حکومت کے100دن لوڈ شیڈنگ میں کمی مہنگائی بڑھ گئی اے پی سی اہم پیشرفت

پاورکمپنیوں کو500ارب ادا،آزادکشمیرحکومت کیخلاف تحریک عدم اعتمادکی کوشش ناکام، ڈرون حملے جاری رہے


شبیر حسین September 13, 2013
پاورکمپنیوں کو500ارب ادا،آزادکشمیرحکومت کیخلاف تحریک عدم اعتمادکی کوشش ناکام، ڈرون حملے جاری رہے. فوٹو: وکی پیڈیا

ملک کودرپیش توانائی کے بحران،دہشت گردی،غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کاخاتمہ، امن کا قیام، افراط زرمیں کمی، معیشت کی مضبوطی، ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات اورآزادانہ خارجہ پالیسی کے قیام کا نعرہ لگاکر عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنیوالی ن لیگ کی حکومت کے ابتدائی 100 دن مکمل ہوگئے ہیں جن میں چندحکومتی اقدامات انتہائی اہم ہیں تاہم مہنگائی کے طوفان سے عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔

حکومت نے پہلے 100 دنوں کے اندردہشت گردی اور سلامتی کے معاملات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی تشکیل دی، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے راستے پر چلنے والوں کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اپنانے کیلیے آل پارٹیزکانفرنس (اے پی سی )کا کامیاب انعقادکیاجو ایک اہم پیشرفت ہے، پہلی بار ملک کی عسکری اور سیاسی قائدین انتہاپسندوں کے ساتھ مذاکرات کے فیصلے پر متفق نظر آئے، حکومت نے 100 دنوںمیں ملک کو درپیش توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کو500 ارب روپے کازیر گردش قرضہ ادا کردیا۔



جس سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کافی کمی آئی ہے ،حکومت نے آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹائے جانے کی کوشش بھی ناکام بنادی،کراچی میں جاری بدامنی کے خاتمے کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے ٹارگٹڈ آپریشن، نیکٹا کی تنظیم نو اور کوئیک رسپانس فورس بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ حکومت کی جانب سے امن کے قیام کیلیے کیے گئے اقدامات بے اثر نظرآئے، ڈرون حملے اب بھی جاری ہیں۔

لائن آف کنٹرول پر دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہیں، پی آئی اے، پاکستان ریلوے اور اسٹیل ملز سمیت دیگر تباہ شدہ اداروں کے انتظامی معاملات میں بھی کوئی بہتری نہیں آئی،آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات دلانے کے وعدوں کے برعکس حکومت نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تسلیم کرکے جی ایس ٹی میں اضافہ کیا، نئی حکومت کے آنے کے بعد پٹرول 99 روپے 77 پیسے سے بڑھ کر 109روپے 14پیسے تک پہنچ گیا ہے، سی این جی 73 روپے سے 84 روپے، ڈالرکی قیمت 98روپے سے 105روپے، بجلی 5 روپے یونٹ سے بڑھ کر 12روپے فی یونٹ ہو گئی ہے، موبائل ری چارج پر ٹیکس 17 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں