اسٹیٹ بینک فلور ملز کیلیے ماڈرنائزیشن اسکیم پر رضامند

حکام فلور مل کی ماڈرنائزیشن کیلیے قرضہ لینے کی حد 300 ملین کرنے پر تیار


رضوان آصف March 18, 2020
جدید ٹیکنالوجی کیلیے اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات کی، چیئرمین فلور ملز فوٹو : فائل

اسٹیٹ بینک نے آٹے کے معیار کو بہتر بنانے کیلیے فلورملز کی فرسودہ مشینری اور ٹیکنالوجی کو تبدیل کرنے کیلئے ماڈرنائزیشن اسکیم متعارف کروانے پر اصولی رضا مندی ظاہر کر دی اور کموڈٹی بیسڈ انڈسٹری ہونے کی وجہ سے فلورملز کیلئے سالانہ ٹرن اوور کی حد 800 ملین سے بڑھا کر 1200 ملین سے زائد کرنے اور قرضہ حاصل کرنے کی حد 200 ملین سے بڑھا کر 300 ملین روپے کرنے کیلیے مشاورت مکمل کر لی، اس سکیم کے تحت 600 سے زائد فلورملز کی ماڈرنائزیشن کئے جانے کا تخمینہ ہے۔

چند روز قبل پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا اور چیئرمین پنجاب عبدالروف مختار کی سربراہی میں وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹیٹ بنک (سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری) شاہد علی خان کیساتھ ملاقات کی تھی جس میں فلورملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اسٹیٹ بنک حکام کو بتایا تھا کہ اس وقت ملک میں 1430 سے زائد فلورملز آٹا میدہ سوجی کی تیاری کر رہی ہیں لیکن ان میں سے اکثریت فلورملز کی مشینری دہائیوں پرانی ہے جو کہ جدید غذائی معیار کا آٹا تیار کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

فلورملز فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رکن بھی ہیں اور وہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز صنعت کے درجہ میں شمار ہوتی ہیں لیکن چونکہ فلورملز کا خام مال گندم ہے اور ہر سال انہیں بڑی تعداد میں گندم خرید کر ذخیرہ کرنی پڑتی ہے جس وجہ سے ان کا سالانہ ٹرن اوور ایس ایم ایز کیلئے ٹرن اوور کی زیادہ سے زیادہ حد800 ملین روپے سے بڑھ جاتا ہے جس وجہ سے فلورملزسٹیٹ بنک کی ''ماڈرنائزیشن آف سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سکیم'' کے تحت 6 فیصد مارک اپ پر قرضہ کی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکتیں ۔

ملاقات کے دوران فلورملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے سٹیٹ بنک حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ فلورملز کیلئے سالانہ ٹرن اوور کی حد 1600 ملین روپے مقرر کی جائے جس پر سٹیٹ بنک حکام نے کہا کہ یہ بہت زیادہ ہوجائیگی ہم 1200 ملین روپے کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا اور پنجاب کے چیئرمین عبدالروف مختار نے''ایکسپریس'' کے رابطہ کرنے پر کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے فنانسنگ کی ضرورت ہے اسی مقصد کیلئے ہم نے سٹیٹ بنک کے حکام سے ملاقات کی تھی اور اپنے مطالبات پیش کئے تھے جن پر انہوں نے اصولی اتفاق کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |