ڈوئین جانسن دی راک

فٹ بال چیمپئن سے شروع ہونے والا سفر ریسلنگ کنگ سے ہوتا ہوا ہالی وڈ سپر سٹار تک پہنچ چکا


Rana Naseem February 02, 2020
فٹ بال چیمپئن سے شروع ہونے والا سفر ریسلنگ کنگ سے ہوتا ہوا ہالی وڈ سپر سٹار تک پہنچ چکا

کامیابی... وہ خواہش ہے، جس کے حصول کے لئے حضرت انسان اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیتا ہے، لیکن یہ کامیابی کسی دکان پر بکنے والی چیز نہیں کہ اس کو خرید لیا جائے بلکہ کامیابی انسان کے اپنے دائرہ کار اور عمل میں رہتے ہوئے اْس کوشش اور کاوش کا نام ہے کہ جہاں اْسے زندگی گزارنا ایک میکانکی عمل نہیں لگتا بلکہ وْہ شعوری جدوجہد ہوتی ہے، جس میں وْہ کسی قابل قدر مقصد کو اپنی ہمت اورجوش و جذبے کے ساتھ اپنے عمل کے ذریعے حاصل کرتا ہے۔

ذہنی میلان اور فطری ضرورت کے مطابق ہر انسان زندگی کے مختلف شعبہ جات میں کامیابی حاصل کرنے کی جدوجہد کرتا ہے، تاہم اس دوران اسے کبھی کامیابی تو کبھی ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن بعض انسان قسمت کے ایسے دھنی ہوتے ہیں، جو مٹی میں ہاتھ ڈالیں تو وہ سونا بن جاتا ہے، وہ جس شعبے میں بھی قدم رکھیں، کامیابی ان کی منتظر ہوتی ہے، ایسے ہی لوگوں میں ایک نام ڈوئین جانسن (دی راک) کا ہے، جنہوں نے فٹ بال سے لے کر رگبی، ریسلنگ اور اداکاری تک ہر جگہ کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ دیئے۔

آج کے ہالی وڈ سپر سٹار کو 2016ء اور 2019ء کو سب سے مہنگا اداکار ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ 8 بار ڈبلیو ڈبلیو ای ہیوی ویٹ چیمپئن شپ جیتنے والے دی راک کو ٹائم میگزین کے 100 بااثر افراد اور ہالی وڈ واک آف فیم میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ جانسن کو ایک امتیازی حیثیت یہ بھی حاصل ہے کہ انہیں مرکزی کردار والی اپنی پہلی ہی فلم ''The Scorpion King'' میں کسی بھی اداکار سے زیادہ معاوضہ دیا گیا، جس پر ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا۔

معروف امریکی اداکار، پروڈیوسر، سرمایہ کار اور ریٹائرڈ ریسلر ڈوئین جانسن 2 مئی 1972ء کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ہیورڈ میں پیدا ہوئے، ان کے والد کینیڈین سیاہ فام راکی جانسن ایک پروفیشنل ریسلر جبکہ والدہ اتا جانسن ٹیلی ویژن کی جانی پہچانی شخصیت تھیں۔ جانسن نے بچپن کا کچھ حصہ اپنی والدہ کے ساتھ نیوزی لینڈ میں بیتایا جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی حاصل کی، بعدازاں وہ امریکا لوٹ آئے، جہاں پہلے کیرولینا، ٹیننسی اور پھر پنسلوانیا سے انہوں نے تعلیم مکمل کی۔ عظیم فٹبالر بننے کی صلاحیتوں سے مالا مال جانسن کو مختلف کلبز کی طرف سے متعدد آفرز کی گئیں، لیکن انہوں نے یونیورسٹی آف میامی کے سکالر شپ پر کھیلنے کو ترجیح دی۔ 1991ء میں فٹ بال کے میدان میں دفاعی کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلنے والے ڈوئین جانسن میامی ہیوری کینز نیشنل چیمپئن شپ ٹیم کا حصہ تھے۔

1995ء میں کریمنالوجی اینڈ سائیکالوجی میں گریجوایشن کرنے کے بعد ان کا کینیڈین فٹ بال لیگ کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا۔ فٹ بال کیریئر کے بعد جانسن نے اپنے آباؤ اجداد کے شوق ''ریسلنگ'' کو بطور پیشہ اپنانے کا فیصلہ کیا۔ ریسلنگ کی دنیا میں دی راک کے نام سے پہچان بنانے والے ریسلر کے نہ صرف والد بلکہ دادا، تین چچا اور چھ کزن بھی اسی شعبہ سے منسلک تھے۔ ریسلنگ کے میدان میں تجربہ کار ریسلر پیٹ پیٹرسن نے ان کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا۔ اپنے حقیقی نام کے ساتھ جانسن نے دی براک لین، کرس کینڈیڈو اور اون ہرڈ جیسے نامور ریسلرز کو شکست دی۔ 1996ء میں ڈوئین نے یونائیٹڈ سٹیٹس ریسلنگ ایسوسی ایشن کے دوران جب اس وقت کے مشہور ریسلر جیری لالر کو شکست دی تو ڈبلیو ڈبلیو ایف (ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن) نے ان کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔

جانسن نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اکھاڑے میں والد اور دادا کے نام یعنی راکی مئیوا کے ساتھ ڈبیو کیا، جلد ہی وہ دنیائے ریسلنگ پر چھا گئے اور انہیں تھرڈ جنریشن کا پہلا ریسلر قرار دیا جانے لگا۔ ریسلنگ کے دو سال بعد ہی جانسن نے راکی مئیوا کے بجائے خود کو دی راک قرار دے دیا، جس کے بعد انہیں ریسلنگ کی دنیا میں دی راک پکارا جانے لگا۔ 1998ء میں راک مین کائینڈ کو ہرا کر وہ پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ایف چیمپئن شپ کے ونر بن گئے، جس کے بعد انہوں نے مختلف ادوار میں 7 بار یہ عالمی اعزاز حاصل کیا۔ راک نے ڈبلیو ڈبلیو ایف (ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن) جسے اب ڈبلیو ڈبلیو ای (ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ) کا نام دیا گیا ہے کے علاوہ اور بھی متعدد اعزازات جیت کر دنیائے ریسلنگ میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔

ڈوئین جانسن نے جب ہالی وڈ میں انٹری دی تو اس وقت وہ ایک نامی گرامی ریسلر کے طور پر اپنی پہچان بنا چکے تھے، جس کا انہیں فلم انڈسٹری میں بھی فائدہ ہوا اور وہ ہالی وڈ کے کامیاب ترین اداکار قرار پائے۔ دوران ریسلنگ ہی راک نے ٹیلی ویژن کے ذریعے اداکاری کی شروعات کر دی تھی، اداکاری کے حوالے سے ان کا پہلا کام ایک ٹی وی پروگرام "That Wrestling Show" میں تھا، جو 1999ء میں آن ائیر ہوتا تھا، پھر کچھ عرصہ بعد انہوں نے ایک ڈرامہ سیریزStar Trek: Voyager میں ایک ریسلر کا کردار نبھایا، یوں ایک بعد دوسرے کام کی بدولت وہ جلد ہی ٹیلی ویژن سٹار بن گئے۔

ہالی وڈ سٹار کی فلمی دنیا کا سفر فلم ''The Mummy Returns'' سے ہوا، جو 2001ء میں ریلیز ہوئی، جس کے بعد 2002ء میں ان کی آنے والی فلم ''The Scorpion King'' نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، دیکھا جائے تو یہ ان کی پہلی فلم تھی، کیوں کہ ''The Mummy Returns'' میں انہیں مرکزی کردار نہیں ملا تھا جبکہ ''The Scorpion King'' میں انہوں نے بطور ہیرو کردار ادا کیا۔ اس فلم کو دنیا بھر کے فلم شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ ''The Scorpion King'' کے بعد ''The Rundown''، ''Doom''، ''Fast & Furious 6''، ''Pain & Gain''، ''Faster''، ''Fast Five ''، ''Journey 2 ''، ''Furious 7''، ''Baywatch''، ''Jumanji: Welcome to the Jungle''، ''Baywatch'' اور ''Jumanji: The Next Level'' جیسی فلموں نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

بنیادی طور پر جانسن امریکی شہری ہیں، لیکن چوں کہ ان کے والد کینیڈین شہری تھے تو اس رشتے کی وساطت سے انہیں کینیڈا کی شہریت بھی مل چکی ہے۔ کبھی ریسلنگ تو کبھی اداکاری کی گوناگوں مصروفیات کے دوران جانسن کو ایک پروڈکشن کمپنی کی مالکن ڈینی گریشیا سے محبت ہو گئی اور انہوں نے 1997ء میں ڈینی گریشیا سے شادی کر لی، جس میں سے ان کی ایک بیٹی ہے، تاہم 2008ء میں ان دونوں میں طلاق ہو گئی، جس کے بعد جانسن کی گلوکارا لورین ہاشیان سے پیار کی پینگیں پڑ گئیں اور انہوں نے شادی کر لی۔ قدرت نے لورین ہاشیان کے بطن سے ایکشن ہیرو کو دو بیٹیاں (جیسمین اور ٹیانا) عطا کیں۔

صلاحیتوں کا اعتراف
دنیا کے کامیاب ترین افراد کی فہرست میں شامل ڈوئین جانسن کو فٹ بال سے لے کر ریسلنگ اور اب اداکاری کے میدان میں متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ 1991ء میں صرف 19برس کی عمر میں انہیں این سی اے اے ایف نیشنل چمپئن شپ ایوارڈ سے نوازا گیا، این سی اے اے ایف امریکا میں کالج سطح کی سب سے بڑی قومی چمپئن شپ ہے، جس میں ایوراڈ حاصل کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ 2001ء میں انہیں The Mummy Returns میں بہترین اداکاری
پرTeen Choice Awards، 2012ء میں CinemaCon، 2013ء میں Kids Choice Awards، 2015ء میں Muscle & Fitness، 2016ء میں Mr. Olympia، People's Choice Awards، People Magazine، Shorty Awards، Time Magazine، 2017ء میں Kids' Choice Awards، Teen Choice Awards، NAACP Image Awards، 2018ء میں Kids' Choice Awards، Teen Choice Awards، Golden Raspberry Awards اور 2019ء میں United States 1st Armored Division کی طرف سے Honored، Time Magazine اور MTV Movie & TV Awards عطا کیا گیا۔

فلم، ڈرامہ اور ویڈیو گیمز
ڈوئین جانسن کے فلمی سفر کی باقاعدہ ابتداء The Mummy Returns سے ہوئی، یہ فلم 2001ء میں ریلیز ہوئی، جس انہوں نے ولن کا کردار نبھایا۔ 2002ء میں ایکشن ہیرو نے The Scoprion Kind جیسی شاہکار فلم ہالی وڈ کو دی تو دیکھتے ہی دیکھتے وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ ہالی وڈ سٹار نے 2003ء میں The Rundown، پھر Walking Tall، Be Cool، Doom، Reno 911!: Miami، The Game Plan، Faster، Fast Five، Journey 2: The Mysterious Island، Snitch، Hercules اور Jumanji: The Next Level سمیت مجموعی طور پر 42 فلموں میں کام کیا۔ فلم کے ساتھ ٹی وی کی بات کی جائے تو یہاں بھی سپرسٹار چھائے رہے۔ 1999ء میں انہوں نے ٹیلی ویژن پر That '70s Show کے نام سے اپنا پہلا پروگرام کیا، جس کے بعد انہوں نے The Net، Saturday Night Live، Family Guy، Transformers: Prime، The Hero، Ballers، Lifeline اور The Titan Games سمیت 16 ڈرامہ سیریز اور شوز میں کام کیا۔ فلم اور ڈرامہ کے علاوہ وہ 4 ویڈیو گیمز میں بھی کام کر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |