واٹر بورڈ نے ریلوے کو پانی کی فراہمی بند کردی ٹرینوں کے مسافروں کو شدید مشکلات

ٹرینیں کراچی سے بغیر پانی کے اندرون ملک روانہ ہوتی رہیں، ریلوے کالونی کے مکینوں کودشواری کا سامنا کرنا پڑا


Muhammad Yaseen September 05, 2013
ریلوے تقریباً 18 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے، واٹر بورڈ حکام، رقم ایک دو روز میں جمع کرادی جائیگی، ریلوے فوٹو: فائل

واٹر بورڈ نے ریلوے کو پانی کی فراہمی بند کردی ، واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ ریلوے تقریباً 18 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے ۔

رقم جمع کرانے کی مہلت دی گئی تھی لیکن رقم جمع نہیں کرائی گئی، دوسری جانب ریلوے حکام نے کہا ہے کہ جلد ہی رقم جمع کرادی جائے گی ، پانی کی فراہمی بند ہونے کے باعث ریلوے کالونی کے مکینوں اور ٹرینوں کے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاہے، تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ نے گزشتہ روز پاکستان ریلوے کو پانی کی فراہمی بند کردی ، واٹر بورڈ حکام نے کراچی سٹی ، کینٹ ریلوے کالونی اور ریلوے اسٹیشنوں پر پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند کردی ، واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ ریلوے واٹر بورڈ کی 17 کروڑ 86 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے۔



اس ضمن میں منگل کی صبح ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ سے کہا گیا تھا کہ کم از کم موجودہ بل 2 کروڑ روپے ادا کردیے جائیں لیکن ریلوے حکام نے وہ رقم بھی جمع نہیں کرائی، بدھ کو حیدرآباد میں ٹرین حادثے کے باعث ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ حیدرآباد روانہ ہوگئے جس کی وجہ سے ریلوے کی جانب سے رقم جمع نہیں کرائی گئی، اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ڈویژنل انجینئر شوکت شیخ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہم ایک دو روز میں رقم جمع کرادیں گے جس کے بعد پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔

علاوہ ازیں ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے کالونیوں میں پانی کی فراہمی بند ہونے کے باعث مکینوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، مکین دور دراز علاقوں کھارادر ، برنس روڈ اور سلطان آباد سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہوگئے جبکہ مسجدوں میں نمازیوں کو وضو کرنے کے لیے بھی پانی نہیں مل سکا، ٹرینوں میں مسافر پریشان رہے اور ٹرینیں کراچی سے بغیر پانی کے اندرون ملک روانہ ہوتی رہیں،خواتین اور بچوں کو خصوصی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں