پی ایس ایل کے افق پر ستاروں کی کہکشاں سجنے لگی

واٹسن، رونکی اورفواد احمد کراچی پہنچ گئے، والٹن اور ایلکس ہیلز نے بھی شہر قائد میں قدم رکھ دیے


اسپورٹس رپورٹرز February 16, 2020
موسیقی کا تڑکا لگانے کیلیے راحت فتح علی،عارف لوہار، علی عظمت، ہارون اور عاصم کا انتخاب کرلیاگیا۔ فوٹو: فائل

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے افق پر ستاروں کی کہکشاں سجنے لگی،شین واٹسن، لیوک رونکی اورفواد احمد کراچی پہنچ گئے۔

پہلی بار مکمل پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، 20 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوگا، پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مابین شیڈول ہے،2 مرتبہ کی چیمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی ایک بار پھر ٹرافی اٹھانے کا عزم لیے کراچی پہنچ گئے، لیوک رونکی کے ساتھ فہیم اشرف، آصف علی، حسین طلعت، ظفر گوہر اور دیگر کی صبح آمد ہوئی،کپتان شاداب خان اور فاسٹ بولر محمد موسیٰ کی شام کو آمد طے تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس اورپھر پریکٹس سیشن ہوگا، یاد رہے کہ ایونٹ کے آغازسے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ایک پریکٹس میچ بھی شیڈول ہے، پشاور زلمی کے لیام ڈاسن پہلے ہی کراچی آ چکے اور گذشتہ روز دیگر کرکٹرز کے ساتھ نیٹ سیشن بھی کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن اور فواد احمد کی آمد بھی ہوگئی۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑی روی بوپارہ ایم سی سی ٹیم کے ساتھ آگئے تھے ، رلی روسو بھی لاہورپہنچ گئے، عمران طاہر کی آمد گذشتہ شب شیڈول تھی،جیمز ونس 18اور معین علی 19 فروری کو لاہور پہنچ جائیں گے، شاہد آفریدی نجی مصروفیت کے باعث اتوار کو اسکواڈ جوائن کرلیں گے،کراچی کنگز کے اسسٹنٹ کوچ جوہان بوتھا کی بھی آمد ہوگئی،چیڈوک والٹن اور ایلکس ہیلز نے شہر قائد میں قدم رکھ دیے، یہاں کھلاڑیوں کے پوسٹرز دلفریب منظر پیش کرنے لگے ہیں۔

موسیقی کا تڑکا لگانے کیلیے راحت فتح علی،عارف لوہار، علی عظمت اور پانچویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ گانے والے ہارون اور عاصم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں میڈیا سیشن کے دوران ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کردیا۔

شان مسعود نے کہاکہ ٹیم کی قیادت بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے، ڈومیسٹک سیزن میں کپتانی کا تجربہ بھی مل گیا، پی ایس ایل میں شاہد آفریدی جیسے تجربہ کار سینئرز کا تعاون بھی حاصل ہوگا، ہیڈکوچ اینڈی فلاور اور بولنگ کوچ مشتاق احمد سے رہنمائی مل رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت زبردست اور کسی بھی حریف کو ہراسکتی ہے، پلیئرز ہوم گراؤنڈ ملتان پر کھیلنے کیلیے بے تاب ہیں،کپتانی کا کوئی اضافی دباؤ نہیں ہوگا، انھوں نے کہا کہ میں خود پر صرف ٹیسٹ پلیئر ہونے کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتا،خواہش ہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں بھی نام کماؤں۔

ملتان سلطانز کے کھلاڑی روی بوپارا نے کہا کہ پی ایس ایل کے تمام مقابلوں کا پاکستان میں ہونا اچھی بات ہے، ہم دبئی میں بھی کھیل کر بہت لطف اندوز ہوئے لیکن یہاں پرستاروں کی موجودگی میں پرفارم کرنے کا لطف ہی الگ ہوگا، میں پاکستان میں کھیلنے کیلیے بہت پُرجوش ہوں، ایم سی سی کی نمائندگی کا بھی مزہ آیا، پاکستانی بولرز زبردست اور شائقین بھرپور سپورٹ کرنے والے ہیں۔

ملتان سلطانز کے ہیڈکوچ اینڈی فلاور نے کہا کہ خوشی اور فخر ہے کہ ایک بار پھر پاکستان آیا ہوں، یہاں میرے بہت سارے دوست ہیں، ملتان سلطانز کے کسی ایک کھلاڑی کو ٹرمپ کارڈ نہیں سمجھتا، تمام میچ ونرز ہیں، سینئرز کے ساتھ نوجوان بھی بہترین پرفارمنس سے سب کے دل جیت سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ مشتاق احمد بہترین معاون ہوں گے، وہ کھیل اور یہاں کی کنڈیشنز کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔