برائیڈل کیٹیورویک

شوبزستاروں کی عروسی ملبوسات میں کیٹ واک  نے سماں باندھ دیا


Qaiser Iftikhar December 08, 2019
شوبزستاروں کی عروسی ملبوسات میں کیٹ واک  نے سماں باندھ دیا۔ فوٹو: فائل

ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کے سب سے مقبول اور معروف فیشن شو برائیڈل کیٹیور ویک کا میلہ لاہور میں سجایا گیا۔

تین روزہ فیشن ویک میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ملک کے نامور فیشن ڈیزائنرز نے عروسی ملبوسات کی دیدہ زیب کولیکشن متعارف کرانے کے تمام ریکارڈ بریک کرڈالے ۔ ایک طرف شوخ اورچنجل اندازمیں کیٹ واک کرتی سپرماڈلز اپنے جلوے بکھیررہی تھیں تودوسری جانب فلم، ٹی وی، میوزک اورفیشن کے ستاروں کی کہکشاں نے بھی اس ایونٹ کوچارچاندلگائے۔

برائیڈیل ویک کی روایت کوبرقرار رکھتے ہوئے منتظمین کی جانب سے سٹیج کومنفرد بنانے کیلئے خاص توجہ دی گئی تھی، یہی وجہ ہے کہ ہلکی اورتیزروشنیوں میں سٹیج کا سیٹ ہرکسی کی توجہ حاصل کررہا تھا۔

تین روزہ فیشن شو میں مشرقی روایت کی اقدار سے مطابقت رکھتے ہوئے عروسی رجحانات کو پیش کیا گیا ۔ برائیڈل کٹیور ویک کے پہلے دن ملک کے نئے عروسی رجحانات کومتعارف کرا یا گیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی برائیڈل شومیں ملک کے مشہور و معروف ڈیزائنرز کے ساتھ ایسے نوجوان ڈیزائنرز کی صلاحیتوں کو بھی سامنے لایا گیا جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کی صلاحیتوں سے مالا مال تھے۔

عروسی ملبوسات کی خوبصورت کولیکشن متعارف کرانے کیلئے 29ڈ یزائنرز نے اپنی صلاحیتوں کے ہنر ملبوسات کی صورت میں متعارف کروائے۔ شو کے پہلے دن کا آغاز فہد حسین کے عروسی ملبوسات ' لیبیا گواچی' سے کیا گیا، جواپنی نوعیت کی منفرد کولیکشن تھی، اس کے بعد عائشہ عمران نے دلکش کلاسک د لہنوں کے لیے اپنا رومانوی انتخاب بعنوان' شادی مبارک' حاضرین کے سامنے پیش کیا، ان کے بعد المیراہ کی تخلیق تھی۔

ایتھنک سینز کے عنوان سے پیش کی جانے والی اس کولیکشن میں مشرقی فن کی جھلک نمایاں تھی، بعد ازاں شمشاراکیٹیور ہاؤس کا خیال پیش کیا گیا جو ترکی کی عثمانی سلطنت کے ٹیولپ دور سے متاثر تھا ۔ زونیا انور کی کولیکشن نے نئی نسل کی دلہنوں کے لئے اپنے مخصوص انداز میں ثقافتی تکنیک پر مشتمل انتہائی خوبصورت انتخاب پیش کیا۔

اس موقع پرایک خصوصی شو بھی پیش کیا گیا، جس میں ماڈلز اپنے خوبصورت بالوں کی نمائش کرتے ہوئے ریمپ پرواک کرتی نظر آئیں۔ اس سیگمنٹ میں ابھرتی ہوئی گلوکارہ ماریہ عنیرا کی خاص پرفارمنس بھی قابل ذکرتھی۔ ہئیر شو کے بعد زگی مینزوئیر نے اپنی یک ر نگی کولیکشن فنا پیش کی۔ جس میں انتہائی آرام دہ کپڑے سے بنے صوفی ازم سے متاثر ملبوسات کو نمایاں کیا گیا تھا۔ نتاشا بلال ہاؤٹ کیٹیور نے آبرو پیش کیا، جسے پینٹین رائزنگ سٹار کا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔ ان کی کولیکشن خوبصورت مغلیہ ورثے سے متاثرتھی۔ اس کولیکشن کوانہوںنے کورے اور دبکے کے کام کی جدید تکنیک کی مدد سے مزید نمایاں کیا تھا۔

حارث شکیل نے اپنی کولیکشن عشق میں بلاک اور سکرین پرنٹنگ کے خوبصورت امتزاج کے ذریعے ایک نیا رنگ بھر کر حاضرین کے روبرو کیا، ان کے بعد آنے والے رائل ٹیگ نے رائل سریمنی کے عنوان سے مردوں کے لئے انتہائی شائستہ ملبوسات پیش کئے، جو سیون ہاؤس اور گارڈن لندن سے متاثر تھے۔ پہلے دن کا اختتام دنیا بھر میں اپنے کام کے حوالے سے جانی جانے والی معروف ڈریس ڈیزائنر نیلوفر شاہد کے انتہائی منفرد اور خوبصورت انتخاب داستان فردوس کے ذریعے ہوا۔

برائیڈل کٹیور ویک کے تنیوں روز معروف ڈیزائنرز کی کولیکشن نے جہاں حاضرین کومتاثرکیا، وہیں سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھرسے بھی لوگوں کا مثبت رسپانس اس بات کو ثابت کررہا تھا کہ واقعی پاکستانی ڈیزائنرز صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں اورانٹرنیشنل مارکیٹ میں اگرپاکستانی ڈیزائنرز کوحکومت کی سرپرستی حاصل ہوجائے توہم اس شعبے کے زریعے ملک کا امیج بہترکرنے کے ساتھ ساتھ کاروبار کی نئی مارکیٹ بھی متعارف کروانے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔

برائیڈل کیٹیور ویک میں ہمیشہ کی طرح اس بار سیلبرٹیز کی بڑی تعداد دکھائی دی، جن میں اداکارعدنان صدیقی، صباقمر، نوشین شاہ، سارہ خان، منال خان، اعجاز اسلم، بلال خان، کنزہ ہاشمی ، سوچ بینڈ اورابرارالحق سمیت دیگرمعروف شخصیات شامل ہیں، جن کواپنے درمیان دیکھ کرحاضرین نے خوشی کا اظہار کیا۔ یہی وجہ ہے کہ برائیڈل شو شروع ہونے سے پہلے اوراختتا م پر اپنے پسندیدہ فنکاروں، گلوکاروں، ڈیزائنرز اورماڈلز کے ساتھ سیلفیاں بنانے کا سلسلہ عروج پررہا۔

شو میں معروف شوبز ستارے صرف شواسٹاپر کے طورپرسامنے نہیں آئے بلکہ انہوں نے اپنی جاندارپرفارمنسز کے زریعے شرکاء کوخوب محظوظ کیا، گلوکار ابرالحق ، ماریہ عنیرا اورسوچ بینڈ نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے لوگوں کے دل جیت لئے، جبکہ دوسری جانب عروسی ملبوسات پرمبنی فیشن شو میں مقبول گلوکاروں کے گائے شادی بیاہ کے گیت سن کرحاضرین لطف اندوز ہوتے رہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل زکرہے کہ برائیڈل کٹیور ویک 2019 کی شو ڈائریکٹر ونیزہ احمد علی تھیں جبکہ آمنہ عمر آفیشل جیولری پارٹنر تھیں۔

اس موقع پرایکسپریس سے گفتگوکرتے ہوئے اداکارہ صباقمر کا کہنا تھا کہ برائیڈل کٹیور ویک ایک نہایت خوش آئند سرگرمی ہے۔ پاکستان میں آج ایسے شاندار اور حیرت انگیز کام ہو رہے ہیں جو ہمارے لیے باعث فخرہیں اور انہیں ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ دنیا کو بتایا جاسکے کہ ہم کسی بھی شعبے خصوصاً آر ٹ اور کلچر میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔

فیشن انڈسٹری بھی پاکستان کی دیگر صنعتوں کی مانند ایک ایسی صنعت ہے جو ترقی کی شاندار شاہراہ پر گامزن ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر میں ہماری برائیڈل فیشن انڈسٹری کو سراہا جارہا ہے۔ فیشن ڈیزائنر فہد حسین نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ برائیڈل کیٹیور ویک کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج دنیابھرمیں متعارف کرایا جائے۔

دوسری جانب اس فیشن ایونٹ میں تمام ڈیزائنرز کی کولیکشن مثالی تھی اورمجھے امید ہے کہ آئندہ برس بہت سے نوجوان ڈیزائنرز اپنی خوبصورت کولیکشن کے ساتھ یہاں جلوہ گرہونگے اورہماری فیشن انڈسٹری ترقی کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |