پنجاب حکومت کی وفاق سے درآمدی گندم 1400 روپے فی من پر فراہم کرنے کی اپیل

وفاق سے 10 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرنے کی سفارش کی جائے، محکمہ خوراک پنجاب کی صوبائی کابینہ کو سمری


رضوان آصف July 27, 2020
پنجاب میں درآمدی گندم 2 ہزار سے 2100 روپے فی من تک پڑے گی، ذرائع فوٹو: فائل

پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ مستقبل میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے امپورٹ کی جانے والی گندم پنجاب کو 1400 روپے فی من قیمت پر فراہم کی جائے۔

محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے صوبائی کابینہ کو بھیجی گئی ایک سمری میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت پنجاب میں گندم کی قلت دور کرنے کے لئے وفاق سے 10 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرنے کی سفارش کرے لیکن وفاق سے یہ درخواست بھی کی جائے کہ وفاقی حکومت یہ گندم پنجاب کو 1400 روپے فی من قیمت پر فراہم کرے اور اضافی امپورٹ لاگت خود برداشت کرے۔

وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق اس وقت نجی شعبہ کی جانب سے امپورٹ کی جانے والی یوکرین گندم کی کراچی بندرگاہ پہنچ کر قیمت 238 ڈالر فی ٹن ہے جبکہ جہاز سے ان لوڈنگ ، بوریوں میں پیکنگ کے اخراجات شامل کر کے کراچی بندرگاہ پر گندم کی لاگت 1800 روپے فی من کے لگ بھگ ہے،وفاقی حکومت جب امپورٹ کا اعلان کرے گی تو عالمی منڈی میں قیمت میں 3 سے5 ڈالر فی ٹن کا اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ نجی شعبہ کے برعکس سرکاری گندم کی پورٹ ہینڈلنگ کے اخراجات بھی زیادہ ہوں گے جبکہ کراچی بندرگاہ سے پنجاب میں اس گندم کی ترسیل شامل کر کے پنجاب میں یہ گندم 2 ہزار سے 2100 روپے فی من تک پڑے گی لہذا وفاقی حکومت پنجاب کو 1400 روپے میں امپورٹڈ گندم فراہم نہیں کر سکتی، صوبوں کو تمام مالی بوجھ خود برداشت کرنا چاہیے تاہم صوبوں کی خصوصی درخواست پر وزیر اعظم یہ رعایت دے سکتے ہیں کہ وفاق اور صوبے سبسڈی میں کسی متفقہ شرح سے شراکت داری کر کے مالی بوجھ تقسیم کر لیں۔

علاوہ ازیں امپورٹرز نے وفاقی حکومت کی جانب گند م امپورٹ کیلئے صوبوں کو لکھے خط اور ممکنہ طور پر مہنگے داموں امپورٹ کی جانے والی گندم کی صوبوں میں 1475 روپے فی من کی موجودہ ریلیز پرائس کے مطابق فروخت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین کی گندم خریدنے کے مزید معاہدے روک دیئے ہیں۔

درآمدکنندگان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے خود گندم درآمد اور فلورملز کو فروخت کرنا ہے تو یہ ایک اچھا عوامی منصوبہ ہے لیکن حکومت ہمیں واضح بتا دے تکہ ہم مزید گندم نہ منگوائیں،ہماری گندم 1800 روپے فی من لاگت میں آرہی ہے اب اگر حکومت نے ملز کو 1475 روپے قیمت پر امپورٹڈ گندم دینا ہے تو ہمیں کروڑوں ڈالر کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے لہذا ہم مزید گندم نہیں منگوائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |