فرقہ پرستی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی

شہداء کربلا کی قربانی کے مقاصد کیلئے جدوجہد لازم ہے ، شوبز سے وابستہ شخصیات کی ایکسپریس کے ساتھ گفتگو


Qaiser Iftikhar August 23, 2020
شہداء کربلا کی قربانی کے مقاصد کیلئے جدوجہد لازم ہے ، شوبز سے وابستہ شخصیات کی ایکسپریس کے ساتھ گفتگو۔ فوٹو: فائل

QUETTA: محرم الحرام کے مہینے کا آغاز ہوتے ہی پورے عالم اسلام میں سوگ کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے اورشوبز کی سرگرمیاں بھی ماند پڑ جاتی ہیں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی طرح شوبز سے وابستہ خواتین بھی امام حسینؓ کی یاد میں مجالس کے انعقاد کے ساتھ محافل اورنیاز کی تقسیم کا اہتمام کرتی ہیں۔

کچھ اداکارائیں اپنے آپ کو دس دن تک زنجیروں میں جکڑ لیتی ہیں اورسانحہ کربلا میں صبر واستقامت کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کی یاد میں آنسو بہاتی ہیں۔شہدا کے سوگ میںاس پورے مہینے بالخصوص پہلے عشرے میں خوشی کی کوئی تقریب منعقد نہیں کی جاتی۔

عاشورہ محرم کے موقع پر ادکاراؤں کا مجالس میں جانا روزمرہ زندگی کا لازمی جزو ہوتا ہے۔ اس ماہ شاعر، دانشور، مرثیہ نگار اور فنکار اپنے اپنے طریقے سے دوسروں تک اپنے جذبات و احساسات پہنچاتے ہیں۔ جو فنکار اس مہینے میں مجالس کا اہتمام کرتے ہیں ان میں شاہدہ منی، ڈریس ڈیزائنر بی جی، اداکارہ نرگس، نادیہ علی، دردانہ رحمن، سائرہ نسیم، حمیرا چنا اور جرار رضوی سمیت دیگر شامل ہیں۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دس محرم تک فلموں اور ڈراموں کی ریکارڈنگز بھی بہت کم ہوں گی اور نگار خانے بھی ویران رہیں گے۔ فنکاروں کا کہنا ہے کہ غم امام حسینؓ رواداری کا درس دیتا ہے، ان دنوں میں ہم زیادہ وقت عبادت کرتے ہیں جبکہ مجالس اور نیاز کا اہتمام بجی کریں گے۔پاکستان کے سرکارکی ٹی وی سمیت تمام نجی ٹیلی ویژن محرم کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کر رہے ہیں۔

''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ شہدا کربلا کا غم تا قیامت رہے گا۔ جس مقصد کے لیے یہ قربانی شہدا کربلا نے دی تھی وہ مقصد حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہدا کربلا کا غم تا قیامت رہے گا۔ یہ عظیم قربانی شہدا کربلا نے حق و سچ کو بلند کرنے کے لئے دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پانی جو اوپر سے گرتا ہے تو بارش ہوجاتی ہے اوپر سے جم کر گرتا ہے تو اولے بن جاتے ہیں نیچے پانی جمتا ہے تو برف بن جاتی ہے۔ پتوں پر وہی بارش گرتی ہے تو شبنم بن جاتی ہے۔ حضرت اسماعیلؑ کے قدموں سے پانی نکلتا ہے تو زم زم بن جاتا ہے۔ لیکن جب پانی پر پابندی لگائی جاتی ہے تو کربلا بن جاتی ہے۔ آج اگر یزیدیت ہے تو حسینیت بھی ہے ہمیں شہدا کربلا سے سبق لینا ہو گا اور جس مقصد کے لیے یہ قربانی شہدا کربلا نے دی تھی وہ مقصد حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔

اداکار عاصم بخاری نے کہا کہ حضر ت امام حسین ؓ کی یہ عظیم قربانی ہمیں درس دے رہی ہے کہ وقت کا حکمران کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کے سامنے کلمہ حق بلند کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے، محرم الحرام میں سب پر لازم ہے کہ وہ بھائی چارے کی فضا کو قائم ر کھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

گلوکارہ ترنم ناز نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے کربلا کے میدان میں کلمہ حق بلند کرنے کی لازوال مثال قائم کی۔ گلوکار حامد علی خان نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ ظلم کے خلاف برسر پیکار ہوئے اور دین حق کی راہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ آپؓ کی تعلیمات تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں جو قیامت تک یاد رکھی جائیں گی۔

اداکارہ نور نے کہا کہ ہمیں فلسفہ شہادت حضرت امام حسین ؓ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کامیابی ہمیشہ اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت میں ہے اور اسلام کی خاطر جان دینے والے ہمیشہ کی زندگی پالیتے ہیں۔ ٹی وی اداکارہ سوہانہ نے کہا کہ محرم الحرام ہمیںامن، برداشت اور رواداری کا درس دیتا ہے، ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھنے کیلئے اپناانفرادی اور کلیدی کردار ادا کرے۔

اداکارہ و ٹی وی ہوسٹ جگن کاظم نے کہا کہ نے حضرت امام حسین ؓ کی عظیم قربانی ہمیں اس عزم کو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے کہ حق کی خاطر باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہی ایمان ہے۔ٹی وی ہوسٹ سندس جمیل نے کہا کہ محرم عبادت،ایثار ،تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے، ہمیں فرقہ واریت اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کر کے تحمل و برداشت اور امن کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اداکار عباس باجوہ نے کہا کہ آج پھر یزیدی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے، اسلام دشمن طاقتوں کا سامنا کرنے کیلئے شہداء کربلا کے راستے پر چلنا ہو گا۔ اداکارہ عروہا خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کبھی کسی ریکارڈنگ میں شرکت نہیں کرتی۔ عاشورہ تک کیلئے خود کو گھر تک محدود کرلیتی ہوں۔ ہمارے گھر پر حلیم کی نیاز کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔

اداکارہ ماشال نے کہا کہ شہید کربلا حضرت امام حسینؓکی قربانی کی بدولت اسلام کا بول بالا ہے جو ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ماڈل و اداکارہ نیلم اعجاز نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو یکجا ہونے کی تلقین کرتا ہے لہٰذا آج جب مسلمانوں پر ظلم ڈھایا جارہا ہے اس کے خلاف تمام مسلمان ممالک کو ایک ہو کر کفر کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

گلوکارہ شازیہ منظور نے کہا کہ میں محرم الحرام روایتی مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ مناتی ہوں۔ شوبز سرگرمیوں میں بالکل حصہ نہیں لیتی جبکہ مجالس میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کرتی ہوں۔ یہ ماہ ہر مسلمان کیلئے بہت اہم ہے۔ ہرایک پاکستانی پریہ بات فرض ہے کہ وہ محرم الحرام میں ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔

ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے میاں راشد علی فرزند نے کہا ہے کہ محرم عبادت ،ایثار ،تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے ماہ محرم اپنی فضیلت ،حرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے۔اس لئے محرم الحرام کے تقاضوں کو مخلوط رکھتے ہوئے ہم سب نے نئے اسلامی سال کا خیر مقدم کرنا ہے انہوں نے مزید کہا ہے کہ فرقہ واریت اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کر کے امن و تحمل کو فروغ دیا جا سکتا۔

ٹی وی اداکارہ اور ہوسٹ عروج ناصر محرم الحرام منانے کیلئے کربلا روانہ ہو گئی ہیں۔ عراق روانگی سے قبل انہوں نے نجی ٹی وی کیلئے محرام الحرام کے حوالے سے خصوصی پروگرام ریکارڈز کروائے ہیں جو محرام الحرام کے پہلے عشرے کے دوران آن ایئر جائیں گے۔ وہ اپنے شوہر اور دیگر فیملی اراکین کے ساتھ کربلا گئی ہیں۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے معروف نعت خواں عزم وحید نے کہا کہ محرم کا مہینہ عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ ماہ محرم اپنی فضیلت ،حرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے ہمیں اس ماہ سے ملنے والے اسباق پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ کربلا کے میدان میں حضرت امام حسینؓ نے اہلخانہ اور ساتھیوں کے ہمراہ باطل قوتوں کو شکست دیکر اسلامی نظریہ حیات کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے زندہ جاوید کر دیا ہے۔ غم امام حسینؓ رواداری کا درس دیتا ہے۔

گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ میں محرم الحرام کا ماہ مقدس شروع ہوتے ہی اپنی شوبز سرگرمیاں بند کر دیتی ہوں۔ یہ ایک تقدس اور احترام والا مہینہ ہے، اس کا ہمیں مکمل احترام کرنا چاہئے۔ کربلا کے شہداء نے یکجہتی اور اخوت کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے مہینہ میں مجالس میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کرتی ہوں، دس روز تک پابندی کے ساتھ نوافل، قرآن خوانی معمول ہے۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ غم امام حسینؓ رواداری کا درس دیتا ہے، اس عشرہ کے دوران میرا زیادہ وقت عبادت میں صرف ہوتا ہے۔ معروف گلوکارہ تصور خانم نے بتایا کہ وہ محرم الحرام پر سانگھڑ کے نزدیک اپنے گوٹھ بری میں چلی جاتی ہیں اور یہ روایت ایک عرصے سے قائم ہے۔ اپنے گاؤں میں مجالس ماتم، قرآن خوانی اور نوافل کی ادائیگی معمول ہے۔

تصور خانم نے بتایا کہ شو بز کی تمام تر مصروفیات ترک کردیتی ہوں۔ میری اولین ترجیح صرف عبادت ہوتی ہے۔ ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا کہ غم حسین سب کا اجتماعی غم ہے۔ اس لحاظ سے یکم محرم الحرام سے ہی شوبز سے متعلق تمام مصروفیات ترک کردیتی ہوں۔ عاشور تک خود کو گھر اور اعزاو اقارب تک ہی محدود رکھتی ہوں۔

اداکارہ زیب چودھری نے اس حوالے سے کہا کہ محرم کا احترام ہر مسلمان پر فرض ہے اور میں اس مہینے میں اپنی تمام مصروفیات ختم کر کے مجالس میں شرکت کرتی ہوں۔

تھیٹرسے وابستہ اداکاراؤں نداچودھری، نرگس، خوشبو، ماہ نور، میگھا، صائمہ خان، صوبیہ خان، قسمت بیگ ، سنہری خان اورآفرین سمیت دیگر نے بتایا کہ وہ دس محرم تک ڈراموں میں پرفارم نہیں کریں گی۔ 9اور10محرم کوتمام سینما گھر بھی بندرہیں گے ، ادھر شازیہ منظور، شاہدہ منی، شبنم مجید، حمیراچنا، نوراں لعل، صنم ماروی، سارہ رضاخان، شفق علی، نرمل شاہ، انورر فیع ، صائمہ جہاں، ساحرعلی بگا، شمسہ کنول، حمیرا ارشد، سائرہ نسیم، نصیبو لعل، محسن عباس شوکت، استاد حامد علی خان، افشاں اوردوسرے گلوکاروں نے نوحے اورمرثیے ریکارڈکیے ہیں۔

دوسری طرف مختلف گلوکاراؤں اور اداکاراؤں نے اپنے گھروں میں مجالس عزااورنیازکے اہتمام کی تیاریاں بھی کرلی ہیں سب سے پہلے 2محرم کو نادیہ علی کے گھرجوہرٹاؤن میں مجلس عزا کاانعقادہوگا، 4 محرم کو ترنم ناز، خوشبو اور موسیقار طافو کے گھر مجالس ہونگی۔ 5 محرم کو استاد حامدعلی خان، فیشن ڈیزائنر عائشہ جاوید، شین جاوید اور زری اپنے گھروں میں مجالس کاانعقاد کرینگے۔6 محرم کو حمیراچنا، سائرہ نسیم، سنبل راجہ اوراداکارہ مہرالنسا مجالس کااہتمام کرینگی۔

7 محرم کوسید شوکت حسین رضوی کی بیوہ یاسمین شوکت شاہ نور سٹوڈیومیں مجلس کاانعقاد کرینگی ،انکے علاوہ گلوکار ہ ریحانہ اختربھی مجلس اورنیاز کااہتمام کرینگی۔8 محرم کو جراررضوی، عذراجہاں ا ورصائمہ جہاں کے گھروں میں مجالس ہونگی ،9محرم کو دردانہ رحمن اپنی رہائش گاہ علامہ اقبال ٹاؤن پرمجلس کااہتمام کریں گی۔ شاہدہ منی12 محرم الحرام کواپنے گھر جوہر ٹاؤن میں مجلس عزا کااہتمام کریں گی جبکہ 14 محرم کو فیشن ڈیزائنربی جی اپنے گھرگلبرگ میں مجلس عزا منعقدکرینگی۔

اداکارہ ایشاء منی نے بتایا کہ وہ یوم عاشورہ سیون میں گزاریں گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ایثار اور جذبے کا مہینہ ہے ہمیں اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے اسلام کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کردیا لیکن طاغوت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں