کراچی سینٹرل جیل میں 300 سے زائد قیدیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص

کیسز بڑھنے پر قیدیوں کو مختلف اسپتالوں یا ایکسپو سینٹر منتقل کرنے پر غور شروع


Raheel Salman/ May 20, 2020
جیل میں 400 افراد کو کورونٹائن کرنے کی گنجائش ہے، ذرائع جیل۔ فوٹو:فائل

سینٹرل جیل میں موجود کورونا سے متاثرہ قیدیوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں کورونا وائرس پھیلتا جارہا ہے، گزشتہ روز متاثرہ قیدیوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی، ایک افسر سمیت عملے کے 20 سے زائد ارکان اس وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں، اب تک مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل میں 400 قیدیوں کو قرنطینہ مراکز میں رکھنے کی گنجائش ہے جس کا عالمی وبا کے آغاز پر ہی انتظام کرلیا گیا تھا لیکن اگر کیسز اسی رفتار سے بڑھتے گئے تو جیل میں بھی گنجائش کم رہ جائے گی۔ اس ضمن میں انتظامیہ نے قیدیوں کو اسپتالوں یا ایکسپو سینٹر منتقل کرنے پر بھی غور شروع کردیا ہے اور صوبائی محکمہ داخلہ سے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل میں 11 مئی کو ایک قیدی میں علامت ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جس کی رپورٹ مثبت آئی، 13 مئی کو 7 قیدیوں اور جیل انتظامیہ کے 6 افراد کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے 6 قیدی اور عملے کے ایک فرد میں کورونا مثبت آیا۔

15 مئی کو 93 قیدیوں میں سے 40 قیدی اور عملے کے 52 افراد میں سے صرف 2 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ، 16 مئی کو 330 قیدی اور عملے کے 34 افراد کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ، 330 قیدیوں میں سے 204 اور عملے کے 34 افراد میں سے صرف 8 افراد کورونا کا شکار پائے گئے، 17 مئی کو 425 قیدیوں میں سے 32 قیدیوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی، جیل انتظامیہ عملے کے 19 افراد کو ٹیسٹ کیا گیا جن کے نتائج منفی آئے۔

سینٹرل جیل میں 6 روز کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 300 سے زائد افراد میں کورونا وائرس پایا گیا، سینٹرل جیل میں تمام تر حفاظتی اقدامات کے باوجود کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی زیادہ تعداد قیدیوں کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔