خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

درخت کی چھال
(خدا بخش،لاہور)

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور باہر لکڑیاں اکٹھی کرنے گیا ہوں۔ پھر میں کیکر کے درخت سے کچھ لکڑیاں اکٹھی کرتا ہوں، مگر وہ کیکر کی لکڑی نہیں ہوتی بلکہ چھال ہوتی ہے۔ میں اس درخت سے وہ چھال توڑتا ہوں اور اپنے کپڑے میں باندھ لیتا ہوں ، پھر آگے کی طرف چلتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی کوئی گمشدہ چیز مل جائے گی۔ اگر کسی کو رقم دی ہے تو روپیہ پیسہ بھی آپ کو جلد مل جائے گا ۔کاروبار میں برکت اور وسائل میں اضافہ ہو گا ۔ اللہ تعالی مفلسی دور فرمائیں گے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ خیرات کیا کریں ۔

بیل ٹکر مارتا ہے
(فیضان منصور، لاہور)

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں کھڑا ہوں اور وہاں ساتھ والے کھیت میں بہت سے بیل ہیں جو جانے کہاں سے آئے ہیں اور سارے کھیت میں لگی سبزی روندتے جا رہے ہیں۔ میرے ساتھ میرے دو مددگار بھی ہوتے ہیں جو مجھے بھاگنے کا کہتے ہیں مگر اسی وقت ان میں سے ایک بیل آ کے مجھے زوردار ٹکر مارتا ہے۔ اس کا سینگ مجھے بہت زور سے لگتا ہے۔ میں زمین پہ گر جاتا ہوں ۔ میرا ملازم آ کر اس بیل کو مارتا ہے۔ میں پھر اٹھ کے کھڑا ہو جاتا ہوں۔ اور میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی آپ کو پریشانی یا غم لاحق آ سکتا ہے۔گھر میں کوئی بیماری یا اولاد کی طرف سے کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بے وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو صدقہ خیرات کریں۔

باغ میں سیب کھانا
(مدیحہ خان، اسلام آباد)

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی سہیلی کی منگنی پہ آئی ہوں اور اپنے کالج کی باقی دوستوں کے ساتھ مل کے اس کے باغ میں چہل قدمی کر رہی ہوں۔ ان کا گھر بہت بڑا ہے تو باغ بھی کافی بڑا ہے جس میں ہر طرف پھل دار درخت لگے ہیں ۔ میں پھل کو دیکھ کہ خوش ہوتی ہوں اور باقی سہیلیوں کے ساتھ مل کے سیب کے درخت کو ایک ڈنڈے کی مدد سے ہلاتی ہوں جس سے بہت سے سیب گر جاتے ہیں۔ میں اور باقی کی سہیلیاں سیب اٹھا کر کھانا شروع کر دیتی ہیں جو کہ بہت لذیذ ہوتے ہیں، میں کھاتے ہوئے یہی سوچ رہی ہوں کہ باقی کے مزید توڑ کر گھر لے جاوں گی۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کے رزق میں برکت ہو گی۔ اللہ تعالی کی طرف سے عزت و برکت میں اضافہ ہو گا مگر آپ کا ذھن دنیا داری کی طرف زیادہ رہے گا اور مال و دولت جمع کرنے کا شوق رہے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ سیرت کی کتب کا مطالعہ کیا کریں اور کوشش کریں کہ اس پہ تفکر کیا جائے ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

اپنی تصویر دیکھنا
(رخسانہ نواب، سرگودھا)

خواب : یہ خواب میری خالہ نے دیکھا ہے اور وہ کہتی ہیں کہ میں اپنے کمرے میں موجود اپنی سنگھار میز کے پاس کھڑی ہوں اور ادھر پڑی اپنی فریم شدہ تصویر کو دیکھتی جا رہی ہوں اور دیکھتے ہوئے میں سوچ رہی ہوں کہ آج مجھے بہت کام ہیں اور اس کے باوجود آرام سے کھڑی اپنی تصویر کو دیکھتی جا رہی ہوں اسی کو دیکھتے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے اور عزت و وقار اور رزق میں اضافے کو ظاپر کرتا ھے۔ اللہ تعالی کی طرف سے سکون کی نعمت عطا ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا عزیز کا ورد کیا کریں ۔

بانسری بجانا
(سکندر بلال، لاہور)

خواب : چند روز پہلے ایک عجیب سا خواب دیکھا کہ میں کہیں گیا ہوا ہوں کوئی پہاڑی علاقہ ہے اور ادھر میرے ساتھ میرے دوست بھی ہیں۔ ہم سب کسی دریا کے کنارے بیٹھے ہیں اوروہاں کوئی مقامی آدمی بانسری بجا رہا ہے جس کو سن کر ہم بہت خوش ہوتے ہیں۔ میں اس سے کہتا ہوں کہ میں بھی بجاوں گا ۔ پھر دیکھتا ہوں کہ میں ایک پتھر کے اوپر بیٹھا ہوں اور بانسری بجانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ اس میں سے بہت ہی سریلی آوازیں آتی ہیں اور میں خود بھی بے خود ہو کر سنتا رہتا ہوں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی اندیشہ یا پریشانی آپ کے ذھن پہ سوار رہے گی جس کو لے کر آپ پریشان رہیں گے۔ اس کا تعلق کاروباری معاملات سے بھی ہو سکتا ہے اور تعلیمی بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ آپ کے لئے دعا کروا دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |