کرکٹ اور بریانی

بریانی کی پکائی اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ کا دورانیہ یکساں ہوتا ہے۔


Muhammad Usman Jami April 21, 2019
بریانی کی پکائی اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ کا دورانیہ یکساں ہوتا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کی اب بھی بریانی سے تواضع کی جارہی ہے، قومی ٹیم بریانی کھا کر ورلڈکپ میں مدمقابل چیمپیٔن ٹیم کو شکست نہیں دے سکتی۔

یہ کیا بات ہوئی، بریانی ہمارا قومی کھانا ہے، اب قومی ٹیم قومی کھانا نہ کھائے تو کیا کھائے۔ وسیم اکرم صاحب عجیب پاکستانی ہیں۔ وہ یہ حقیقت نہیں جان سکے کہ کوئی پاکستانی نادانی، فحاشی وعریانی، بدزبانی، غلط بیانی، آناکانی سب سے بچ سکتا ہے، لیکن اُس کے لیے بریانی سے بچنا ممکن نہیں۔ بریانی وہ ناگہانی ہے جو کچھ کر لو ہوکے رہتی ہے۔

شادی ہو یا منگنی ہو، رسم قُل ہو یا سیاسی جلسہ، کسی بزرگ کا عرس ہو یا کسی کے ننھے کی مسلمانی، ہمارے دیس میں ہر تقریب ہے بہرِِبریانی، یعنی ہمارا ہاں ہر رسم اور تقریب بریانی پکانے اور کھلانے کے لیے ہی کی جاتی ہے۔ بریانی کھانے کا دل چاہا تو شادی کرلی، کھلانے کا شوق چَرایا تو وفات پاگئے۔ تعطیل کا عنوان بریانی، دعوت کا پکوان بریانی، پکنک کا سامان بریانی، جب بھی جمع ہو خاندان۔۔۔بریانی۔ بریانی کی اتنی فراوانی ہو تو اُس سے کیسے بچا جاسکتا ہے، اور کرکٹروں کو یہ کھانا اس لیے بھی مرغوب ہے کہ بریانی اور کرکٹ کی کہانی میں بڑی مماثلت ہے۔

کرکٹ کی طرح بریانی کا سمجھنا بھی بہت مشکل ہے۔ مثلاً ہم آج تک نہ سمجھ پائے کہ اس پکوان میں بہت سی ایسی اشیاء کیوں ڈالی جاتی ہیں جو کھاتے ہوئے نکالی جاتی ہیں۔ کرکٹ ٹیم میں بھی بریانی کے کچھ مسالوں کی طرح بعض کھلاڑی بلاوجہ ڈالے جاتے ہیں۔ کرکٹ پاکستانیوں کا پسندیدہ ترین کھیل ہے اور بریانی مرغوب ترین کھانا۔ بدترین کرکٹ دیکھنے اور بدترین بریانی کھانے کے باوجود ہم پاکستانی ان دونوں سے رغبت ترک نہیں کرپاتے۔

بریانی کی پکائی اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ کا دورانیہ یکساں ہوتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے سامنے اچھی ٹیم ہو اور بہو کا سامنا سُسرالیوں سے ہو تو میچ اور بریانی کا انجام یکساں ہوتا ہے۔ پکتی بریانی اور میدان میں اُترتی قومی ٹیم سے پاکستانی ایک سی امیدیں باندھ لیتے ہیں، جب پلیٹ اور نتیجہ سامنے آتا ہے تو منہ کا مزا اور دل خراب ہوجاتا ہے۔

وسیم اکرم صاحب! اب آپ ہی بتائیے ہمارے کرکٹروں کو بریانی کیوں نہ عزیز ہو، اور یہ انھیں کیسے نہ کھلائی جائے؟ جہاں تک تعلق ہے ورلڈکپ جیتنے کا تو بھیا تاریخ اور حالات بتاتے ہیں کہ ورلڈکپ جیتنا ہمیں راس نہیں آتا، بلکہ یہ کپ گلے پڑجاتا ہے۔ اس لیے ٹیم کو دل اور پیٹ بھر کے بریانی کھانے دیجیے، عین نوازش ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |