کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ اور خیبر پختون خوا میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ

سبزی، پھل، دودھ، بیکری، میڈیکل اسٹورز، راشن سمیت دیگر اشیا خورو نوش کھلی رہیں گی، اجلاس میں فیصلہ


سبزی، پھل، دودھ، بیکری، میڈیکل اسٹورز، راشن سمیت دیگر اشیا خورو نوش کھلی رہیں گی، اجلاس میں فیصلہ

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ حکومت نے کل سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جب کہ خیبر پختون خوا میں جزوی طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں لاک ڈاؤن کا اہم ترین فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت ٹاسک فورس کے 24 ویں اجلاس میں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کا اطلاق آج اتوار کی رات 12 بجے سے ہوگا جس کا باضابطہ اعلان وزیر اعلی سندھ ایک ویڈیو بیان کے ذریعے کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے ضروریہ مثلا کریانہ اسٹور، میڈیکل اسٹور، سبزی، دودھ، بیکری اور ملک شاپ کھلی رہیں گی تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان دکانوں پر بھی عوام کا بلاوجہ رش نہ لگنے پائے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق عوام کو گھروں میں محدود رکھنے کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعینات کرتے ہوئے گشت میں اضافہ بھی کیا جائے گا تاکہ وہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاسکیں، نجی کمپنیوں اور صنعتی علاقوں میں قائم فیکٹریوں و کارخانوں کو بند رکھے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تاہم صابن بنانے والی اور اشیا ضروریات کی فیکٹریاں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔

یہ پڑھیں : بلاول نے سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کے لئے وفاق سے مدد مانگ لی

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹر پیغام میں صوبے میں لاک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں اہم ترین فیصلے سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی ہے جن میں گورنر سندھ ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے سندھ حکومت کے اس اقدام پر عمل درآمد کرانے کی یقینی دہائی کرائی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ اپنے ٹویٹر پیغام میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے غیر معمولی اقدامات اپنانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کا دورانیہ 14 روز پر مشتمل ہوگا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھایا جاسکتا ہے۔

یہ پڑھیں : ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 733 ہوگئی

خیبر پختون خوا

خیبر پختون خوا نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ محکمہ ریلیف کے جاری کردی اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے سبب صوبے بھر میں تین روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے، صوبے میں کریانہ، دودھ، ادویات ، بیکری، سبزی، فروٹ، پٹرول پمپ کھلے رہیں گے جب کہ بقیہ سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔

KPK lock down by Corona Notification

 

 

پشاور میں تین علاقے قرنطینہ قرار، پولیس تعینات

پشاور میں اکیڈمی ٹاؤن، شنواری مارکیٹ حیات آباد اور بشیر آباد کینال روڈ کو سیل کرنے کے احکامات دے دیے گئے۔ تینوں علاقوں کو قرنطینہ قرار دیا گیا ہے، پولیس کو 24 گھنٹے متاثرہ علاقوں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں تین ہفتوں کے لیے شاپنگ مال، ریستوران اوربازاربند

 

خیبر پختون خوا میں سات روز کے لیے بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں