل

نوازشریف اور آصف زرداری کرپشن کرکے ایک دوسرے کو بچاتے رہے، معاون خصوصی


ویب ڈیسک September 20, 2020
اپوزیشن والے مل کر این آر او مانگ رہے ہیں، شہبازگل۔ فوٹو:فائل

معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ ہم نوازشریف کی تقریر پر ایکشن لینا چاہتے تھے وزیراعظم نے روک دیا۔

اپوزیشن کی اے پی سی میں نوازشریف کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی تقریر پر ایکشن لینا چاہتے تھے کیوں کہ مفرور مجرم کی تقریر نشر نہیں کی جا سکتی ہے، لیکن وزیراعظم نے روک دیا اور کہا ان کا سب کچھ نشر ہونے دیا جائے، وزیراعظم کا شکرگزار ہوں انہوں نے ہماری بات نہیں مانی، نوازشریف نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے جھوٹ بولا، وہ پہلے دن سے ہی جھوٹ بول رہے ہیں اور اتنے جھوٹ بول چکے ہیں کہ اب ان کی وضاحت بھی نہیں کر سکتے، انہوں نے صرف یہ تقریر کی مجھے کیوں نکالا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نوازشریف نے آصف زرداری سے مل کر مال کھانا شروع کیا، اور مشرف سے این آر او لے کر جدہ بھاگ گئے، نوازشریف اور آصف زرداری کرپشن کرکے ایک دوسرے کو بچاتے رہے، انہوں نے چارٹر آف لوٹ مار پر دستخط کیے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی منی لانڈرنگ کی پیاس بجھ نہیں رہی، یہ وہی لوگ ہیں جو اپنے ساتھ اپنے کھانے اور برتن ساتھ لے کر جاتے تھے، ان کے پتیلے بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے مری جاتے تھے، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ جب سارے چور اکٹھے ہو جائیں تو سمجھ جائیں شہر میں ایماندار تھانیدار آ گیا ہے، دو سالوں میں پانچویں اے پی سی ہو رہی ہے، انہیں کیوں عمران خان سے اتنا خوف ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جھوٹ میں شریف خاندان کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، دبئی ٹاور سے لیکر لندن فلیٹس سب ان کے ہیں، جھوٹے خط دینے پر قطری شہزادے نے بھی پناہ مانگی، ڈاکا زنی پر کسی کو انعام ملا تو آصف زرداری بلامقابلہ منتخب ہوں گے، حساب مانگیں تو کہتے ہیں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔

شہبازگل کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کہا (ن) لیگ کو جب بھی حکومت ملی پاکستان کو کنگال کردیا، آج آل شریف بلاول زرداری کے پاس حاضر ہے، آج شہبازشریف علی بابا چالیس چور کے گھر جا رہے ہیں، رینٹ اے کراؤڈ والے مولانا بھی ان سے ملنے جا رہے ہیں، اپوزیشن والے مل کر این آر او مانگ رہے ہیں، آج ایک بار پھر آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن اکٹھی ہو رہی ہے، آج اے پی سی نہیں کرپٹ اشرافیہ کا گٹھ جوڑ ہونے جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |