مئی جون کے امتحانات کیمبرج نے نیا گریڈنگ سسٹم متعارف کرا دیا

اسکولوں کودوآپشن دیے گئے ہیں، طلباکو تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پرگریڈلینے یااکتوبر؍ نومبرمیں امتحان دینے کااختیار ہوگا


سارہ بی حیدر May 03, 2020
اسسمنٹ بیسڈ گریڈز کا سسٹم صرف پاکستان میں رجسٹرڈ اسکولوں کیلیے ہے، پرائیویٹ طلبا کیلیے نہیں، عظمیٰ یوسف کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

کووڈ 19 کی وبا نے جہاں دیگر شعبوں کو متأثر کیا ہے وہیں شعبہ تعلیم میں بھی اس کی بدولت ڈرامائی تبدیلیاں آئی ہیں جب کہ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے بھی طلبا اور اساتذہ کے تحفظ کے لیے دنیا بھر میں مئی ؍جون 2020 میں ہونے والے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کیمبرج انٹرنیشنل کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان عظمیٰ یوسف نے بتایا کہ اسکولوں کو دو آپشن دیے گئے ہیں، وہ اپنے طلبا کی تعلیمی کارکردگی کا ریکارڈ بھجوا کر اس کی بنیاد پر مئی ؍جون 2020 کے امتحانات کے لیے گریڈ لے سکتے ہیں یا پھر وہ طلبا کو اکتوبر ؍ نومبر میں ہونے والے امتحانات کے لیے روایتی طریقے سے رجسٹرڈ کرسکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ کیمبرج نے اکتوبر ؍ نومبر کے امتحانات کے لیے 15 اضافی مضامین شامل کیے ہیں تاکہ طلبا اپنی مرضی کے مضمون کے امتحان میں بیٹھ سکیں اور انھیں آئندہ سال کا انتظار نہ کرنا پڑے۔

انھوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستانی طلبا اکتوبر ؍ نومبر کے سیشن میں اردو کا امتحان بھی دے سکیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ مئی ؍جون 2020 کے امتحانات کے لیے گریڈ حاصل کرنے کے خواہش مند اسکولوں کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنی ہوں گی جس کے بعد کیمبرج میں اسسمنٹ پروفیشنلز فراہم کردہ معلومات پر کام کریں گے اور پھر اس کے بعد دنیا بھر میں طلبا کو مساوی بنیادوں پر گریڈ دیے جائیں گے، نتائج کا اعلان 13 اگست کوکیا جائے گا۔

عظمیٰ یوسف کا کہنا تھا کہ مئی ؍جون 2020 کے امتحانات کے لیے دیے جانے والے گریڈ کی وہی اہمیت اور قدر ہوگی جو کسی بھی دوسرے امتحان کی ہوتی ہے ، چنانچہ ان گریڈز کو امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی قبول کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ اسسمنٹ بیسڈ گریڈز کا سسٹم صرف پاکستان میں رجسٹرڈ اسکولوں کے لیے ہے، پرائیویٹ طلبا کے لیے نہیں، پراؤیٹ طلبا اکتوبر ؍ نومبر2020 کے امتحانات میں بیٹھ سکتے ہیں۔

کورونا کی وبا جاری رہنے کی صورت میں اکتوبر ؍ نومبر2020 کے امتحانات کے مستقبل کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ ہم اسکولوں کے ساتھ مشاورت سے اس کا حل تلاش کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں