رواں سال کے دوران شوبز کی عظیم شخصیات داغ مفارقت دے گئیں

مہناز،آسیہ،اظہارکاظمی، زبیدہ خانم، ریشماں،صفیہ رانی،نشیلا، قریش پور،منظورمگسی،انورحسین اورعابد بٹ اسی سال چل بسے


Javed Yousuf December 16, 2013
فلمی گلوکارہ زبیدہ خانم نے 78برس کی عمر میں19 اکتوبر کو وفات پائی۔ فوٹو: فائل

سال 2013ء شوبز کی بہت سی عظیم فنکار ہم سے جدا ہوگئے۔

سال رواں کے ماہ جنوری کی 19تاریخ کو معروف پلے بیک سنگر مہناز کا انتقال ہوگیا ،فلمی گلوکارہ زبیدہ خانم کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ انھوں نے 78برس کی عمر میں19اکتوبر کو وفات پائی۔ گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ انھوں نے کئی فلموں میں اداکاری کے ہنر بھی آزمائے۔ تاہم، کیمرہ مین اور ڈائریکٹر ریاض بخاری سے شادی کے بعد انھوں نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ تیسرا بڑا نام فوک گلوکارہ ریشماں کا ہے جنہوں نے اپنی گائیکی کے ذریعے پاکستان اور بھارت سمیت پوری دنیا میں اپنا ایک منفرد مقام بنایا تھا یہ عظیم گلوکارہ 3 نومبر کو 66 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئیں ۔ حکومت نے ان کی فنی خدمات پر ستارہ امیتاز سے بھی نوازا تھا ۔نغمہ نگار اور صحافی ریاض الرحمان ساغر کی فلمی دنیا اور گیت نگاری کے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، وہ یکم جون کو 72سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔



پی ٹی وی کے شہرہ آفاق شو ''کسوٹی'' کے میزبان قریش پور 15اگست کو 81 برس کی عمر میں ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔مرحوم ذرائع ابلاغ کے ماہر تصور کیے جاتے تھے ۔ ٹیلی ویژن کے ساتھ انھوں نے ناول نگاری اور کالم نگاری میںبھی اپنا آپ منوایا ۔ انھوں نے 1972 ء میں پی ٹی وی سے باقاعدہ وابستگی اختیار کی اور1992ء میں کنٹرولر پریزنٹیشن کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔پاکستانی پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ آسیہ 9مارچ 2013 ء کو کینیڈا میں انتقال کرگئیں۔ وہ عمر کی 65بہاریں دیکھ چکی تھیں۔ خوب صورتی کے سبب انھیں فلم انڈسٹری میں 'پری چہرہ' کہا جاتا تھا۔اظہار کاظمی ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار اور براڈ کاسٹر تھے۔

 photo 3_zps0dba75c9.jpg

وہ 30مارچ 2013 کو اس جہان فانی سے رخصت ہوئے۔ منظور نیازی کا انتقال 9اپریل کو ہوا۔ وہ نعت، قوالی اور صوفیانہ کلام گانے میں ملکہ رکھتے تھے۔ پاکستان کے ابتدائی دنوں میں قائد اعظم محمد علی جناح نے انھوں 'بلبل دکن' کا خطاب دیا تھا۔ 'خواجہ کی دیوانی' ان کی مشہور ترین قوالی ہے۔ انھوں نے اپنی خدمات کے عوض تمغہ امتیاز بھی حاصل کیا۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 93سال تھی۔صفیہ رانی ریڈیو ، ٹی وی اور اسٹیج پر اداکاری کا ایک معروف نام تھا۔ وہ رواں سال 25اپریل کواس دنیا سے رخصت ہوئیں۔ انھوں نے 1976ء میں پاکستان ٹیلی ویڑن پشاور سینٹر سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔



انھیں بھی کینسر کے مرض سے آگھیرا تھا اور آخر کار وہ اس بیماری سے کبھی اپنا پیچھا نہ چھڑا سکی۔ ریڈیو ، ٹی وی ، فلم اور اسٹیج کے مزاحیہ اداکار نشیلا اسی سال 23جون کو دنیا سے رخصت ہوئے ۔ ان کا اصل نام شوکت علی تھا۔ مذکورہ لوگوں کے علاوہ سال 2013ء میں ہی 3اگست کو معروف صداکار حسن شہید مرزا، یکم ستمبر کو اداکار منظور مگسی، 13ستمبر کو فلمی ہیرو انور حسین ،23ستمبر کو اداکار جہانگیر خان اور28نومبر کو اداکار عابد بٹ کا انتقال ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں