قائد اعظم ٹرافی دوسرے راؤنڈ میں ٹیمیں اسٹار کرکٹرز سے محروم

سری لنکا سے سیریز کی مصروفیات کے سبب 5کپتان سرفرازاحمد، بابراعظم، حارث، عماد وسیم اور رضوان ایکشن میں نہیں ہونگے


اسپورٹس رپورٹرز September 21, 2019
صرف شان مسعود کمان سنبھالنے کیلیے دستیاب،کوئٹہ میں11 سال بعد فرسٹ کلاس میچ،بلوچستان اور سدرن پنجاب کا سامنا فوٹو: فائل

GENEVA: قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کا آغاز ہفتے کو ہوگا جب کہ ٹیمیں بیشتر اسٹار کرکٹرز سے محروم ہو گئی ہیں۔

قائداعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کے میچز ہفتے کو شروع ہوں گے،کوئٹہ میں11 سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، بگٹی اسٹیڈیم میں میزبان بلوچستان ٹیم سدرن پنجاب کیخلاف ایکشن میں ہوگی،قائد اعظم ٹرافی کوئٹہ پہنچ چکی، شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا،مجموعی طور پر رواں سیزن کے 4 میچز کوئٹہ میں شیڈول ہیں۔

یاد رہے کہ پہلے راؤنڈ کے اختتام پر سدرن پنجاب 11پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ بلوچستان7 پوائنٹس دوسرے نمبر پر ہے،سری لنکا کیخلاف سیریز کی تیاریوں میں مصروف کپتان حارث سہیل کی عدم موجودگی میں بلوچستان کی قیادت عمران فرحت کریں گے، امام الحق کا متبادل بھی منتخب کرنا ہوگا۔

تبدیل نہ ہونے والے واحد کپتان شان مسعود کی قیادت میں سدرن پنجاب پُرامید ہے کہ سینٹرل پنجاب کیخلاف ناقابل شکست ڈبل سنچری بنانے والے اوپنر سمیع اسلم کوئٹہ میں بھی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ دوسرا میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں شروع ہوگا۔

پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر براجمان سندھ کرکٹ ٹیم ٹاپ پر موجود خیبرپختوانخوا کی میزبان ہوگی، قومی مصروفیات کی وجہ سے عدم دستیاب سرفراز احمد کی جگہ قیادت اسد شفیق کے سپرد ہوگی،خیبرپختوانخوا کے کپتان محمد رضوان کا خلا صاحبزادہ فرحان پُر کریں گے۔

11پوائنٹس کی حامل ٹیم سینٹرل پنجاب کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن ٹیم(8 پوائنٹس) کا میزبان بننا ہے، نیشنل ڈیوٹی پر مصروف بابر اعظم کی عدم موجودگی میں سینٹرل پنجاب کی قیادت اظہر علی کریں گے، احمد شہزاد، حسن علی، فہیم اشرف اور عمر اکمل کے متبادل کا انتخاب سیکنڈ الیونزسے کیا جائیگا۔

ناردرن ٹیم کے کپتان عماد وسیم بھی سری لنکا کیخلاف سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ان کی جگہ قیادت عمر امین کریں گے،ٹیم کو شاداب خان اور عثمان خان شنواری کے متبادل بھی منتخب کرنا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔