کوٹری حادثات و واقعات میں تبلیغی جماعت کے ارکان سمیت6افراد جاں بحق24زخمی

رائے ونڈ اجتماع میں شرکت کے بعد واپس آنے والوں کی کوچ تیز رفتاری کے باعث سپر ہائی وے پر الٹ گئی


Express News Desk/Nama Nigar November 12, 2013
حیدرآباد: سپر ہائی وے چوکی نمبر 13 پر رائے ونڈ اجتماع سے واپس آنے والوں کی حادثے کا شکار ہونے والی کوچ ۔ فوٹو : عدیل احمد/ ایکسپریس

ٹریفک حادثات و واقعات میں تبلیغی اجتماع سے شرکت کے بعد واپس آنے والوں سمیت6افراد جاں بحق جبکہ24 سے زائد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پولیس چوکی نمبر 13کے قریب رائے ونڈ کے اجتماع میں شرکت کے بعد واپس آنے والے افراد کی کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے باعث 24 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، حادثے کے باعث سپر ہائی وے بلاک ہو گیا۔ ابتدائی طور پر دیگر گاڑیوں میں سوار افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو اپنی گاڑیوں میں اسپتال منتقل کرنے کا کام شروع کر دیا، جس کے بعدموٹر وے پولیس اور ایدھی ایمبولینس بھی پہنچ گئیں جنہوں نیزخمیوں کو ایل ایم یو جامشورو اور سول اسپتال حیدرآباد پہنچایا تاہم ایل ایم یو اسپتال جامشورو میں لائے جانے والے45 سالہ مولانا سعد اللہ اور 28 سالہ مولانا نعمان دم توڑ گئے جبکہ سول اسپتال میں بھی 38 سال محمد یعقوب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ہلاک شدگان تمام افراد کا تعلق کراچی کے علاقے بفرزون اور نارتھ ناظم آباد سے بتایا جاتا ہے۔ زخمیوں میں ریحان قریشی، عاصم علی، عفان، جواد، عبیداللہ، سرور، محمد جنید، افضل، محمد امین، افتخار، طحہ، امیر علی، مولین، علیم الدین، محمد خرم و دیگر شامل ہیں۔



پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ علاوہ ازیں کوٹری بابا صلاح الدین کے قریب تیز موٹر سائیکل سوار بجلی کے پول سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں کوٹری سائٹ کی مقامی فیکٹری میں کام کرنیوالا35 سالہ محبوب موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔

جبکہ دوسرا سوار اس کا دوست پولیس اہلکار شمس شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال کوٹری لایا گیا۔ کوٹری سائٹ لیبر کالونی کے قریب تیز رفتار ٹرک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا جس کے باعث ڈرائیور علی حسن زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی ، پولیس نے زخمی ڈرائیور کو حراست میں لے کر نشے کی حالت میں ٹرک چلانے پر گرفتار کر لیا۔ ادھر لونی کوٹ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار نظیر گاہو کراچی کے اسپتال میں دم توڑ گیا جس کی لاش ورثا تدفین کے لیے دادو لے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |