فیصلہ کن جنگ سے قبل ٹیمیں ہتھیاروں کی کمی کا شکار

ڈیرن سیمی کو بطور کھلاڑی آزمانے کا امکان روشن ہوگیا


Abbas Raza March 17, 2020
بابر اور شرجیل کراچی کنگز کے ٹرمپ کارڈ، عامر عمدہ کھیل پیش کرنے کیلیے تیار

ایچ بی ایل پی ایس ایل 5کے دونوں سیمی فائنلز منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے جائیں گے۔

فیصلہ کن جنگ سے قبل ٹیمیں ہتھیاروں کی کمی کا شکار ہیں، پہلا معرکہ ملتان سلطانز اور پشاورزلمی کے مابین ہوگا،شان مسعود کو معین علی، ذیشان اشرف، خوشدل شاہ اور روی بوپارہ کی خدمات حاصل ہیں۔

گذشتہ میچ میں آرام کے بعد تازہ دم آل راؤنڈر شاہد آفریدی، بولرز سہیل تنویر،محمد عرفان اور عمران طاہر بھی بیٹسمینوں کے حوصلے آزمانے کیلیے بے تاب ہوں گے۔ وہاب ریاض الیون بیٹنگ میں کامران اکمل، حیدر علی اور شعیب ملک پر انحصار کرے گی، سکندر رضا کی صورت میں نئی کمک بھی دستیاب ہے۔

ڈیرن سیمی کو بطور کھلاڑی آزمانے کا امکان روشن ہوگیا، پیس بیٹری میں کپتان کے ساتھ راحت علی اور حسن علی بھی میسر ہوں گے۔ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کیخلاف کراچی کنگز کے ٹرمپ کارڈ بابر اعظم اور جارح مزاج شرجیل خان ہیں، چیڈوک والٹن اور کیمرون ڈیلپورٹ بھی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔

آل راؤنڈر کرس جورڈن اور پیسر محمد عامر عمدہ کھیل پیش کرنے کیلیے تیار ہیں،لاہور قلندرز کپتان سہیل اختر، فخرزمان اور بین ڈنک پر بھروسہ کریں گے،محمد حفیظ اور سمیت پٹیل سے آل راؤنڈ کارکردگی کی توقعات وابستہ ہوں گی،پیس پاور میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین شامل ہیں،تماشائیوں کے بغیر میچ جوش و خروش سے عاری ہوگا، سیکیورٹی ادارے بدستور مستعد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5کے فیصلہ کن مرحلے سے قبل ہی غیر ملکی کرکٹرز کی بڑی تعداد کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے سبب وطن واپس روانہ ہوچکی ہے۔

وسائل کی کمی کے شکار اسکواڈز منگل کو تماشائیوں کے بغیر قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں سیمی فائنلز کی جنگ لڑیں گے، پہلا میچ دوپہر 2بجے شروع ہوگا، 14پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ملتان سلطانز کا 9پوائنٹس لے کر چوتھی پوزیشن کی حامل ٹیم پشاور زلمی سے ٹکراؤ ہوگا، لیگ مرحلے کے دونوں میچز میں وہاب ریاض الیون پر فتح پانے والی شان مسعود الیون کو نفسیاتی برتری حاصل ہے، سلطانز پہلے مقابلے میں 6وکٹ اور دوسرے میں3 رنز سے سرخرو ہوئے تھے،منگل کے میچ میں شان مسعود کو معین علی، ذیشان اشرف اور اتوار کو لاہور قلندرز کیخلاف جارحانہ اننگز کھیلنے والے خوشدل شاہ کی خدمات حاصل ہوں گی۔

اس میچ میں آرام کرنے والے آل راؤنڈر شاہد آفریدی، تجربہ کار بولرز سہیل تنویر، محمد عرفان اور عمران طاہر بھی بیٹسمینوں کے حوصلے آزمانے کیلیے تازہ دم ہوچکے ہیں،غیر ملکی کرکٹرز کی واپسی سے زیادہ متاثر ہونے والی ٹیم پشاور زلمی بیٹنگ میں کامران اکمل، شعیب ملک اور حیدر علی پر انحصار کرے گی، تازہ کمک کی صورت میں آل راؤنڈر سکندر رضا اسکواڈ کو جوائن کرچکے، ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کو بطور کھلاڑی میدان میں اتارنے کا امکان ہے،وہاب ریاض، راحت علی اور حسن علی بولنگ میں تہلکہ مچانے کیلیے بے تاب ہوں گے، دونوں ٹیموں نے گذشتہ روز بھرپور مشقوں سے بڑے معرکے کی تیاری کرلی۔دوسرا سیمی فائنل رات 7بجے شروع ہوگا۔

11پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہنے والے کراچی کنگز کو 10پوائنٹس لے کر چوتھی پوزیشن پر رہنے والے لاہور قلندرز کا چیلنج درپیش ہوگا،لیگ مرحلے میں پہلا میچ سہیل اختر الیون نے 8وکٹ سے جیتا،دوسرے میں عماد وسیم الیون نے 10وکٹ کی فتح کے ساتھ بدلہ چکا دیا، کراچی کنگز کا ٹرمپ کارڈ ایونٹ کے ٹاپ اسکورر بابر اعظم اور جارح مزاج اوپنر شرجیل خان ہوں گے،کیمرون ڈیلپورٹ اور افتخار احمد کے کندھوں پر بھی بھاری ذمہ داری ہوگی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن اچھی فارم میں ہیں،پیس بیٹری میں محمد عامر کا ساتھ دینے کیلیے کرس جورڈن میسر ہوں گے،کپتان عماد وسیم کو عمر خان اور اسامہ میر جیسے اچھے اسپنرز بھی میسر ہیں،دوسری جانب اتوار کو ملتان سلطانز کیخلاف ناقابل شکست سنچری بنانے والے کرس لین کی وطن واپسی سے لاہور قلندرزکا کمی نیشن متاثر ہوگیا، اب فخرزمان کے ساتھ عابد علی سے اننگز کا آغاز کرایا جا سکتا ہے، کپتان سہیل اختر ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بین ڈنک بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں، محمد حفیظ اور سمیت پٹیل سے آل راؤنڈ کارکردگی کی توقعات ہوں گی،بولنگ لائن ان فارم شاہین شاہ آفریدی، دلبر حسین اور حارث رؤف جیسے اسپیڈ اسٹارز سے مزین ہے۔

لاہور قلندرز کو میچ ونر آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسی کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، شائقین کی بھرپور توجہ کا مرکز بنے رہنے والے ایونٹ کا اہم ترین مرحلہ شروع ہونے سے قبل سیکیورٹی ادارے تو بدستور اپنی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں لیکن شہر میں کوئی جوش و خروش نظر نہیں آرہا،میزبان شہری ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر پی ایس ایل میں پہلی بار آخری پوزیشن سے پیچھا چھڑا کرٹاپ فور میں جگہ بنانے والے لاہور قلندرز کی فائنل تک رسائی کی دعائیں کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں