وزیر اعظم کی ہدایت پر مریم نواز کو والد کے پاس منتقل کرنے کی اجازت

جتنا بھی ہوسکے مریم کو اپنے والد کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیا جائے، وزیر اعظم عمران خان


جتنا بھی ہوسکے مریم کو اپنے والد کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیا جائے، وزیر اعظم عمران خان (فوٹو: فائل)

ISLAMABAD: وزیر اعظم کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے ناسازی طبعیت کی شکار مریم نواز کو والد نواز شریف کے پاس اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے امکان ہے انہیں نواز شریف کے سامنے والا کمرہ دیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے دوران مریم نواز کی طبیعت خراب ہوگئی تھی اور انہیں علاج کی ضرورت پڑگئی ہے اب انہیں والد کے ساتھ ہی زیر علاج رکھا جائے گا جہاں وہ والد کے ساتھ وقت گزار سکیں گی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی ہے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جتنا بھی ہوسکا انہیں اپنے والد کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیا جائے۔

چوہدری سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اعلی حکام کی جانب سے مریم نواز کو اپنے والد سے ملنے اور ان کے پاس رہنے کی اجازت دینے کے حوالے سے مشاورت مکمل کرکے انہیں اجازت دے دی گئی ہے۔

یہ پڑھیں: والد سے ملاقات کے دوران مریم نواز کی طبیعت خراب، اسپتال داخل

گورنر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے میری نواز شریف کی صحت سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، وزیراعظم نے مجھے اور پنجاب حکومت کو نواز شریف کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ مریم نواز کو ہسپتال میں نواز شریف سے ملاقات کی اجازت ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ قانون کے دائرے میں رہ کر جتنا وقت مریم نواز کو نواز شریف سے ملنے کے لیے دیا جاسکتا ہے وہ دیا جائے، ہماری نیک خواہشات نواز شریف کے ساتھ ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالی انہیں جلد صحت یاب کرے، کوٹ لکھپت انتظامیہ کو مریم نواز کی اجازت ملنے کے بارے میں بتا دیا گیا ہے، جیل حکام کی جانب سے کسی بھی وقت انہیں میاں نواز شریف سے ملنے کے لیے لایا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی اجازت کے بعد مریم نواز کی والد سے ملاقات

ہسپتال ذرائع کے مطابق مریم نواز کو والد کے وارڈ میں ہی کمرہ دیا جائے گا، مریم نواز کو نواز شریف کے سامنے والا کمرہ دیا جا سکتا ہے۔ مریم نواز کی متوقع آمد کے حوالے سے سروسز ہسپتال کی سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے اور اینٹی رائٹ فورس کی مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔