پشاور میں سوزوکی ڈرائیور غیرت کے نام پر قتل 3 ملزم گرفتار

سوزوکی ڈرائیور کو بے دردی سے قتل کرکے لاش متنی میں پھینک دی گئی تھی


Crime Reporter January 06, 2020
سوزوکی ڈرائیور کو بے دردی سے قتل کرکے لاش متنی میں پھینک دی گئی تھی . فوٹو: فائل

کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے نواحی علاقہ متنی میں سوزو کی ڈرائیور کو غیرت کے نام پر بیدردی سے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔

تھانہ متنی پولیس کو 30 دسمبر کو اطلاع ملی تھی کہ ایک لڑکے کی لاش ملی ہے جس پر مقامی پولیس نے لاش کو تحویل میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے اسپتال منتقل کر کے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے نوجوان کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن عبدالسلام خالد کی سربراہی میں ڈی ایس پی صدر سرکل توحیداللہ اور ایس ایچ او تھانہ متنی تحسین اللہ پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مقتول کی شناخت سمیت قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا۔

ڈی ایس پی توحید اللہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ تحسین اللہ نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے لاش کی شناخت کے لئے ڈی این اے سمیت سوشل میڈیا کا بھی سہارا لیا جس کے دوران مقتول کی شناخت جان محمد ولد یار محمد سکنہ پھندو پایان کے نام سے ہوئی جس پر پولیس نے اس کے ساتھ قریبی روابط رکھنے والوں سمیت متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو بھی شامل تفتیش کیا۔

تفتیش کے دوران نوجوان سوزوکی ڈرائیور کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم عرفان ولد نصر اللہ سکنہ پھندو پایاں کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا گیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران سوزوکی ڈرائیور کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے شریک ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے جنہیں بھی گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے سوزوکی گاڑی سمیت آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں