15لاکھ ٹن گندم امپورٹ کے عالمی ٹینڈرز کھل گئے

غیرملکی کمپنیوں کی فی ٹن 233.85ڈالرسے269.60ڈالرتک پیشکش


رضوان آصف August 20, 2020
قیمتوں کے نمایاں فرق،گندم مقام کی لاعلمی سے حکومت کیلیے نئی مشکلات ۔ فوٹو : فائل

15 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کیلیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ٹینڈر کھول دیئے جب کہ مجموعی طور پر 9 غیر ملکی کمپنیوں نے بڈ پیش کی ہے۔


وفاقی حکومت کی جانب سے15 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کیلیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے گزشتہ روز ٹینڈر کھول دیے ہیں۔ سب سے کم قیمت 233.85 ڈالر فی ٹن کی پیشکش سوئس سنگاپور نامی کمپنی نے 2 لاکھ ٹن گندم کیلیے دی ہے تاہم اس کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس ملک کی گندم لیکر آئے گی۔ایگرو کارپ نے 2لاکھ ٹن گندم کیلیے238.75ڈالر اور بونجی ایس اے کمپنی نے 2 لاکھ ٹن گندم کیلیے248ڈالر فی ٹن قیمت کی پیشکش کی ہے۔

گرین ایکسپورٹ ایس اے نے2لاکھ ٹن گندم کیلیے249.50ڈالر جبکہ ہولبڈ لمیٹڈ نے 2 لاکھ ٹن کیلیے 249.92 ڈالر فی ٹن کی پیشکش کی ہے۔آسٹن ایگرو انڈسٹریل نے 2لاکھ ٹن گندم کیلیے 250.40ڈالر،گرین کارپ آپریشن نے 2لاکھ20 ہزار ٹن گندم امپورٹ کیلیے255.50ڈالر فی ٹن کی پیشکش کی ہے۔

سی ایچ ایس نے2لاکھ ٹن گندم کیلیے 259ڈالر جبکہ ہاکن ایگرو نے 2لاکھ ٹن گندم امپورٹ کیلیے269.60ڈالر فی ٹن قیمت کی پیشکش کی ہے۔یہ تمام قیمتیں بحری جہاز کی کراچی یا گوادر بندرگاہ تک پہنچ کی حد تک محدود ہیں۔

گندم مارکیٹ سے منسلک ماہرین کے مطابق پاکستان کے نجی شعبہ نے چھ لاکھ ٹن اچھی کوالٹی گندم کے معاہدے223ڈالر سے لیکر237ڈالر فی ٹن تک کیے ہیں۔ قیمتوں کے نمایاں فرق اور بعض کمپنیوں کی جانب سے گندم لانے کا مقام نہ بتائے جانے کی وجہ سے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کیلیے نئی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اور اب ٹی سی پی حکام تمام کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کرکے 233.85 ڈالر قیمت پر مشترکہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

اگر اتفاق رائے ہو گیاتومکمل 15 لاکھ ٹن گندم امپورٹ ہوگی ورنہ کم قیمت والی 2کمپنیوں کی 4لاکھ ٹن گندم کی پیشکش منظور کر کے باقی کی 11لاکھ ٹن گندم امپورٹ کیلیے نیا ٹینڈر جاری کیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |