آسٹریلیا میں ٹیسٹ فتوحات پاکستان سے روٹھی رہیں

آخری میچ جیتے24برس بیت گئے،سیریزفتح کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا


Sports Reporter/Abbas Raza November 21, 2019
آخری میچ جیتے24برس بیت گئے،سیریزفتح کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا میں ٹیسٹ فتوحات پاکستان سے روٹھی رہیں، آخری میچ جیتے24برس بیت گئے سیریز جیتنے کا خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔

باہمی ٹیسٹ مقابلوں کے ریکارڈز آسٹریلیا کی برتری کی کہانی سنا رہے ہیں، مجموعی طور پر دونوں ملکوں کے مابین64میں سے کینگروز نے 31 میچز میں کامیابی حاصل کی، گرین کیپس نے 15میں فتح پائی، 18ڈرا ہوئے، دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 24سیریز کھیلی گئی ہیں،ان میں سے آسٹریلیا نے 12اورگرین کیپس نے 7میں برتری ثابت کی،5برابر رہیں۔

پاکستان کا آسٹریلیا میں ریکارڈ اچھا نہیں رہا،مجموعی طور پر 35میچز میں سے 24فتوحات کینگروز کے ہاتھ آئیں، پاکستان نے صرف 4میچز جیتے،7ڈرا ہوئے، مہمان ٹیم کی آخری فتح 1995میں تھی،دونوں ملکوں کے مابین آسٹریلیا میں 12سیریز کھیلی گئی ہیں۔ میزبان ٹیم 9میں سرخرو ہوئی، 3 ڈرا ہوئیں،گرین کیپس کا سیریز جیتنے کا خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا۔

برسبین میں ہونے والے گذشتہ ٹاکرے میں مہمان ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں سخت مقابلے کے بعد صرف 39رنز سے ناکام ہوئی،آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ اور پیٹر ہینڈزکومب کی سنچریوں سے تقویت پاکر429 رنز بنائے، محمد عامر اور وہاب ریاض نے 4،4 اور یاسر شاہ نے 2وکٹیں حاصل کیں،پاکستان ٹیم 142پر ڈھیر ہوئی، سرفراز احمد نے ففٹی بنائی، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور جیکسن برڈ نے 3،3شکار کیے۔

آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کے 74رنز کی بدولت 5 وکٹ پر 202رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، پاکستان دوسری اننگز میں غیر معمولی بیٹنگ کرتے ہوئے 450 جوڑنے میں کامیاب ہوگیا،اسد شفیق137، اظہر علی71، یونس خان 65اور محمد عامر 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،مچل اسٹارک4، جیکسن برڈ3اور ناتھن لیون 2وکٹیں لے اڑے تھے،گرین کیپس نے کینگروز کیخلاف آخری فتح گذشتہ سال ابوظبی ٹیسٹ میں 373رنز سے حاصل کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں