اب تو سانسوں پر بھی ٹیکس لگ گیا ہے

خان جی! آپ نے تو سانسوں پر بھی ٹیکس لگا کر ہمیں نظام تنفس کی قدر سکھا دی


راضیہ سید June 24, 2019
الرجی کی نہ تو دوائیاں سستی ہیں نہ ہی اسپریز اور نہ ہی ای این ٹی ڈاکٹرز کی فیسیں کم ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

بھلا ہو ہم وفاق میں رہنے والوں اور ہمارے سابق صدر ایوب خان کا، جنہوں نے اسلام آباد کو پلاننگ کے تحت دارالحکومت بنانے کا سوچ ہی لیا تھا تو اے کاش یہاں لگائے جانے والے درختوں کے بارے میں بھی کچھ غور و فکر کرلیا جاتا تاکہ عوام الناس کی منفعت کےلیے کچھ ہوجاتا۔ اب حال یہ ہے کہ ساٹھ کی دہائی میں لگائے جانے والے یہ ننھے ننھے پودے تناور درختوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ اب یہ ہماری ہمت ہے کہ ہم ایسے الرجی زدہ علاقے میں رہ رہے ہیں اور جی رہے ہیں۔

اسلام آباد میں لگائے گئے جنگلی شہتوت کے یہ درخت ایک امتحان سے کم نہیں۔ یہ پولن الرجی کے پھیلاؤ کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ ان درختوں کی وجہ سے نہ صرف پولن الرجی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عمومی الرجی بھی بڑھتی ہے۔ اسلام آباد میں تو الرجی کے موسم میں سرکاری اسپتالوں میں ایک ہفتے کے دوران اوسطاً ساڑھے پانچ ہزار افراد علاج کی غرض سے لائے جاتے ہیں جن میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً تین ہزار بچے بھی ہوتے ہیں۔

یہ ساری تمہید باندھنے کی ضرورت اس لیے پیش آئی ہے کہ ہم خود متاثرین الرجی میں شامل ہیں اور وہ بھی صرف پولن نہیں بلکہ عمومی سالانہ الرجی میں۔ برسات ہو یا خزاں، سورج آگ برسا رہا ہو یا کوئی سنہری شام ہو، ہمیں کہیں بھی جانے اور اپنی لپ اسٹک سے کہیں زیادہ اپنے الرجی کے اسپرے کا خیال رہتا ہے۔ نہ صرف دوائیاں کھانی پڑتی ہیں بلکہ اس طرح ناک میں اسپرے کرنا پڑتا ہے کہ گویا کسان فصلوں پر جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کررہے ہوں۔

اسپرے سے یاد آیا کہ پنجاب میں فصلوں پر جراثیم کش ادویہ سے بھی الرجی بڑھتی ہے اسی طرح شہروں فضائی آلودگی، پالتو جانوروں کے بالوں، گھروں میں بچھائے جانے والے قالینوں کے ذرات اور گرد و غبار سے بھی الرجی ہوتی ہے۔ اسی طرح سگریٹ پینے والے کو نقصان ہو نہ ہو لیکن سانس کا مریض تو مرنے ہی لگتا ہے۔ کبھی ناک بند ہو جاتی ہے تو کبھی دم گھٹنے لگتا ہے۔ بعض مریضوں کو کھانسی کا دورہ پڑتا ہے تو کبھی آنکھوں اور ناک سے پانی بہنے لگتا ہے۔ یعنی سانس کے مریضوں کی اتنی بری حالت ہوتی ہے کہ ناقابل بیان ہو جاتی ہے۔

مزے کی بات یہ ہے کہ الرجی کا کوئی مستقل کوئی علاج نہیں، اتنا تو آپ کا جیون ساتھی آپ کا ساتھ نہیں نباہتا جتنا الرجی وفا کرتی ہے۔ الرجی کے فوائد بھی کچھ کم نہیں۔ نزلہ زکام کی وجہ سے ٹشو پیپر بنانے والی کمپنیوں کا کاروبار چلتا ہے۔ کسی فنکشن پر جانا ہو تو آسانی سے روتی ہوئی آنکھوں اور سوجی ہوئی سرخ ناک سے بہانہ بنانے میں آسانی ہوتی ہے اس لیے ناپسندیدہ دعوتوں سے نجات مل جاتی ہے۔

ڈاکٹر صاحبان پولن الرجی سے تو خوش ہی ہوتے ہیں لیکن عمومی الرجی کے مریض تو ان کےلیے ایسی مرغی ہوتے ہیں جو روز سونے کا انڈا دیتی ہے۔ ان کی خوشحالی میں بھی اضافہ ہوتا ہے کیونکہ قابل ذکر یہ ہے کہ الرجی کی نہ تو دوائیاں سستی ہیں نہ ہی اسپریز اور نہ ہی ای این ٹی ڈاکٹرز کی فیسیں کم ہیں۔

خیر! یہ سب تو اس دکھ بھری داستاں کی ایک کڑی ہے۔ جو ستم ہم پر بیتا اس کا آپ کو کیا علم؟ گزشتہ دنوں ہی ہماری الرجی کا اسپرے ختم ہوا۔ گھر پر اضافی بھی موجود نہ تھا۔ بڑی مشکل سے رات کاٹی، صبح ہوتے ہی کیمسٹ کی دکان پر جا پہنچے۔

جاتے ہی ان کے دانتوں کی نمائش دیکھنا نصیب ہوئی۔ جب انہوں نے اسپرے دیا تو اس کی قیمت تین سو کی جگہ تین سو ستر تھی۔ استفسار کیا تو وہ مسکراتے ہوئے بولے: ''میڈم وہ پچھلے ہفتے کی قیمت تھی۔ اب تو سمجھیں سانسوں پر بھی ستر روپے کا ٹیکس لگ گیا ہے۔ یہ نیا پاکستان جو ہے۔ لیکن میڈم ہے یہ زیادتی تنخواہ دار طبقے کے ساتھ۔ آپ خود سوچیے یہاں تو غربت کی جگہ غریب کا ہی خاتمہ ہو رہا ہے۔ زیادہ افسوس ہمیں اپنے کاروبار کے ختم ہونے کا ہوگا کیونکہ غریب ہی نہ رہے تو دوائیاں کون کھائے گا؟ اس لیے کہ امیر افراد تو باہر سے دوائیاں منگواتے ہیں۔''

مرتے کیا نہ کرتے، یہی سوچا کہ خان جی کے نئے پاکستان میں ہم جیسوں کی جگہ نہیں۔ صرف یہی کہہ سکتے ہیں کہ آپ نے تو سانسوں پر بھی ٹیکس لگا کر ہمیں نظام تنفس کی قدر سکھا دی۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |