’’دہشت گردوں کے ڈر سے پیس میکر غیرفعال کروادیا تھا‘‘

ڈک چینی نے امریکا کی عراق اور افغانستان پر جنگ کے دوران دہشت گردوں کو بزدل قرار دیا تھا۔


غزالہ عامر October 27, 2013
مجھے ڈر تھا کہ دہشت گرد میرے سینے میں لگا ہوا پیس میکر ہیک کرکے مجھے زندگی سے محروم کردیں گے، ڈک چینی۔ فوٹو : فائل

ڈک چینی جارج ڈبلیو بش کے دورصدارت میں جنوری 2001ء سے جنوری 2009ء تک امریکا کے نائب صدر کے عہدے پر فائز رہے تھے۔

اس عرصے کے دوران امریکا نے عراق اور افغانستان پر جنگ مسلط کی، جواز دنیا اور امریکا کو دہشت گردوں کے حملوں سے بچانا تھا۔ ان برسوں کے دوران بارہا ڈک چینی نے دہشت گردوں کو بزدل قرار دیتے ہوئے ان کا قلع قمع کرنے کے بیانات جاری کیے۔ حال ہی میں ایک ٹیلی ویژن چینل کو دیے گئے انٹرویو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان ' بزدل دہشت گردوں'سے خود ڈک چینی کتنے خوف زدہ تھے۔ سی بی ایس ٹیلی ویژن کے پروگرام کے دوران سابق امریکی نائب صدر نے کہا کہ مجھے ڈر تھا کہ دہشت گرد میرے سینے میں لگا ہوا پیس میکر ہیک کرکے مجھے زندگی سے محروم کردیں گے، اسی لیے 2007ء میں، میں نے اپنے سرجن سے کہہ کر یہ آلہ غیرفعال کروادیا تھا۔

ڈک چینی کے مطابق جب ان کے یہ علم میں یہ بات آئی کہ پیس میکر کو ہیک کرکے انسانی دل کو زبردست شاک پہنچایا جاسکتا ہے تو وہ بے حد فکرمند ہوگئے تھے کیوں کہ ان کے دل کی دھڑکنوں کو بھی یہی آلہ ہموار رکھے ہوئے تھا۔



انھیں یہ خوف لاحق ہوگیا تھا کہ دہشت گرد کسی بھی ذریعے سے ان کے سینے میں پیوند کردہ پیس میکر انھیں ہلاک کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ اسی خوف نے انھیں مجبور کیا کہ وہ اس آلے کو غیرفعال کروادیں۔ گذشتہ برس ایک ٹیلی ویژن ڈراما سیریز'' ہوم لینڈ'' میں جب انھوں نے اسی طریقے سے ایک شخص کا قتل ہوتے دیکھا تو سکھ کا سانس لیا کہ وہ اس آلے سے نجات حاصل کرچکے تھے۔

ڈک چینی وہ شخص ہیں جو سیاست کے علاوہ بھی کئی حوالوں سے شہ سرخیوں میں رہے۔ ان حوالوں میں شکاری ' مہمات' اور ان کی صحت کے مسائل سرفہرست ہیں۔ جارج ڈبلیو بش کے سابق نائب کو پانچ بار ہارٹ اٹیک ہوچکے ہیں، کئی بار وہ انجیوپلاسٹی کے مرحلے سے گزرے، چار بار ان کے بائی پاس آپریشن ہوئے جب کہ گذشتہ برس ان کے دل کی تبدیلی عمل میں آئی۔ n

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں