نابیناؤں کے لیے اسٹیج ڈراما

ماہرین بینائی سے محروم افراد کو ڈرامے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے جاتے ہیں۔


ع۔ر October 12, 2013
ڈرامہ اٹھارہویں صدی کے عظیم روسی شاعر الیکساندر پوْشکیِن کی زندگی پر مبنی ہے۔ فوٹو : فائل

ماسکو کے ایک تھیئٹر میں ایک غیرمعمولی ڈراما اسٹیج کیا گیا ہے۔

یہ ڈرامہ اٹھارہویں صدی کے عظیم روسی شاعر الیکساندر پوْشکیِن کی زندگی پر مبنی ہے۔ ڈراما اس لیے غیرمعمولی ہے کہ اس میں صحت مند ناظرین کے علاوہ بینائی سے محروم لوگ بھی موجود ہوتے ہیں۔ انھیں ہیڈ فونز دیے جاتے ہیں اور ڈرامے کے دوران بتایا جاتا ہے کہ اسٹیج پر کیا ہو رہا ہے۔

کئی ممالک کے تھیٹروں میں نابینا افراد کو ایسی خدمت فراہم کی جاتی ہے۔ یہ بات بہت اہم ہے کہ ان کے لیے خصوصی ڈرامے تیار نہیں کیے جاتے بلکہ وہ عام لوگوں کے ساتھ تھیٹر جاتے ہیں، اس لیے وہ خود کو معاشرے سے تنہا محسوس نہیں کرتے۔ خصوصی اہل کار نابینا افراد کے لیے اسٹیج پر جاری ڈرامے کے واقعات کی وضاحت کرتے ہیں جیسے فٹ بال میچوں میں وضاحت کی جاتی ہے۔ تاہم فٹ بال میچ کی نسبت تھیٹر ڈرامے کی زیادہ تفصیلی وضاحت کی جاتی ہے۔ فلم کی بات ہو تو وضاحت ایک بار رکارڈ کر کے کئی مرتبہ سنائی جا سکتی ہے لیکن تھیٹر میں ایسا نہیں ہو سکتا، ہر مرتبہ نئے سرے سے معلومات دی جانی ہوتی ہیںکیوں کہ ہر بار اداکاروں کے انداز میں کچھ تبدیلی تو آتی ہی ہے۔



روس میں تھیٹر کے ڈراموں کی ایسی وضاحت کرنے والے زیادہ ماہرین نہیں ہیں، ان کی تعداد صرف بیس ہے۔ ان میں سے پانچ افراد ماسکو کے اسی تھیٹر میں کام کرتے ہیں جہاں ''پوشکین'' نامی نیا ڈراما پیش کیا گیا ہے۔ ان وضاحت کاروں کا کام بہت مشکل ہے۔ ایک ہی ڈرامے کے لیے وضاحت تیار کیے جانے میں کئی ماہ لگے کیوںکہ تمام تفصیلات پر توجہ دی جانی تھی۔ چاہے یہ تفصیلات کم اہم ہی کیوں نہ لگیں۔ اداکاروں کی تمام حرکات کا تذکرہ اور وضاحت بھی کی جانی تھی۔

دراصل یہ ڈرامہ نیا نہیں ہے، اس کا پریمیئر کئی سال پہلے ہوا تھا لیکن نابینا افراد کو کچھ ہی عرصہ پہلے اس ڈرامے سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا ہے۔ روسی وزارت ثقافت کے معائنہ کاروں اور صحافیوں نے ہیڈ فونز لگا کر معلوم کرنے کی کوشش کی کہ نابینا افراد ڈرامے کی وضاحت سن کر کیا سمجھیں گے اور کیا محسوس کریں گے۔ بہت جلد اس تھیٹر میں دیگر ڈراموں کے لیے بھی ایسی وضاحتیں تیار کر لی جائیں گی تاکہ بینائی سے محروم لوگوں کی زندگی کو نیا رنگ دیا جا سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں