ہوم سیریز فواد عالم کو صبر کا میٹھا پھل ملنے کا امکان

سری لنکا سے ٹیسٹ میچزکیلیے سمیع اسلم اور عثمان شنواری کے نام بھی زیر غور


Sports Reporter/Abbas Raza December 04, 2019
امام اورحارث کی جگہ خطرے میں پڑگئی،نسیم انڈر19ورلڈکپ کی تیاری کرینگے فوٹو: فائل

فواد عالم کو صبر کا میٹھا پھل ملنے کا امکان ہے جب کہ سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کیلیے ان سمیت سمیع اسلم کا نام بھی زیر غور ہے۔

آسٹریلیا میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دونوں میچز میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستان ٹیم میں تجربات کا دوسرا دور سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز سے شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صرف9 رنز بنانے والے حارث سہیل کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ چکا، امام الحق بھی ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام رہے۔ ان کو بھی ڈراپ کیا جا سکتا ہے، سیریز میں سب سے بڑی 27 کی اننگز کھیل پانے والے افتخار احمد نے بھی سخت مایوس کیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے فواد عالم کا نام زیر غور آئے گا، ایک عرصے سے نظر انداز بیٹسمین فرسٹ کلاس کرکٹ میں 56.57کی اوسط سے12ہزار سے زائد رنز جوڑ کر عالمی ٹاپ پرفارمرز کی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہیں، سمیع اسلم کو بھی کم بیک کا موقع مل سکتا ہے، بہتر فارم اور فٹنس کی بنیاد پر عثمان شنواری کو موقع ملنا خارج ازامکان نہیں۔

نسیم شاہ آئندہ سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے انڈر19ورلڈکپ کی تیاری کریں گے، ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی ہدایت پر ڈومیسٹک کرکٹ کے عمدہ پرفارمرز کا ڈیٹا پہلے ہی اکٹھا کیا جا رہا ہے،کاشف بھٹی آسٹریلیا میں کوئی میچ کھیلے بغیر ہی واپس آئے ہیں، کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے یاسر شاہ کی معاونت کیلیے مزید نوجوان اسپنرز کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں