ٹائیفائیڈ ویکسین قومی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل

ویکسین لگانے کا کام اکتوبر سے شروع ہوگا،9 ماہ سے15سال تک کے بچوں کولگائی جائیگی۔


Tufail Ahmed May 18, 2019
ویکسی نیٹروں کوٹیکے لگانے کی تربیت دی جائیگی،ویکسین کی ڈوزایک ہی ہوگی،ای پی آئی منیجر۔فوٹو: فائل

پاکستان میں پہلی بار بچوں کوٹائیفائیڈکے جراثیم سے محفوظ رکھنے کیلیے ٹائیفائیڈ کی حفاظتی ویکسین کو بچوں کے قومی پروگرام ای پی آئی میں شامل کرلیا گیا، بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں10 بیماریوں سے بچاؤکی حفاظتی ویکسین شامل ہوگئی۔

وفاقی حکومت نے پہلی بار ٹائیفائیڈ سے بچاؤکی حفاظتی ویکسین کوبچوں کے قومی حفاظتی پروگرام ای پی آئی میں شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے جو رواں سال اکتوبر تک ای پی آئی پروگرام میں شامل کرلی جائے گی، نئی حفاظتی ویکسین 9 ماہ کے بچوںکوٹائیفائیڈ سے بچاؤکے لیے انجکشن کے ذریعے لگائی جائے گی یہ ویکسین لگانے سے بچہ زیادہ عرصے ٹائیفائیڈ کے جراثیم سے محفوظ ہوسکے گا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹائیفائیڈکی وبا نے ماہرین طب اور دوا ساز اداروں کو پریشان کررکھا ہے، ٹائیفائیڈکے جراثیم کے مزاحمت اختیار کرنے پر ویکسین کے موثر نتائج برآمد نہیں ہورہے تھے جس پر حکومت نے نئی حفاظتی ویکسین کیلیے عالمی اداروں سے رابطہ کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ موجودہ دستیاب ویکسین کی افادیت کم ہونے اور ٹائیفائیڈکے جراثیم طاقتور ہونے کی وجہ سے بچوں کے لیے ٹائیفائیڈکی نئی حفاظتی ویکسین کو بچوں کے قومی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام ای پی آئی میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ٹائیفائیڈکی نئی ویکسین کا نامCongugate ہے جو عالمی اداروں کی مدد سے منگوائی جائے گی، نئی حفاظتی ویکسین 9 ماہ سے زائد عمرکے بچوں کو لگائی جاسکے گی۔

ای پی آئی کے صوبائی منیجر ڈاکٹر ظہور بلوچ نے بتایا کہ ٹائیفایڈ کی نئی ویکسین کو پہلی بار بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں اکتوبرتک شامل کرلیا جائیگا اس سے قبل ویکسین لگانے کیلیے ویکسی نیٹروں کو بچوں کو ٹیکے لگانے کیلیے تربیتی دی جائے گی، عید کے بعد ویکسی نیٹروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی تربیت شروع کی جائیگی ، ٹائیفائیڈ ویکسین کی ڈوز ایک ہی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔