سورج گرہن سے متعلق توہم پرستی جدید معاشرے میں بھی برقرار

بچوں کی معذوری کے خاتمہ کے لیے اس طریقے پر عمل کررہے ہیں، والدین


Kashif Hussain June 21, 2020
بچوں کی معذوری کے خاتمہ کے لیے اس طریقے پر عمل کررہے ہیں، والدین۔ فوٹو: ایکسپریس

سورج گرہن سے متعلق توہم پرستی کا رجحان آج کے جدید معاشرے میں بھی برقرار ہے، لوگوں کا ماننا ہے کہ بچوں کو ساحل سمندر کی ریت میں دبانے سے معذور اور لاعلاج امراض میں مبتلا بچے یا افراد ٹھیک ہوجاتے ہیں۔

دنیا کے مختلف ممالک سمیت پاکستان میں سورج گرہن کے موقع پر جسمانی معذور بچوں کو ساحل سمندر کی ریت میں دبایا جاتا ہے۔ والدین کو اُمید ہوتی ہے کہ اس عمل سے متاثرہ بچے یا افراد ٹھیک ہوجائیں گے اور ان کی معذوری میں کمی آجائے گی۔

سورج گرہن کے دوران کراچی کے ساحل سی ویو پر بھی تین خاندان صبح نو بجے سے سورج گرہن کا انتظار کررہے تھے اور سورج گرہن سے کچھ وقت قبل مختلف عمر کے تین بچوں کو ساحلی ریت میں دبا دیا گیا۔ تینوں بچوں کا نچلا دھڑ معذوری کا شکار تھا۔

بچوں کے والدین کا کہنا تھا کہ بزرگوں سے اور سینہ بہ سینہ سنتے آرہے ہیں کہ سورج گرہن کے دوران متاثرہ افراد کو سمند کے کنارے ریت میں دبا دیا جائے اور سورج گرہن کے دورانیے میں انہیں ریت میں ہی دبا رہنے دیا جائے تو معذوری کا شکار افراد ٹھیک ہوجاتے ہیں اپنے بچوں کی معذوری کے خاتمہ کے لیے اس طریقے پر عمل کررہے ہیں۔



اس موقع پر ایک 8 سال کے بچے کے والدین نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ بار بھی سورج گرہن کے دوران بچے کو زمین میں دبایا تھا جس کے بعد بچے کی معذوری میں کمی آئی تھی۔ اسی طرح جسمانی معذوری کا شکار 20 سال کے محمد ولید کے والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوسروں سے سن کر پہلی مرتبہ بچے کو زمین میں دبایا اور صبح 9 بجے سے سورج گرہن کا انتظار کررہے تھے، گزشتہ بار سورج گرہن کا دورانیہ کم تھا جب کہ اس بار زیادہ ہے اس لیے اُمید ہے کہ بچے کی معذوری میں کمی آئے گی۔



سورج گرہن کے دوران کھلی روشنی میں زمین میں دبائے جانے والے چھوٹے بچے مٹی سے کھیلتے نظر آئے۔ ایک بچے کو پانی کی لہروں کے قریب زمین میں دبایا گیا تھا جہاں وہ پانی کی لہروں سے لطف اندوز ہوتا رہا تاہم 20 سالہ محمد ولید جو جسمانی معذوری کے ساتھ ذہنی معذوری کا بھی شکار ہے اس صورتحال سے انتہائی تکلیف کا شکار رہا، اسے گردن تک گہرا گڑھا کھود کر دبایا گیا تھا اور اس کے لیے سانس لینا بھی دوبھر ہورہا تھا۔



ولید کے چہرے کا رخ بھی سورج کی جانب رکھا گیا تھا اور سورج کی براہ راست روشنی اس کی آنکھوں پر پڑرہی تھی اور وہ تکلیف کی وجہ سے نڈھال ہوکر والد کی جانب رحم طلب نظروں سے دیکھ رہا تھا۔

محمد ولید کے والد کے لیے بھی اپنے بچے کی یہ تکلیف پریشانی کا باعث تھی لیکن ٹوٹکے کے ذریعے بچے کی شفاء کی اُمید کی وجہ سے اس کے والد نے بھی دل پر پتھر رکھ کر بچے کی اذیت برداشت کی جو سورج گرہن کا دورانیہ مکمل ہونے پر ختم ہوئی۔

سورج اور چاند گرہن کا کسی کی موت یا زندگی سے تعلق نہیں، علمائے کرام

سورج گرہن کے حوالے سے علمائے کرام کا کہنا ہے کہ سورج اور چاند گرہن کا کسی کی موت یا زندگی سے کوئی تعلق نہیں، یہ قدرت کی نشانیوں میں سے ہیں۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ حضور پاک صلی اللّٰہ علیہ وسلم سورج یا چاند کو گرہن لگنے کے دوران نوافل ادا کیا کرتے تھے۔

سورج گرہن سے معذوری کا علاج نہیں ہو سکتا، ماہرین طب

معروف فزیشن پروفیسر ریاض احمد کا اتوار کو کراچی میں ہونے والے سورج گرہن کے حوالے سے کہنا تھا کہ سورج گرہن سے معذوری کا علاج نہیں ہوسکتا۔

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ سورج گرہن سائنسی عمل ہے جو کسی کی زندگی پر اثر انداز نہیں ہوتا، سائنسی طور پر اس کی کوئی توجیہ نہیں ملتی، نہ ہی اس حوالے سے کوئی مثال سامنے آئی ہے کہ کسی ذہنی معذور بچے نے اس سے شفا پائی ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں