نواب شاہ کے بینک میں ساڑھے28لاکھ کی ڈکیتی قومی شاہراہ پر مقابلہ ڈاکو ہلاک2اہلکار زخمی

نیشنل بینک یونیورسٹی برانچ میں 9 ملزمان داخل ہوئے، عملے کو یرغمال بنا کر رقم لوٹ لی


Nama Nigaran November 28, 2013
پولیس نے کھیتوں کا محاصرہ کر لیا اور ضلع بھر کی پولیس نفری اور بکتر بند گاڑی بھی طلب کر لی۔

ڈاکوؤں نے عملے کو یرغمال بنا کر بینک سے 28 لاکھ 34 ہزار روپے لوٹ لیے، سکرنڈ کے قریب قومی شاہراہ پر بینک لوٹ کر فرار ہونے والے ملزمان کی گاڑی پنکچر ہو گئی، پولیس کے پہنچنے پر قریبی کھیتوں میں داخل ہوگئے۔

پولیس کا مبینہ مقابلہ، تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح تعلقہ پولیس تھانے کی حدود میں واقع نیشنل بینک یونیورسٹی برانچ میں 2 گاڑیوں میں سوار 9 ملزمان داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر عملے کو یرغمال بنا کر اسٹرانگ روم سے 28 لاکھ 34ہزار روپے لوٹ لیے، ڈکیتی کی اطلاع پر پولیس کے پہچنے پر قریبی کھیتوں میں فرار ہوگئے، پولیس نے کھیتوں کا محاصرہ کر لیا اور ضلع بھر کی پولیس نفری اور بکتر بند گاڑی بھی طلب کر لی، ایس ایس پی جاوید جسکانی نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا جس میں 2 اہلکار شیر محمد سرگانی اور لعل بخش رند زحمی جبکہ ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی شناخت امام الدین عرف آصف چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے جو لاڑکانہ کا رہائشی ہے۔



ایس ایس پی کے مطابق مقابلے میں ہلاک ڈاکو نے چند ماہ قبل دادو میں ایک بینک لوٹنے کے دوران فائرنگ کرکے برانچ منیجر کو قتل کر دیا تھا، ملزمان کی گاڑی سے 2پستول، 2نمبر پلیٹیں اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی ، بتایا جاتا ہے کہ ڈکیت گروہ میں 2 خواتین بھی شامل تھیں جو دوسری گاڑی میں فرار ہوگئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں پکڑ لیا، قاضی احمد سے نامہ نگار کے مطابق ایس پی او مقبول میمن کی قیادت میں نواب شاہ بینک ڈکیتی میں ملوث ڈاکوؤں کا پیچھا کرتے ہوئے انھیں رین شاخ کے قریب گنے کے کھیت میں گھیر لیا، ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ کے تبادلے میں قاضی احمد پولیس کے 2 اہلکار شیر محمد سرگانی اور لعل بخش رند زخمی ہوگئے جبکہ ایک ڈاکو آصف چانڈیو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ ایک کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں