وزیراعظم آج نوجوانوں کیلئے قرضہ اسکیم کاافتتاح کریں گے

خواہش مندنوجوانوں کے لیے عمرکی حد21 سے 45سال مقرر، تعلیم یافتہ ہونا ضروری نہیں۔


فیاض ولانہ December 07, 2013
ہرماہ 15ہزارخوش نصیب درخواست دہندگان کو بذریعہ قرعہ اندازی ایک لاکھ روپے سے لے کر20 لاکھ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم نوازشریف ہفتے کونوجوانوں کیلیے آسان شرائط پرقرضہ اسکیم کاافتتاح کریں گے۔اس حوالے سے تقریب وزیراعظم سیکریٹریٹ میں منعقدہوگی ۔

جس میں وزیرخزانہ اسحق ڈار' وزیراطلاعات پرویزرشید' قرضہ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز' ارکان پارلیمنٹ و دیگراہم شخصیات شرکت کرینگی۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نوازشریف وزیراعظم کی صاحبزادی ہیں اوریہ ان کی سیاسی اورعوامی خدمت کے میدان میں باقاعدہ لانچنگ کی تقریب بھی کہی جاسکتی ہے۔وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت ہرماہ 15ہزارخوش نصیب درخواست دہندگان کو بذریعہ قرعہ اندازی ایک لاکھ روپے سے لے کر20 لاکھ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔مجوزہ منصوبے کی 10 فیصدرقم یااس کے مساوی اثاثہ جات برائے کاروبار ظاہر کرنا ہونگے۔ قرض کے خواہش مندنوجوانوں کے لیے عمرکی حد 21 سال سے 45سال مقررکردی گئی ہے جبکہ تعلیم یافتہ ہوناضروری نہیں۔50 فیصدقرضے خواتین درخواست دہندگان کو دیے جائیں گے۔

جبکہ 5فیصدکوٹا معذوراورشہدا کے لواحقین کے لیے مختص کیاگیاہے۔قابل عمل کاروباری منصوبوں کے ساتھ دی گئی درخواستوں پر15سے 45دن کے اندرفیصلہ کردیاجائے گا۔کامیاب درخواست دہندگان کے نام قرعہ اندازی کے لیے ترتیب جانے والی فہرست میں شامل کرلیاجائے گااورہرماہ کی 25تاریخ کو بذریعہ قرعہ اندازی 15ہزارنوجوانوں کو قرضہ کی فراہمی کی نویدسنائی جائے گی۔ان قرضوں پرکامیاب درخواست دہندگان کو 8فیصدکی سالانہ شرح پرسود ادا کرنا ہوگا ۔پہلے سال انھیں قرض کی واپسی کی قسط سے استثنیٰ حاصل ہوگااوروہ پوری توجہ اپنے کاروبارکی کامیابی پردے سکیں گے۔دوسرے سال سے انھیں آئندہ 6سال تک اصل قرض اوراس پرلگے سالانہ سودکی قسطیں ماہانہ یاسہ ماہی کی بنیادپرواپس اداکرناہوں گی۔



جن 39کاروباری منصوبوں کیلیے اہل درخواست دہندگان قرضہ کے حصول کی درخواست دے سکتے ہیں ان کی تفصیلات فزیبلٹی رپورٹ کے ساتھ سمیڈاکی ویب سائٹ www.smeda.orgاوروزیراعظم آفس کی ویب سائٹwww.pmo.gov.pk پررکھ دی گئی ہیں۔25دسمبرکی پہلی قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب ہونے والے 15 ہزارہ خوش نصیبوںمیں سے پہلے 100 نوجوانوں کو وزیراعظم خودایک تقریب میں اپنے ہاتھ سے قرضہ اسکیم کے چیک دیں گے۔قرضہ فارم بروز پیر 9 دسمبر نیشنل بینک آف پاکستان،فرسٹ ویمن بینک اورسمیڈاکی پاکستان بھرمیں موجودشاخوں سے دستیاب ہوں گے۔

وزیر اعظم نوازشریف اوران کی صاحبزادی اس پروگرام کو تمام قسم کے سیاسی وانتظامی دباؤ اوراثرورسوخ سے پاک رکھناچاہتے ہیں۔وزرا، مشیران اوراراکین قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلی کو ان قرضہ اسکیموں سے کسی قسم کاکوٹا الاٹ نہ کیاجائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نوازشریف نے قرضے کے خواہشمندنوجوانوں کو حکومت کے اعلان کردہ 39کاروباری منصوبوں کے علاوہ بھی اپنی مرضی کامنصوبہ پیش کرکے قرض کیلیے درخواست دینے کی اجازت دے دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |