ڈومیسٹک سیزن پی سی بی کی انتظامی غفلت سامنے آگئی

 کورونا کلیئرنس کے بغیر ایسوسی ایشن پلیئرز کے فٹنس ٹیسٹ لے لیے گئے


Express News September 14, 2020
پہلا وائرس ٹیسٹ آج خودکرانے کی ہدایت،دوسری جانچ بورڈ بدھ کوکرے گا فوٹو: فائل

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے آغاز سے پہلے ہی پی سی بی کی انتظامی غفلت سامنے آگئی، کورونا کلیئرنس کے بغیر ایسوسی ایشن پلیئرز کے فٹنس ٹیسٹ لے لیے گئے،قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کرنے والوں کو پہلا کورونا ٹیسٹ اپنے طور پر پیر کو کرانے کی ہدایت کر دی گئی، دوسری جانچ بورڈ خود بدھ کو کرائے گا،اسکواڈز 20 ستمبر کو بائیو ببل میں چلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے قبل فٹنس ٹیسٹ کے لیے کرکٹرز کو بلانے والی صوبائی ٹیموں نے اس بات کا قطعی طورپر خیال نہیں رکھا کہ ان میں سے کوئی کورونا پازیٹو اور دوسروں کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے، پروٹوکول کے تحت ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے2 ٹیسٹ منفی آنا لازمی قرار دیا گیا ہے، حیران کن طور پر پی سی بی کی طرف سے ان کو اطلاع پہنچائی گئی کہ پیر کو پہلا ٹیسٹ خود اپنے علاقوں میں کرائیں،دوسرا بدھ کو بورڈ کے زیر انتظام ہوگا۔

ابتدائی ٹیسٹ کی پالیسی پر کھلاڑی اور آفیشلز پریشان ہیں، انھیں کسی مخصوص لیبارٹری اور فیس کی ادائیگی کے طریقہ کار کا نہیں بتایاگیا، صرف رپورٹ انتظامیہ کو بھجوانے کا کہا گیا ہے، اس ٹیسٹ پر اٹھنے والے اخراجات کی ادائیگی سب کو فی الحال خود کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، رقم بورڈ واپس کرے گا یا نہیں اس بارے میں صورتحال غیر واضح ہے۔پہلا ٹیسٹ منفی آنے پر کھلاڑی پی سی بی کی طرف سے شیڈول دوسرے کوورنا ٹیسٹ کے اہل ہوں گے،دوسری رپورٹ منفی آنے پر کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف 20 ستمبر سے بائیو ببل میں اپنی ٹیم کا کیمپ جوائن کریں گے۔

وہاں سے ہی ملتان میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے روانگی ہوگی۔ اس بارے میں بورڈ حکام کا موقف ہے کہ کورونا ٹیسٹنگ معاملات کو جلد فائنل کرکے سب کو آگاہ کردیا جائے گا۔ دوسری طرف ایونٹ میں شرکت کرنے والی صوبائی ٹیموں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے،ذرائع کے مطابق ڈیٹا لاک ڈاؤن کے دوران ہونے والے ٹیسٹ میں ہی جمع کر لیا گیا تھا، اس بار جانچ کرتے ہوئے زیادہ سخت پالیسی نہیں اپنائی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |