پی ڈی ایم اے صوبے میں بارش کی تباہ کاریوں سے ناواقف

PDMAکی رپورٹ کے مطابق کہیں نقل مکانی نہیں ہوئی، یکم ستمبر کو وزیراعلیٰ نے خود عمرکوٹ میں کیمپ کا دورہ کیا


عبدالرزاق ابڑو September 07, 2020
پی ڈی ایم اے میرپورخاص میں 90فیصد فصلوں کی تباہی سے بھی ناآشنا، رپورٹ میں بعض چیزیں شامل نہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر ۔ فوٹو : فائل

کراچی سمیت صوبہ سندھ کے اکثر علاقوں میں حالیہ بارش کی تباہ کاریوں اور اس کے سماجی اثرات سے اگر کوئی ادارہ پوری طرح سے واقف نہیں تو وہ پروونشل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سندھ ہے، پورے صوبے میں بارش کی تباہ کاریاں اس حد تک ہوئیں کہ حکومت سندھ نے صوبے کے 20اضلاع کو آفت زدہ علاقے قرار دے دیے لیکن پی ڈی ایم اے سندھ کے رکارڈ کے مطابق صوبے بھر میں کہیں بھی لوگ اس حد تک متاثر نہیں ہوئے کہ انھیں اپنے علاقے چھوڑ کر نقل مکانی کرنی پڑی ہو یا پھر انھیں امدادی کیمپوں میں ٹھیرایا گیا ہو۔

پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے صوبے میں 6 جولائی سے 3 ستمبر کے دوران بارش کی تباہ کاریوں و نقصانات کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے کسی بھی ضلع میں 6 جولائی سے 3 ستمبر کے دوران بارش سے متاثرہ کسی شخص کے نقل مکانی کرنے اور امدادی کیمپ میں عارضی پناہ حاصل کرنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، حالانکہ اس وقت تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش سے متاثرہ ہزاروں خاندان اپنے گھر چھوڑکر محفوظ علاقوں میں جاچکے تھے۔

یکم ستمبر کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران عمرکوٹ میں قائم کیمپ کا بھی معائنہ کیا تھا جو حکام کے مطابق 300 خیموں پر مشتمل تھا، جبکہ اس وقت تک وزیر اعلیٰ سندھ ضلع ٹھٹہ اور سجاول میں بارش سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کرچکے تھے، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث کراچی سمیت صوبے بھر میں کل 622 مکانات متاثر ہوئے جن میں 606 مکانات ضلع ٹنڈو الہیار میں واقع ہیں، رپورٹ کے مطابق صوبے کے باقی اضلاع میں صرف 16مکانات متاثر ہوئے۔

جن میں 13 مکانات کراچی،2 ضلع نوشہروفیروز اور ایک مکان عمرکوٹ میں واقع ہے، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں میں پورے صوبے میں سب سے زیادہ تباہ کاریاں ضلع ٹنڈو الہیار میں ہوئیں، رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث صوبے بھر میں کل 25 ہزار ایک سو 74 ایکڑ زمین پر واقع کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جن میں 25 ہزار 42 ایکڑ فصلوں کا نقصان صرف ضلع ٹنڈو الہیار ضلع میں ہوا، رپورٹ کے مطابق صوبے کے باقی اضلاع میں صرف 132 ایکڑ فصلوں کو نقصان پہنچا۔

جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق صرف میرپورخاص ضلع کی 90فیصد فصلیں بارشوں میں تباہ ہوئی ہیں، اس سلسلے میں ایکسپریس کی جانب سے جب پی ڈی ایم اے سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن محمد شایان شاہ سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے یہ تسلیم کیا کہ مذکورہ رپورٹ میں بعض چیزیں شامل نہیں ہیں، انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں صوبے کے مختلف اضلاع سے اعداد و شمار حاصل کیے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |