ناراض اولمپئنز کو منانے کی مہم میں تیزی آگئی

سیکریٹری پی ایچ ایف کی لاہورکے بعد کراچی میں بھی اہم ملاقاتیں


سیکریٹری پی ایچ ایف کی لاہورکے بعد کراچی میں بھی اہم ملاقاتیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ناراض اولمپئنزکومنانے کی مہم میں تیزی آگئی جب کہ سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے لاہورکے بعد کراچی میں بھی سابق نامور کھلاڑیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

پاکستان اولمپئنز فورم کے ایگزیکٹیوممبر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین نے کہا کہ سندھ بھر میں قومی کھیل کی ترقی اور ترویج کے لیے دن رات کوشاں ہیں، کے ایچ اے کے پلیٹ فارم سے نوجوان ٹیلنٹ کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلیے انتھک محنت کررہے ہیں، اس سے قبل آصف باجوہ نے لاس اینجلس 1984 کی فاتح ٹیم کے کپتان اور پاکستان اولمپئنز فورم کے سربراہ منظور جونیئراوراولمپئن خواجہ جنید سے لاہور میں بھی ملاقات کی تھی۔

میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان اولمپئنز فورم کا مذاکراتی وفد منظور جونیئر کی سربراہی میں فیڈریشن کی جانب سے دی گئی سنجیدہ دعوت پرغوروخوض اور لائحہ عمل طے کرے گا، اس سلسلہ میں پاکستان اولمپئنزفورم کے سربراہ منظور جونیئر جلد مذاکراتی وفد کا اعلان کرینگے۔

یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جناب سے قومی کھیل کی بہتری کے لیے تمام ناراض دھڑوں اور متوازی تنظیموں کوسنجیدگی سے مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے،اس سلسلے میں سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے عملی اقدامات کرتے ہوئے سابق اولمپئنز سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ادھر ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی کھیل کی بہتری کے لیے تمام ناراض دھڑوں کو یکجا کرنے اور بہتر حکمت عملی کے ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے سلسلہ میں سنجیدہ مذاکراتی عمل کو شائقین ہاکی نے پسندیدہ اقدام قرار دیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔