’’نیورو کیم‘‘

انسانی سوچ کے مطابق مناظر کو خودکار طریقے سے قید کرلینے والا کیمرا


غزالہ عامر December 06, 2013
انسانی سوچ کے مطابق مناظر کو خودکار طریقے سے قید کرلینے والا کیمرا۔ فوٹو : فائل

قارئین! سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انسانی سوچ کے تابع آلات کی تیاری سے متعلق معلومات اور بہت سی خبریں پچھلے چند برسوں کے دوران آپ کی نظر سے گزری ہوں گی۔

انسان اپنے علم اور اب تک کی گئی ایجادات کی مدد سے ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے۔ یہ آلات ہمارے خیالات اور دماغ سے ایسا ربط بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں، جن کی مدد سے صارف کی سوچ کے مطابق کام انجام دیا جاسکتا ہے۔ یقیناً یہ سب ہمارے لیے حیرت انگیز اور نہایت دل چسپ بھی ہے۔ ان آلات میں نصب سینسر انسانی سوچ کی لہروں سے مربوط ہو کر بڑی حد تک اس کے خیالات کا درست مطلب اخذ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بنیادی طور پر سوچ کو پڑھنے والی ٹیکنالوجی کا تجربہ عراق اور افغانستان کی جنگ کے دوران معذور ہو جانے والے امریکی اور برطانوی فوجیوں کے لیے مصنوعی بازو اور ٹانگوں کی تیاری کی غرض سے کیا گیا تھا۔

اس ٹیکنالوجی کا مقصد مصنوعی جسمانی اعضاء کو معذور افراد کی سوچ کو پڑھتے ہی اس کے مطابق عمل کرنے کے قابل بنانا تھا۔ بعد میں اس ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ویڈیوگیمنگ ڈیوائسز اور دوسرے آلات بھی بنائے گئے۔ تاہم ابھی یہ ٹیکنالوجی عام نہیں ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں مزید تجربات اور آلات کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔

حال ہی میں ایک جاپانی کمپنی نے سوچ کی لہروں سے چلنے والا کیمرا تیار کیا ہے جسے ''نیوروکیم'' کا نام دیا گیا ہے۔ ہیڈ فون نما یہ کیمرا سر پر پہنا جاتا ہے۔ اس کا صارف جس منظر میں زیادہ دل چسپی لیتا ہے، اسے یہ کیمرا خودکار طور پر فعال ہوکر محفوظ کرلیتا ہے۔



'' نیوروکیم'' دراصل ایک برین ویو اسکینر، آئی فون اور ایک کیمرے پر مشتمل ہے۔ ان تین آلات پر مشتمل یہ کیمرا اپنے سائنسی پروگرام کی مدد سے جان لیتا ہے کہ اس کا صارف کیا دیکھ رہا ہے اور کس منظر میں اس کی دل چسپی زیادہ ہے۔ جاپان کی Keio یونی ورسٹی کے ماہرین نے صارف کی دل چسپی اور پسندیدگی کو جاننے کے لیے اس کیمرے میں quantifying algorithm کا سہارا لیا ہے۔

یہ سسٹم فون سے منسلک ایک ہیڈ بینڈ کے ذریعے صارف کی دل چسپی کی سطح کو مانیٹر کرتا ہے۔ اس کے لیے الوگرتھم کے مخصوص طریقے سے صارف کی دل چسپی کی سطح کو جانچنے کے لیے صفر سے 100 تک اعداد مختص کیے گئے ہیں۔ اگر صارف کی دل چسپی کا اسکور 60 سے زیادہ ہو تو ہیڈبینڈ کیمرے کو فعال ہونے کی ہدایت دیتا ہے اور پانچ سیکنڈ کی فوٹیج آئی فون میں ایک خصوصی ''لائیو بلاگنگ ایپ'' میں محفوظ ہوجاتی ہے۔ اسی طرح یہ کیمرا کئی مناظر محفوظ کرسکتا ہے۔

''نیوروکیم''بنانے والی کمپنی کے مطابق ابھی یہ کیمرا آزمائشی مراحل میں ہے۔ کمپنی کے مطابق ''نیوروکیم'' مستقبل کا کیمرا ہے جو انسانی جذبات اور جدید ٹیکنالوجی کو ایک دوسرے سے مربوط کرے گا۔ اس ایجاد کے بارے میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ''نیوروکیم'' روایتی اور ڈیجیٹل کیمروں کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں